مقدس یعقوب رسول (ایمان کے لیے شہید ہونے والا پہلا شاگرد)
مقدس یعقوب رسول کا شمار یسوع مسیح کے تین خاص شاگردوں میں ہوتاہے۔ جنہوں نے ابتدائی کلیسیاء میں کلیدی کردار ادا کیا۔ یہ تینوں شاگرد پطرس، یوحنا اوریعقوب ہیں، جنہیں یسوع مسیح نے اپنے باقی شاگردوں سے خصوصی تربیت کے لیے الگ کیا۔ اگر پطرس کے کردار پر بات کی جائے تو وہ ایک عظیم خطیب تھا۔ یوحنا عظیم لکھاری اور مقدس یعقوب رسول بارہ شاگردوں میں سے ایمان کے لیے شہید ہونے والا پہلا شاگرد تھا۔ مقدس یعقوب کا نام ہمیشہ اپنے چھوٹے بھائی یوحنا کے ساتھ ہی آتا ہے۔ اناجیل کے واقعات سے یوں معلوم ہوتا ہے کہ دونوں بھائیوں کی جوڑی بہت ہی مضبوط تھی کہ ہمیشہ دونوں ساتھ ساتھ ہی پائے گئے۔ دونوں بھائی پطرس کے اہم دوست بھی تھے۔ ہیرودیس اغرپا اول نے قریباً 44-42عیسوی کے دوران مقدس یعقوب کو تلوار سے قتل کیا۔
''اور انہیں دِنوں میں ہیرودیس بادشاہ نے کلیسیاء میں سے بعض پر ہاتھ ڈالا تاکہ انہیں ستائے۔ اور یوحنا کے بھائی یعقوب کو تلوار سے مار ڈالا۔(اعمال 12:1-2)''
مقدس یعقوب رسول کی زندگی دوسرے شاگردوں سے زرا مختلف ہے۔ وہ بہت جوشیلی طبیعت کا حامل تھا۔ اس کی گرم طبیعت کا اندازا اِس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب خداوند یسوع مسیح کے صعود کے دِن قریب تھے تو انہوں نے اپنے آگے قاصد سامریہ کے گاؤں میں بھیجے تاکہ اُس کے لیے تیاری کریں مگر سامریوں نے اُن کو قبول نہ کیا۔ سامریوں کے اِس رویہ کو دیکھ کر یعقوب اور یوحنا نے ناراضگی کا اظہار کیا اور انہوں نے یسوع مسیح سے درخواست کی کہ ''اے خداوند کیا تو چاہتا ہے کہ ہم حکم دیں کہ آسمان سے آگ اُترے اور انہیں بھسم کر دے۔ تب اُس نے مٹر کر نہیں جھڑکا اور کہا تم نہیں جانتے کہ تم کس روح کے ہو۔ ابن انسان، انسانوں کی جان ہلاک کرنے نہیں آیا۔ّ(لوقا 9:54-56)''
مقدس یعقوب رسول نے سب سے پہلے ہسپانیہ (اسپین) کا سفر کیا۔وہ براستہ سمندری راستے اِس سفر پر روانہ ہوا اور اِسی لیے اُس کا نشان تین سپیاں ہیں۔ مقدس یعقوب کی انجیلی منادی کہ بہت سی تصاویر ہسپانیہ میں موجود ہیں جن میں سے ایک بہت ہی مشہور تصویر ہے جس میں اسے ایک ہاتھ میں انجیل اور دوسرے ہاتھ میں عصا اور کشکول پکڑے دکھایا گیا ہے۔ بہت سے مفکرین نے اِس کے متعلق اپنی رائے گی ہے۔ اور اِن میں سے ایک رائے کہ مطابق مقدس یعقوب رسول نے یسوع مسیح کی خاطر اپنے آپ کو خالی کر دیا۔ وہ اپنے استاد کی طرح غریب بن گیا جس کے پاس نہ طاقت تھی نہ دولت تھی۔ مقدس یعقوب رسول نے انجیل کی منادی کے لیے بہت سی مشکلات سہیں۔ مقدس یعقوب ہسپانیہ کا مربی ہے۔ ہم مقدس یعقوب رسول کی زندگی سے بہت سی خوبصورت باتیں اور اقدار سیکھ سکتے ہیں۔ وہ ایک باہمت اور جوش و جذبے سے بھرپور انسان تھے۔ وہ مضبوط ارادے کے ساتھ انجیل کی منادی کے لیے ہر وقت تیار رہتا تھا۔ مسیحی زندگی کا خلاصہ بھی یہی ہے کہ ہمیں یسوع مسیح کا پیروکار بننا ہے۔ ہر روز اپنی صلیب اُٹھانی ہے اور مسیح کی خاطر اپنے آپ کو قربان کرنے کے لیے تیار رہنا ہے۔