مقدس یوسف(خاموش مقدس)

ہم جانتے ہیں کہ یہ بڑھئی، ایک محنت کش،اپنے عاجزانہ کام اور وسائل کے باوجود، ایک شاہی نسب سے آیا تھا۔ لوقا اور متی انجیل نویس کے شجرہ نسب کی تفصیلات کے مطابق یوسف  اسرائیل کے سب سے بڑے بادشاہ داود کی نسل سے تھا۔ درحقیقت جو فرشتہ یوسف کو سب سے پہلے یسوع کے بارے میں بتاتا ہے وہ اسے  ”ابنِ داود“کہہ کر پکارتا ہے، یہ ایک شاہی لقب جو یسوع کے لیے بھی استعمال ہوتا ہے۔
ہم جانتے ہیں کہ مقدس یوسف ایک پاکیزہ  ہمدرد، دیکھ بھال کرنے والا اور حلیم انسان تھا۔ تاہم، جب خداوند کے فرشتہ  نے اْس پر خواب میں  ظاہر ہو کر کہاکہ اے یوسف داؤد کے بیٹے،اپنی بیوی مریم کو اپنے پاس لے آنے سے مت ڈر کیونکہ جو اْس کے اندر پیدا کیا گیاہے وہ روح القدس سے ہے۔اور اْس سے بیٹا ہوگا اور تْو اْس کا نام یسوع رکھنا کیونکہ وہ اپنی امت کو اْن کے گناہوں سے بچائے گا۔اس نے ویسا ہی کیا جیسا کہ فرشتہ نے کہا اور مریم کو اپنے پاس لے آیا۔بے شک وہ ایک  قبول کرنے والا وفادار شوہر تھا۔
جب فرشتہ اسے بتانے کے لیے دوبارہ آیا کہ اس کا خاندان خطرے میں ہے، تو اس نے فوراً اپنا سب کچھ چھوڑ دیا، اپنے تمام کنبہ اور دوستوں کو چھوڑ کر اپنی بیوی اور بچے کے ساتھ ایک اجنبی ملک چلا گیا۔اور  مصر میں بغیر کسی سوال کے انتظار کرتا رہا یہاں تک کہ فرشتے نے اسے خواب میں ظاہر ہو کر  دوبارہ بتایا کہ اب واپس جانا محفوظ ہے۔اناجیل ہمیں یوسف،مریم اور بچہ یسوع کے مصر میں قیام کے عرصہ کے بارے میں معلومات نہیں دیتیں۔لیکن پھر بھی یقینا انہیں وہاں کھانے پینے،رہائش اور دیگرضروریاتِ زندگی کی ضرورت ہوگی  جس کے لیے یوسف ہی بندوبست کرتا ہوگا۔
انجیل کے ہر بیان میں جہاں یوسف کا ذکر ملتا ہے،لکھا ہے کہ وہ اْٹھتا ہے،بچہ یسوع  اور اْس کی ماں کو لیتا ہے اور خدا کے حکم کے مطابق عمل میں لاتا ہے۔ 
ہم جانتے ہیں کہ یوسف یسوع سے محبت کرتا تھا۔ اْسے اس بچے کی حفاظت کی فکرتھی جسے اس کے سپرد کیا گیا تھا۔ اس نے نہ صرف یسوع کی حفاظت کے لیے اپنا گھر چھوڑا تھا، بلکہ واپسی پر اپنی جان کے خوف سے ناصرت کے غیر واضح شہر میں سکونت اختیار کر لی تھی۔ جب یسوع ہیکل میں ٹھہرا تو ہمیں بتایا جاتا ہے کہ یوسف مریم کے ساتھ تین دن تک بڑی بے چینی سے اْسے تلاش کرتا رہا۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ یوسف نے مسیح یسوع کو اپنا بیٹا سمجھا اور ناصرت کے لوگ یسوع کے بارے میں کہتے ہیں، ''کیا یہ یوسف  بڑھئی کا بیٹا نہیں؟ہم جانتے ہیں کہ یوسف خدا کا احترام کرتا تھا۔ اس نے مریم کے ساتھ حالات کو سنبھالنے اور یسوع کی پیدائش کے بعد یسوع کا ختنہ کروانے او رہیکل میں نذر کیے جانے کے لیے یروشلم جانے میں خدا کے احکامات پر عمل کیا۔ ہمیں بتایا جاتا ہے کہ وہ ہر سال فسح کے موقع پر اپنے خاندان کو یروشلم لے جاتا تھا، جو کام کرنے والے آدمی کے لیے آسان نہیں تھا۔
سلام اے نجات دہندہ کے سرپرست  مقدس یوسف،مقدسہ مریم کے پارسا شوہر ،خدا نے اپنے بیٹے کی ذمہ داری تیرے حولے کی،مقدسہ مریم نے تجھ پر کامل بھروسہ کیا،اور تو یسوع مسیح کے تجسم کے بھید میں وسیلہ بنا۔ مقدس یوسف  ہمیں بھی اپنے پدرانہ روپ سے نواز،اور زندگی کے تمام راستوں میں ہماری ہدایت کر۔ہمارے لیے خدا سے فضل،رحم اور حوصلہ حاصل کر اور آنے والی ہر مشکل میں ہماری  راہنمائی کر۔

  

 

Daily Program

Livesteam thumbnail