نیا سال۔۔۔ نئے سفر،نئی اْمیداور نئے عزم کا آغاز
نیا سال انسان کی زندگی میں ایک نئے سفر، نئی اْمید اور نئے عزم کا پیغام لے کر آتا ہے۔ جیسے ہی پرانا سال اپنے صفحات سمیٹتا ہے، نیا سال ہمیں موقع دیتا ہے کہ ہم اپنی زندگی کا جائزہ لیں، اپنی کمزوریوں کو پہچانیں اور بہتر انسان بننے کا فیصلہ کریں۔ ایک مسیحی ہونے کے ناطے، نیا سال صرف کیلنڈر کی تبدیلی نہیں بلکہ روحانی تجدید اور خدا کے ساتھ اپنے رشتے کو مضبوط کرنے کا وقت ہے۔
مسیحی ایمان ہمیں سیکھاتا ہے کہ ہر نیا دن خدا کی عطا ہے۔ نیا سال ہمیں شکرگزاری کی یاد دہانی کراتا ہے کہ ہم گزرے ہوئے سال کی نعمتوں پر خدا کا شکر ادا کریں، چاہے وہ خوشیاں ہوں یا آزمائشیں، کیونکہ ہر تجربہ ہمیں روحانی طور پر مضبوط بناتا اور خدا کے قریب کرتا ہے۔ شکرگزاری دل میں اطمینان اور عاجزی پیدا کرتی ہے، جو ایک مسیحی زندگی کی بنیاد ہے۔
نئے سال کے آغاز پر ہمیں محبت اور معافی کو اپنی زندگی کا حصہ بنانے کا عہد کرنا چاہیے۔ کیونکہ ہمارے نجات دہندہ نے بھی ہمیں ایک دوسرے سے بے لوث محبت رکھنے اور دشمنوں کو معاف کرنے کی تعلیم دی۔ نیا سال اس بات کا بہترین موقع ہے کہ ہم دلوں میں موجود کدورتیں ختم کریں، رشتوں کو بحال کریں اور امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔ کیونکہ معافی نہ صرف دوسروں کو بلکہ خود ہمیں بھی اندرونی سکون عطا کرتی ہے۔
اسی طرح خدمتِ خلق بھی مسیحی اقدار کا ایک اہم پہلو ہے۔ نیا سال ہمیں ترغیب دیتا ہے کہ ہم دوسروں کی ضروریات کا احساس کریں، غریبوں، بیماروں اور تنہا لوگوں کے ساتھ ہمدردی کا رویہ اپنائیں۔ہمارے چھوٹے چھوٹے نیک اعمال، ایک مسکراہٹ، ایک دْعا یا کسی کی مدد، خدا کی محبت کو دنیا میں ظاہر کرنے کا ذریعہ بن سکتے ہیں۔
نیا سال ہمیں دْعا اور کلامِ مقدس سے وابستگی بڑھانے کی دعوت دیتا ہے۔ دْعا کے ذریعے ہم خدا کی رہنمائی حاصل کرتے اور اپنی زندگی کے فیصلے اس کی مرضی کے مطابق کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ جب ہم اپنے منصوبوں کوخدا کے سپرد کرتے ہیں تو ہمارے راستے واضح اور مضبوط ہو جاتے ہیں۔
نیا سال اْمید کا پیغام ہے۔ ایک مسیحی کے لیے اْمید صرف مستقبل کے بہتر دنوں کی خواہش نہیں بلکہ خدا پر مکمل بھروسہ ہے۔ چاہے حالات جیسے بھی ہوں، ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ خدا ہمارے ساتھ ہے اور ہمیں ایک بامقصد زندگی کی طرف لے جا رہا ہے۔
آئیے، اس نئے سال کے آغاز پر ہم مسیحی اقدار یعنی محبت، معافی، خدمت، شکرگزاری اور اْمیدکو اپنائیں اور اپنی زندگیوں کے ذریعے دنیا میں مسیح کی روشنی کو پھیلائیں۔ یہی نئے سال کا اصل پیغام اور حقیقی جشن ہے۔دْعا ہے یہ نیا سال ہم سبھی کی زندگیوں میں خوشحالی،محبت،سکون،امن اور کامیابیوں کے پھول کھلائے۔آمین
آپ سبھی کو نئے کی خوشیاں بہت بہت مبارک ہوں!