عید الفطر کے مُبارک موقع پر آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا خصوصی پیغام

عید الفطر کے مُبارک موقع پر
آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کا خصوصی پیغام
دُنیا بھر میں آج ہمارے مسلم بہن بھائی بڑے جوش اور جذبے کے ساتھ عید الفطر کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ اِس پُر مسرت موقع پر میں مسیحی قوم اور اپنی طرف سے اپنے تمام مسلم بہن بھائیوں، حکومتی عہدداران، پاک آرمی کے افسران و نوجوان، اعلیٰ عدلیہ و وکلاء برادری، سول سوسائٹی اور ہر خاص و عام کو عید الفطر کی دِلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ عید الفطر ہمارے لئے خوشیوں، محبتوں اور خُدا کی بیش قیمت برکات کا پیغام لاتی ہے۔  یہ عید ایک ماہ کی اُس تربیت کی تکمیل کا دِن بھی ہے جو رمضان المبارک کے دوران ہمارے مسلمان بہن بھائیوں کو حاصل ہوتی ہے۔ جس میں وہ روزہ، دُعا اور خیراتی کاموں میں انسانی بھلائی کے کام سرانجام دیتے ہوئے خدا تعالیٰ سے ثواب حاصل کرتے ہیں۔
عید الفطراِس سال ایسے ماحول میں منائی جا رہی ہے جب پوری دنیا کرونا وائرس کی لپیٹ میں ہے اور ہمارا پیارا ملک پاکستان بھی اِس کی لپیٹ میں ہے۔ آئیں ہم اُن تمام لوگوں کو اور خاص طور پر ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف اور اُنکو جو کسی نہ کسی طرح سے کرونا وائرس کی وباء کا مقابلہ کرنے اور وباء کے شکار مریضوں کی دیکھ بھال پر معمور ہیں انہیں دِلی خراجِ تحسین پیش کریں۔ اِن حالات میں ہم سب کو مل جل کر کرونا وائرس کا مقابلہ کرنا ہے اور بھوکے، پیاسے، دُکھی اور غمزدہ، بے روزگار، بے سہارا اور ضرورت مند لوگوں کی آگے بڑھتے ہوئے مدد اور انسانیت کی خدمت کرنی ہے۔
عید الفطرکے مُبارک موقع پر دُعا مانگیں کہ ہم سب باہم مل کر پاکستان میں اَمن و سلامتی، بھائی چارے اور انسان محبت کو فروغ دیں۔ اور اِس کی خوشحالی اور ترقی کے لئے ہمیشہ کام کرتے رہیں۔
خدا تعالیٰ کی شفاء بخش قوت اور فضل دُنیا اور ہمارے ملکِ پاکستان پر نازل ہو اور ہم سب کرونا وائرس سے چھٹکارا اور نجات پا سکیں۔ تمام مسلم بہن بھائیوں کو میر ی طرف سے عید کی خوشیاں مُبارک ہوں۔ 

 

Daily Program

Livesteam thumbnail