وولیمیا


10ستمبر 1994کو آسٹریلیا کے بلیو ماؤنٹین پہاڑی سلسلے کی آبشاروں سے گھرے Wollemi نیشنل پارک میں یہ درخت اتفاقیہ طور دریافت کیا گیا تھا- نیو ساؤتھ ویلز میں واقع پارک کے فیلڈ آفیسر اور پودوں کے شیدائی”ڈیوڈ نوبیل“کو گشت کے دوران ایک مخروطی خدو خال کا درخت نظر آیا جو اس سے پہلے ان کی نظر سے نہیں گزرا تھا- تحقیق کی غرض سے وہ اس درخت کا ایک چھوٹا پودا اپنے ساتھ لے آئے ابتدائی تحقیق سے ثابت ہوا کہ پودے کی نباتاتی خصوصیات درختوں کے قدیم خاندانAraucariaceaeکے ناپید سمجھے جانے والے درختوں جیسی ہیں اور حیرت انگیز طور پر اس قدیم خاندان کے موجودہ درختوں سےWollemia کا کوئی تعلق نظر نہیں آیا۔چنانچہ اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے ماہرین نے Araucariaceae کے قدیم رکازات(Fossil) پر تحقیق کی تو ”وولیمیا“ 200ملین سال قدیم Araucariaceae کے رکازات سے مماثل نکلا- اس انکشاف سے نہ صرف ”چیڑ“کی نسل کا یہ درخت برفانی عہد کا جیتا جاگتا تسلسل قرار پایا بلکہ ماہرین Wollemiaکو قدیم ماحول پر تحقیق میں بنیادی حیثیت کا حامل قرار دے چکے ہیں - دلچسپ بات یہ ہے کہ پارک کے نام سے منسوب اس انتہائی قدیم نسل کے تقریباً سو درخت نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور انٹارکیٹکا میں بھی دریافت ہو چکے ہیں - یاد رہے یہ درخت طویل عمر کے نہیں ہیں بلکہ قدیم درختوں کے سلسلے کی کڑی ہیں جو ماہرین کے مطابق 17 برفانی عہد کی سختیاں برداشت کرچکے ہیں - اسی نسبت سے ان درختوں کو”ڈائنوسار ٹری“ بھی کہا جاتا ہے درختوں کی اہمیت کے پیش نظر سن2005 سے ان درختوں کو نرسریوں میں پروان چڑھایا جارہا ہے اور تجارتی بنیادوں پر فروخت کیا جارہا ہے تاکہ یہ دنیا بھر میں پھیل سکیں۔

Daily Program

Livesteam thumbnail