جیجیل(پرندوں کا بادشاہ)
جیجیل یعنی ویسڑن ٹراگوپن دنیا کا خوبصورت ترین اور شرمیلے مزاج کا ایک نایاب پرندہ ہے۔یہ شکاریوں سے آنکھ بچا کر اپنی نسل کے بقا کی اپنی سی کوشش میں ہے۔ پاکستان کے شمالی علاقے پالس کوہستان میں ویسڑن ٹراگوپن کو جیجیل اور بھارت ہماچل پردیش میں ججورانا کے نام سے پکارا جاتا ہے جس کا مطلب ’پرندوں کا بادشاہ‘ ہے۔
عموماً پرندوں کا یہ بادشاہ رات کو اور علی الصبح باہر نکلتا ہے۔انٹرنیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچرکے مطابق اس وقت دنیا بھر میں اس پرندے کی سب سے زیادہ تعداد پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کی وادی پالس میں پائی جاتی ہے۔ تاہم یونین نے اس نایاب پرندے کی مکمل معدومی کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔اس وقت دنیا میں ویسڑن ٹراگوپن کی مجموعی تعداد پچیس سو سے تین ہزار تک بتائی جاتی ہے۔
محکمہ وائلڈ لائف کے ایک سروے کے مطابق پالس میں اس پرندے کے چھ سو جوڑے یعنی ان کی کل تعداد بارہ سو تک بنتی ہے۔ دنیا کا خوبصورت ترین اور نایاب پرندہ جیجیل یا ویسٹرن ٹراگوپن اپنی بقاء کی جنگ لڑ رہا ہے۔انڈیا اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے چند علاقوں میں بھی یہ پرندہ پایا جاتا ہے۔ افتخار احمد کے مطابق گرمیوں میں چوبیس سو سے چھتیس سو میٹر اور سردیوں میں دو ہزار سے اٹھائیس سو میڑ بلندی کے جنگلات اس کی آماجگاہیں ہوتی ہیں۔ پالس کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ حفاظتی اقدامات اٹھانے سے اس پرندے کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ مگر پرندوں کے بادشاہ کو یہ تحفظ شاید اب زیادہ عرصہ حاصل نہیں رہے گا۔ اس کی وجہ خراب ماحول نہیں بلکہ اسے خراب کرنے والے ترقیاتی منصوبے ہیں۔وادی پالس کو پرندوں کے حوالے سے برڈ لائف انٹرنیشنل لندن نے انتہائی اہم علاقہ قرار دیا ہے۔