کہانت ایک ”مکمل تحفہ“ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم
مورخہ 5نومبر2025کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے پیرو کی ایک سیمنری کو، جہاں وہ بطور پروفیسر خدمات انجام دے چکے ہیں، ایک خط بھیجا جس میں انہوں نے کہانت کے اْمیدواروں کو تاکید کی کہ وہ ”وفاداری اور محبت“ کی مسلسل گواہی دیں۔
اپنے خط میں پوپ لیو نے زور دیا کہ سیمنری میں تعلیم حاصل کرنے والوں کا بنیادی مقصد ہمیشہ ایک ہی رہا ہے یعنی خداوند کے ساتھ رہنا، اُسے اپنے اندر تشکیل دینا، اُسے جاننا اور اُس سے محبت کرنا،تاکہ اُس کی مانند بن سکیں۔انہوں نے لکھا کہ کہانت ذاتی مسائل سے بھاگنے کا آسان راستہ نہیں ہے۔ نہ ہی یہ جذباتی، خاندانی یا معاشرتی مشکلات سے بچنے کی پناہ گاہ ہے۔ بلکہ پوری زندگی کے لئے مکمل تحفہ ہے۔پوپ لیو نے مزید خبردار کیا کہ کہانت کو محض اختیارات یا دفتری حیثیت کے طور پر دیکھنا غلط ہے۔ کیونکہ جو شخص کہانت کو معمولی یا خود غرض مقاصد کے لیے حاصل کرنے کی کوشش کرتا ہے، وہ اپنی بنیاد ہی غلط رکھتا اوراپنا گھر ریت پر بناتا ہے۔انہوں نے وضاحت کی کہ سیمنری کی زندگی دراصل باطنی اصلاح کا سفر ہے۔پوپ لیو چہاردہم نے طلبہ کو تاکید کی کہ وہ دْعا اور خدا کے کلام کے ذریعے یسوع مسیح کے ساتھ ذاتی رشتہ قائم کریں۔
اپنے پیغام کے اختتام پر پاپائے اعظم لیو نے کہا کہ کلیسیا کو ایسے راہنماؤں کی ضرورت ہے جو خود کو دوسروں کے لیے وقف کریں۔تنہا کارندے نہ بنیں بلکہ ایک ساتھ مل کر خدمت کرنے والے بنیں۔