بلبل خوش آوازپرندہ
بلبل عام چڑیا سے بڑی ہوتی ہے۔اس کی گردن چھوٹی،پَر گول اور چھوٹے،چونچ چڑیا کی چونچ سے بڑی اور تھوڑی سی مڑی ہوئی ہوتی ہے۔بلبل کی آنکھیں چھوٹی اور گول ہوتی ہیں،جب کہ کچھ کی آنکھوں کا رنگ سرخ ہوتا ہے۔بلبل 11انچ تک لمبی ہوتی ہے۔بلبل ایک خوب صورت آواز والا پرندہ ہے۔یہ برصغیر پاک وہند،مشرق وسطیٰ،جاپان،انڈونیشیا اور تمام افریقی ممالک میں زیادہ تر بارانی جنگلات اور ان کے نزدیک پایا جاتا ہے۔بلبل پھل،بیج اور کیڑے مکوڑے کھانے والا پرندہ ہے۔کچھ اقسام کے بلبل مینڈک اور چھوٹے چھوٹے چوہے بھی شکار کرتے ہیں۔یہ مل جل کر رہنے والا پرندہ ہے اور جھنڈ کی شکل میں خوراک تلاش کرتا ہے۔یہ اپنا گھونسلا درخت پر تقریباً 10فٹ اونچائی پر بناتی ہے۔بلبل اپنا گھونسلا پتوں،شاخوں اور باریک تاروں سے بناتی ہے۔انسانی آبادی میں رہنے والی بلبل اپنا گھونسلا گھروں کی دیواروں کے سوراخوں میں بناتی ہے۔اس کی چند اقسام اپنا گھونسلا دریا یا ندی کے کنارے جھاڑیوں میں بناتی ہیں۔مادہ بلبل جون سے ستمبر کے دوران دو سے پانچ تک گلابی رنگ کے انڈے دیتی ہے۔پیدائش کے وقت بچوں کے جسم پر پَر نہیں ہوتے اور یہ چڑیا کی بچوں جیسے ہوتے ہیں۔دو ہفتوں بعد ان کے پَر آجاتے ہیں اور یہ اُڑنے کے قابل ہو جاتے ہیں۔دنیا میں بلبل کی 130کے قریب اقسام پائی جاتی ہیں۔سرخ بلبل پاکستان،بھارت،سری لنکا اور عرب ممالک میں پائی جاتی ہے۔پھولے گلے والی بلبل کمبوڈیا،لاؤس،چین،میانمار اور تھائی لینڈ میں پائی جاتی ہے۔پیلی بلبل برونئی،انڈونیشیا،ملائیشیا اور میانمار میں پائی جاتی ہے۔نکوبار بلبل صرف بھارتی جزائر نکوبار میں ہی ملتی ہے۔گرین بلبل سب سے چھوٹی ہوتی ہے۔یہ افریقی ممالک کینیا،موزمبیق،تنزانیہ اور زمبابوے میں ملتی ہے۔تنکا سر بلبل سب سے بڑی ہوتی ہے اور میانمر،انڈونیشیا اور ملائیشیا میں پائی جاتی ہے۔پہاڑی بلبل برصغیر پاک وہند کے پہاڑی علاقوں کا پرندہ ہے۔یہ براعظم شمالی اور جنوبی امریکا میں پائی جانے والی بلبل ہے۔اس میں اور عام بلبل میں صرف جسامت کا فرق ہے۔یہ بلبل کے مقابلے میں شوخ رنگ ہوتی ہے۔یہ صرف بیج کھانے والا پرندہ ہے اور امریکا کے میدانوں اور کھیتوں کے نزدیک پایا جاتا ہے۔بلبل ہر وقت چوکنا رہتی ہے۔بلی،گیڈر،لومڑی،چیل اور عقاب موقع ملتے ہی اسے شکار کر لیتے ہیں۔عقاب سے بچنے کے لئے بلبل نیچی پرواز کرتی ہے۔سانپ اور نیولا اس کے گھونسلے میں موجود انڈے اور بچے کھا جاتے ہیں۔بلبل کو سریلی آواز کی وجہ سے ہر زمانے میں بہت پسند کیا جاتا رہا ہے۔اس کا ذکر دنیا کی کئی قدیم داستانوں میں ملتا ہے۔الف لیلیٰ میں بلبل کو مختلف بولیوں کی وجہ سے ہزار داستان کہا گیا ہے۔اُردو میں اس کی کئی کہانیاں اور نظمیں ہیں۔آسکروائلڈ کی کہانی بلبل اور گلاب دنیا کی بہترین کہانیوں میں سے ہے۔