یسوع مسیح کا صلیب پر مرنا صلیب کو محبت کی علامت میں بدل دیتا ہے۔پوپ فرانسس

مورخہ 29مارچ2024کو پوپ فرانسس نے پاک جمعہ کے پیغام میں کہا کہ یسوع کا صلیبی سفر ہمدردی اور معافی کے گہرے اسباق سے پردہ اْٹھاتا ہے۔انہوں نے یسوع کے صلیبی راستے کے دْکھوں اور مصیبتوں پر دھیان وگیان کرتے ہوئے بتایا کہ کلوری کی راہ پر ظالموں کے ظلم کے سامنے یسوع کی خاموشی، رحم دلی اور معافی کو جنم دیتی ہے۔ یہ ایسی خاموشی ہے، جو دْنیاوی عیش وعشرت میں مصروف جدید انسانیت کے لیے اجنبی ہے۔
 یسوع اپنے کندھے پر صلیب اْٹھاکر مایوسی اور ناکامی کے بوجھ تلے دبے ہوئے انسانوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ اْس میں اپنی تسلی تلاش کریں۔اور اْس کی محبت کے وسیلہ گرِنے کے بعد اْٹھنے کے قابل بنیں۔
انہوں نے کہا کہ یسوع کا اپنی غمزدہ ماں سے ملنا، نا صرف یسوع کو اْس کی تکلیفوں میں حوصلہ دیتاہے بلکہ ماں کے صبر کی عظیم مثال ہے۔شمعون کرینی کا یسوع کو صلیب اْٹھالے جانے میں مدد کرنا دراصل ہمیں زندگی کے چیلنجوں کا مقابل کرنے کے قابل بناتا ہے۔ پوپ فرانسس نے کہا کہ سپاہیوں اور لوگوں کے ہجوم میں سے گزر کر بنا کسی ڈر اور خوف کے ویرونیکا کا یسوع کا منہ پونچھنا یقینا بہادری اور حقیقی ہمدردی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یروشیلم کی وہ عورتیں جو یسوع کے پیچھے روتی ہوئی چل پڑئیں تھیں۔ یسوع انھیں تسلی دیتا ہے ۔یسوع کے کپڑے اْتارے جانے کا مظہر ہمیں مصائب میں الوہیت کو دیکھنے کی دعوت دیتا ہے نیز سطحی باتوں کو چھوڑنے اور حقیقت کو جاننے کی تاکید کرتا ہے۔یسوع کا صلیب پر کیلوں سے جڑا جانا زندگی کے طوفانوں میں خدا کے سامنے غم کا اظہار کرنے کی قدر سکھاتا ہے۔پوپ فرانسس نے کہا صلیب پر یسوع کا مرنا صلیب کو محبت کی علامت میں بدل دیتا ہے۔اور مقدسہ مریم کا یسوع کی لاش کو گلے لگانا محبت کی طاقت، قبولیت اور ایمان کا اظہارہے۔
اپنے پیغام کے آخر میں پوپ فرانسس نے کہا کہ یسوع کے صلیبی سفر کا ہر مقام محبت کے باہمی تعلق پر روشنی ڈالتا ہے۔ آئیے ہم ہمیشہ یسوع کی صلیبی قربانی کو یاد رکھتے ہوئے ایمان میں مضبوط ہوں اور خدا کے وفادار رہیں۔