بپتسمہ زندگی کے حقیقی معنی سیکھاتا ہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم

مورخہ 11جنوری 2026کو پاپائے اعظم لیو چہار دہم نے سسٹین چیپل میں ویٹیکن کے ملازمین کے 20 بچوں کوبپتسمہ دیا۔ یہ ایک 45 سالہ روایت ہے، جس کا آغاز 1981ء میں پوپ جان پال دوم نے کیا تھا اور ہر سال یسوع مسیح کی بپتسمہ کی عید کے موقع پر منعقد کی جاتی ہے۔
پوپ لیونے اپنے وعظ میں بیان کیا کہ خدا نے دنیا میں آ کر ہم سے ملاقات کی تاکہ ہمیں اپنے نجات دہندہ یسوع مسیح سے روشناس کرائے۔ یسوع نے خود انسانی زندگی کے تمام پہلو اختیار کیے تاکہ دْکھ اور گناہ کے درمیان بھی ہمارے قریب ہو، اور ہمیں نیک زندگی اور معافی کا راستہ دکھائے۔
انہوں نے کہا کہ یسوع کا مقدس یوحنا اصطباغی سے بپتسمہ لینا، جسے تمام راستبازی پوری کرنے کے لیے کہا گیا، ہمیں موت اور قیامت، معافی اور خدا کے ساتھ اتحاد کا نیا نشان دیتا ہے۔ یہی نشان آج یہ 20 بچے بپتسمہ کے ذریعے حاصل کر رہے ہیں۔
پوپ لیو نے بپتسمہ پانے والے بچوں کے والدین کی طرف مخاطب ہو کر کہا کہ جیسے آپ نے بچوں کو زندگی دی، اب ایمان انہیں زندگی کے حقیقی معنی سیکھائے گا۔ ایمان کھانے اور کپڑوں سے بھی زیادہ ضروری ہے، کیونکہ ایمان کے ذریعے انسان کی زندگی خدا کے ساتھ جڑتی ہے۔
بپتسمہ کی رسومات بھی اس پیغام کو واضح کرتی ہیں یعنی
پاک پانی: رْوح کے غسل اور گناہوں سے پاک ہونے کی علامت
سفید کپڑا: خدا کی جانب سے دی گئی نئی زندگی
روشن موم بتی:جی اْٹھے مسیح کی روشنی، جو اْن کی زندگی کو روشن کرے
آخر میں پوپ لیو نے دْعا کی کہ خدا کرے یہ بچے اپنے ایمانی سفر کو خوشی اور اعتماد کے ساتھ جاری رکھیں اور ہمیشہ ایمان رکھیں کہ خدا زندگی کے ہر قدم  پر اْن کے ساتھ ہے۔