آؤ ہم خداوند میں خوشی منائیں، کیونکہ ہمارا نجات دہندہ دنیا میں پیدا ہو اہے۔پاپائے اعظم لیو چہاردہم


مورخہ 25دسمبر2025کوپاپائے اعظم لیو چہاردہم نے یسوع کی ولادت کے مو قع پر اپنے خطاب میں کہا کہ عزیز بھائیو اور بہنو، آؤ ہم خداوند میں خوشی منائیں، کیونکہ ہمارا نجات دہندہ دنیا میں پیدا ہو اہے۔آج آسمان سے سچا امن ہمارے درمیان نازل ہوا ہے۔یوں کرسمس کی رات کی عبادت ہمیں گاتی سنائی دیتی ہے، اور بیت اللحم کا پیغام کلیسیا میں گونجتا ہے۔
کنواری مریم سے پیدا ہونے والا بچہ مسیح خداوند ہے، جسے باپ نے ہمیں گناہ اور موت سے نجات دینے کے لیے بھیجا۔یقیناً وہی ہمارا امن ہے۔اس نے خدا کی رحمت بھری محبت کے ذریعے نفرت اور دشمنی پر فتح حاصل کی۔
اسی لیے خداوند کی پیدائش، امن کی پیدائش ہے۔یسوع ایک اصطبل میں پیدا ہوا کیونکہ سرائے میں اس کے لیے جگہ نہ تھی۔پیدا ہوتے ہی اس کی ماں مریم نے اسے کپڑے میں لپیٹ کر چرنی میں رکھا۔
خدا کا بیٹا، جس کے ذریعے سب کچھ پیدا ہوا، قبول نہ کیا گیا، اور جانوروں کی ایک حقیر سی چرنی اْس کا جھولا بنی۔خدا کا کلمہ، جسے آسمان بھی سمو نہ سکا، محبت کے باعث اسی طرح دنیا میں آنے کو راضی ہوا۔
اس نے چاہا کہ ایک عورت سے پیدا ہو اور ہماری انسانیت میں شریک ہو۔
محبت کی خاطر اس نے غربت اور رد کیے جانے کو قبول کیا، اور خود کو ان لوگوں کے ساتھ جوڑ لیا جو نظرانداز ہو رہے ہیں۔یسوع کی پیدائش میں ہی ہم وہ بنیادی فیصلہ دیکھتے ہیں جو خدا کے بیٹے کی پوری زندگی، حتیٰ کہ صلیبی موت تک، رہنمائی کرتا رہا۔یہ فیصلہ کہ ہمیں گناہ کے بوجھ تلے نہ چھوڑا جائے بلکہ وہ خود ہمارے لیے اسے اٹھا لے۔یہ کام صرف وہی کر سکتا تھا۔
اِسی کے ساتھ ساتھ ْاس نے ہمیں یہ بھی دکھایا کہ ہم خود کیا کر سکتے ہیں: یعنی اپنی ذمہ داری قبول کرنا۔
واقعی خدانے ہمیں ہمارے بغیر پیدا کیا۔ لیکن وہ ہمیں ہمارے بغیر نجات نہیں دے گا، یعنی ہماری اْس آزاد مرضی کے بغیر جو محبت کرنے کا انتخاب کرے۔جو محبت نہیں کرتا وہ نجات نہیں پاتا۔
اور جو اپنے نظر آنے والے بھائی یا بہن سے محبت نہیں کرتا، وہ اس خدا سے محبت نہیں کر سکتا جسے وہ نہیں دیکھتا۔
بھائیو اور بہنو، ذمہ داری امن کا یقینی راستہ ہے۔اگر ہم سب، ہر سطح پر، دوسروں پر الزام لگانا چھوڑ دیں اور اپنی غلطیوں کا اعتراف کریں، خدا سے معافی مانگیں، اور دوسروں کے دکھ میں شریک ہو کر کمزوروں اور مظلوموں کے ساتھ یکجہتی دکھائیں، تو دنیا بدل سکتی ہے۔
یسوع مسیح ہمارا امن ہے۔وہ ہمیں گناہ سے آزاد کرتا ہے،وہ ہمیں ذاتی اوربین الاقوامی ہر قسم کے تنازعات پر قابو پانے کا راستہ دکھاتا ہے۔گناہ سے آزاد اور معاف کرنے والے دل کے بغیر ہم امن کے لوگ یا امن کے معمار نہیں بن سکتے۔
اسی لیے یسوع بیت اللحم میں پیدا ہوا اور صلیب پر مرا، تاکہ ہمیں گناہ سے آزاد کرے۔وہی نجات دہندہ ہے۔اس کے فضل سے ہم سب کو نفرت، تشدد اور مخالفت کو رد کرنا چاہیے اور مکالمے کو فروغ دینا چاہیے۔
عیدِولادت المسیح کے دن،میں تمام مسیحیوں کو، خصوصاً مشرقِ وسطیٰ میں رہنے والوں کو، اپنی پدرانہ محبت اور سلام پیش کرتا ہوں۔
آج بیت اللحم میں پیدا ہونے والا بچہ وہی یسوع ہے جو ہمیں کہتا ہے:”مجھ میں تمہیں امن ملے گا۔ بے شک بہت سی مصیبتیں ہوں گی، لیکن حوصلہ رکھو، میں نے دنیا پر فتح پا لی ہے۔“
ہم لبنان، فلسطین، اسرائیل اور شام کے لیے انصاف، امن اور استحکام کی دْعا کرتے ہیں۔
ہم یورپ کے پورے براعظم کو امن کے شہزادے کے سپرد کرتے ہیں۔ہم یوکرین کے مصبت زدہ لوگوں کے لیے خاص دْعا کرتے ہیں کہ ہتھیاروں کی آواز خاموش ہو اور مکالمہ کا آغازہو۔
ہم دنیا کی تمام جنگوں کے متاثرین کے لیے امن اور تسلی کی دعا کرتے ہیں، خصوصاً ان کے لیے جنہیں بْھلا دیا گیا ہے۔ہم سوڈان، جنوبی سوڈان، مالی، برکینا فاسو اور کانگو کے اپنے بھائی بہنوں کو یاد کرتے ہیں۔
اْمید کے جوبلی سال کے اِن آخری دنوں میں، آئیں ہم خدا جو انسان بنا،سے  ہیٹی کے مومنین کے لیے دْعا کریں کہ ملک میں ہر قسم کا تشدد ختم ہو جائے اور امن و ہم آہنگی کے راستے پر پیش رفت ہو۔
ہم دْعا کرتے ہیں کہ ننھا یسوع لاطینی امریکہ میں سیاسی ذمہ داریاں سنبھالنے والوں کو حکمت بخشے، تاکہ بے شمار چیلنجزکا سامنا کرتے ہوئے نظریاتی اور جماعتی تعصبات کے بجائے مشترکہ بھلائی کے لیے مکالمے کو جگہ دیں۔
آئیں ہم امن کے شہزادے سے درخواست کریں کہ وہ میانمار کو  امن و ہم آہنگی کے مستقبل کی روشنی سے منور کرے، نئی نسلوں میں امید بحال کرے، پوری قوم کو امن کے راستوں پر لے چلے، اور اُن لوگوں کے ساتھ ہو جو پناہ، تحفظ اور اعتماد کے بغیر زندگی گزار رہے ہیں۔
ہم خداوند سے دْعا کرتے ہیں کہ تھائی لینڈ اور کمبوڈیا کے درمیان قدیم دوستی بحال ہو اور فریقین مفاہمت اور امن کے لیے مسلسل کوشش کرتے رہیں۔
ہم جنوبی ایشیا اور اوشیانا کے عوام کو بھی خدا کے سپرد کرتے ہیں، جو حالیہ تباہ کن قدرتی آفات سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ ایسے امتحان کے وقت میں، میں سب کو دعوت دیتا ہوں کہ ہم دکھ اٹھانے والوں کی مدد کے لیے خود کو پھر سے تیار کریں۔
رات کے اندھیرے میں حقیقی نور دنیا میں آیا، وہ نور جو ہر انسان کو منور کرتا ہے۔
اے عزیز بھائیو اور بہنو، رات کی تاریکی میں وہ سچا نور دنیا میں آیا، مگر اس کے اپنے لوگوں نے اسے قبول نہ کیا۔آئیں ہم دْکھ  سہنے والوں کے بارے میں بے حسی کو اپنے اوپر غالب نہ آنے دیں، کیونکہ خدا ہماری تکلیف سے بے پروا نہیں ہے۔
انسان بن کر، یسوع نے ہماری کمزوریوں کو اپنے اوپر لے لیا اور ہم میں سے ہر ایک کے ساتھ اپنی شناخت قائم کی:اُن کے ساتھ جن کے پاس کچھ نہیں اور جنہوں نے سب کچھ کھو دیا ہے، جیسے غزہ کے لوگ،اُن کے ساتھ جو بھوک اور غربت کا شکار ہیں جیسے یمن کے لوگ،اُن کے ساتھ جو بہتر مستقبل کی تلاش میں اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور ہیں، جیسے وہ بے شمار پناہ گزین اور مہاجر جو بحیرہ روم عبور کرتے ہیں یا امریکی براعظم سے گزرتے ہیں،اُن کے
 ساتھ جو اپنی ملازمتیں کھو چکے ہیں اور روزگار کی تلاش میں ہیں، جیسے بہت سے نوجوان جو نوکری پانے کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں،
اُن کے ساتھ جو استحصال کا شکار ہیں، جیسے کم اجرت پانے والے مزدوراور اُن کے ساتھ جو قید خانوں میں ہیں اور اکثر غیر انسانی حالات میں زندگی بسر کرتے ہیں۔زمین کے ہر حصے سے اُٹھنے والی امن کی فریاد خدا کے دل تک پہنچتی ہے۔یہ نہ صرف جنگ بندی کا امن ہے اور نہ ہی محض بھیڑیے اور برّے کے ایک ساتھ رہنے کا تصور، بلکہ دل کے اندر بسنے والا امن ہے۔
آج کے اس مقدس دن، آئیں ہم ضرورت مند اور دکھ میں مبتلا اپنے بھائیوں اور بہنوں کے لیے اپنے دل کھولیں۔ایسا کرتے ہوئے ہم ننھے یسوع کے لیے اپنے دل کھولتے ہیں، جو ہمیں کھلے بازوؤں سے قبول کرتا ہے اور اپنی الوہیت ہم پر ظاہر کرتا ہے۔
لیکن جتنے لوگوں نے اسے قبول کیا، اس نے انہیں خدا کے فرزند بننے کا اختیار دیا۔
چند دنوں میں جوبلی سال اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا، مقدس دروازے بند ہو جائیں گے، لیکن مسیح، جو ہماری اْمید ہے، ہمیشہ ہمارے ساتھ رہے گا۔
وہ وہ دروازہ ہے جو ہمیشہ کھلا رہتا ہے اور ہمیں الٰہی زندگی کی طرف لے جاتا ہے۔
یہی آج کے دن کی خوشخبری ہے:
جو بچہ پیدا ہوا وہ خدا ہے جو انسان بن کر آیا۔
وہ ہمیں مجرم ٹھہرانے نہیں بلکہ بچانے آیا ہے۔
اس کی آمد عارضی نہیں،بلکہ مستقل ہے۔
اسی میں ہر زخم مندمل ہوتا اور ہر دل کو سکون اور امن ملتا ہے۔
خداوند کی پیدائش، امن کی پیدائش ہے۔
آپ سب کو کرسمس کی دلی مبارکبادقبول ہو۔

Daily Program

Livesteam thumbnail