نیا سال دریافت کا سفر ہے، تشدد نہیں امن نجات دیتا ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ یکم 2026کو پاپائے اعظم لیو چہاردہم نے مقدسہ مریم مادرِ خدا کی عیدکے موقع پر نئے سال کی پہلی پاک ماس خدا کے حضور گزرانی۔ انہوں نے مومنین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقدسہ مریم نے ہمیں خدا کا وہ چہرہ دکھایا ہے جودلوں کو نرم کر دینے والاہے۔
پوپ لیو نے اپنے وعظ کاآغاز عدد کی کتاب کی دْعا سے کیا جہاں لکھا ہے:
خداوند تمہیں برکت دے اور تمہاری حفاظت کرے۔
خداوند اپنا چہرہ تم پر روشن کرے اور تم پر مہربان ہو۔
خداوند اپنا چہرہ تم پر ظاہر کرے اور تمہیں سلامتی عطا فرمائے۔
پوپ لیونے کہا کہ یہ دْعا بنی اسرائیل کو اُس وقت دی گئی تھی جب وہ مصر کی غلامی سے نجات پا چکے تھے اور انہیں ایک”نئی زندگی“، ایک نئے مستقبل کی طرف کھلا ہوا راستہ عطا کیا گیا تھا۔
اسی تناظر میں انہوں نے وضاحت کی کہ آج کی عبادت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ہر دن خدا کی فراخ محبت، اُس کے رحم اور ہماری آزادانہ رضامندی کے باعث ایک نئی زندگی کا آغاز بن سکتا ہے۔
انہوں نے مومنین کو تلقین کی کہ آنے والے سال کو”ایک ایسے کھلے سفر کے طور پر دیکھیں جسے دریافت کیا جانا ہے“۔پوپ لیو نے کہا کہ مقدسہ مریم کی ہاں کے وسیلے خدا ہمارے درمیان، ایک  نوزائیدہ بچہ بن کر آیا۔خدا نے ایسا اس لیے کیا تاکہ ہمیں یہ سکھائے کہ دنیا تشدد سے نہیں بلکہ سمجھنے، معاف کرنے، آزاد کرنے اور ہر ایک کو قبول کرنے سے بچائی جاتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ مقدسہ مریم کی الٰہی مادریت میں دوبے ہتھیار حقیقتیں اکٹھی ہوتی ہیں: ایک خدا کی، جو اپنی الوہیت کے تمام امتیازات ترک کر کے انسان بننے پر آمادہ ہوتا ہے اور دوسری ایک انسان کی، جو مکمل اعتماد کے ساتھ خدا کی مرضی کو قبول کرتی ہے۔
پوپ لیو نے اپنے وعظ کا اختتام 2025 کے جوبلی سال پر غور کرتے ہوئے کیا، جو 6 جنوری کو اختتام پذیر ہوگا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے پیش رو پوپ مقدس جان پال دوم کے الفاظ دوہرائے، جو انہوں نے 2000 کی عظیم جوبلی کے اختتام پر کہے تھے:عظیم جوبلی نے ایمان والوں کو کتنے ہی غیر معمولی مواقع عطا کیے! معافی پانے اور معاف کرنے کے تجربے میں، شہداء کی یاد میں اور دنیا کے غریبوں کی پکار سننے میں۔۔ہم نے تاریخ میں خدا کی نجات بخش موجودگی کو دیکھا۔ گویا ہم نے اپنے جسم سے اُس محبت کو محسوس کیا جس نے زمین کے چہرے کو نیا کر دیا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail