بین المذاہب کرسمس تقریب
بین المذاہب کرسمس تقریب
لاہور: 14، دسمبر، 2019 ، قومی کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ اور بین الکلیسائی اتحاد (کیتھولک بشپ کانفرنس پاکستان) نے آر چ بشپ سبسٹین فرانسس شا ء کی زیرِ صدارت ایک بین المذاہب کرسمس تقریب کا اہتمام کیاگیا۔اس تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور اور انسانی حقوق، حکومت پنجاب جناب اعجاز عالم آگسٹین تھے۔ اس بین المذاہب کرسمس کے جشن کے دیگر شرکاء میں فادرفرانسس ندیم، حافظ سید عاشق حسین، مولانا محمد عاصم مخدوم، ڈاکٹر بدر منیر، قاری خالد محمود، سردار کلیان سنگھ، سردار بشن سنگھ، امر نارتھ رندھاوا (ہندو لیڈر)،پیر ایس اے جعفری، مولانا ا صغر عارف چشتی، انوارلحق، چوہدری شیفق گجر،میڈیم سعیدہ دیپ، فادر قیصر فیروز، فادر فرانسس صابر، فادر ہنری پال، ریورنڈ شاہد مہراج، مولانا ا صغر عارف چشتی،فادر فیصل فرانسیس، فادر اشفاق انتھنی، فادرفیاض، فادر سُنیل عرفان،فادربابرخوشی اور فادر اعجازبشیرنے شمولیت کی۔
اس پروگرام میں مختلف مذاہب اور شعبہ ہائے زندگی سے وابستہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز دعا اور تلاوت سے ہوا۔ بعد ازاں کرسمس کی شمع روشن کی گئی جس کا مقصد امن کی روشنی کو ایک دوسرے کے ساتھ بانٹنا تھا۔جس کے بعد مسٹر ہارون گل نے کرسمس کی اس بین المذاہب تقریب کے انعقاد کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔ پروگرام کے دوران مختلف اسکولوں کے بچوں نے خوبصورت کرسمس کیرول پیش کیا اور شرکاء کی جانب سے خوب داد وصول کی۔ یہ بات قابل ذکر تھی کہ نائیجیریا کے کچھ طلباء نے پاکستان کے قومی نغموں پر پرفارمنس دکھائی جس نے بین المذاہب کرسمس کی اس تقریب میں شامل تمام حاضرین کے دلوں کو چھو لیا۔ تقریب کے دوران معزز مہمانوں نے کرسمس کا کیک کاٹا۔ مسلمان رہنماؤں نے آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا اور صوبائی وزیر کو پھول پیش کیے۔ معزز مہمانوں نے کرسمس کے لئے تمام شرکا کو مبارکباد پیش کرتے ہو ئے بین المذاہب ہم آہنگی پر زور دیا۔ اپنے پیغام میں مقررین نے بین المذاہب مکالمہ کے لئے کوششوں کو سراہا اور تمام مذاہب کے مابین یکجہتی کے لئے دعا کی کہ آنے والا سال امن، رواداری، خوشی سے بھر پور ہو۔
مہمان خصوصی جناب اعجاز عالم آگسٹین شرکاء سے گفتگو کرتے ہوئے بین المذاہب مکالمہ کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت اقلیتوں کے تحفظ کے لئے ہر ممکن احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہے۔
آرچ بشپ سبسٹین فرانسس شا، نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے تمام حاضرین کو کرسمس کی مبارکباد پیش کی۔اور معاشرے میں امن اور ہم آہنگی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں آنے والی نئی نسل کو امن کا پیغام دینا ہے۔ تا کہ وہ مستقبل کے امن کے سفیر بنیں گے۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے فادر فرانسس ندیم نے کہا کہ ہمیں امن، رواداری اور ہم آہنگی کے بیج اگانے کے لئے اپنے کنبے، معاشرے اور ملک سے ہر طرح کے امتیازی سلوک اور نفرت کو ختم کرنا ہوگا۔ انہوں نے پاکستان کے امن کے فروغ اور بین المذاہب مکالمہ کے فروغ کے لئے تمام حاضرین کی کوششوں پر دل سے شکریہ ادا کیا۔
اس پروگرام میں نظامت کے فرائض ارم عمران اور عامر سہیل نے بہت خوبصورت انداز میں اداکیے۔
رپورٹ:
فادر قیصر فیروز او۔ایف۔ایم۔ کیپ
ڈائریکٹر، ریڈیو ویری تاس ایشیاء اردو سروس، لاہور، پاکستان