مقدس گر یگوری اعظم(پاپائے اعظم)

مقدس گریگوری اعظم روم میں 540 میں پیدا ہوئے۔آپ کے والد حکومتی حلقوں میں سے ایک اعلیٰ رتبہ رکھتے تھے۔ آپ کی تعلیم اْس وقت کے بہترین اور عظیم علماء کے ہاتھوں ہوئی۔ 34 برس کی عمر میں آپ کو حاکم وطن نے روم کا اعلیٰ مجسٹریٹ مقرر کر دیا۔ اپنے والد کی وفات کے بعد آپ نے اپنی ساری جائیداد بیچ کر مال و دولت غریبوں کو بانٹ دیا اور سِسلی میں چھ راہب خانے بنوائے جبکہ روم میں اپنے گھر کے اندر ہی راہب خانہ کھولا جس کو آپ نے مقدس اندریاس کے نام سے منسوب کیا۔یہیں 575 میں آپ نے بھی 35 برس کی عمر میں رہبانہ زندگی اختیار کی۔جب پاپا ئے اعظم کی وفات ہوئی تو کاہنوں اور عامتہ المومنین کے بے حد اصرار پر آپ کو پاپا ئے اعظم بنا دیا گیا۔اب آپ نے کلیسیا کی بھاگ دوڑ بڑے عمدہ طریقے سے سنبھالی۔
چونکہ اْس دور میں ایک مہلک وبا پھوٹ چکی تھی لہٰذا آپ نے سب سے پہلا کام یہ کیا کہ لوگوں کو جمع کر کے دْعا،ریاضت اور توبہ کی ترغیب دی۔تاکہ وہ اس مصیبت سے چھٹکارا پا سکیں۔ آپ انتہائی دْعا گو اور عملی شخص تھے۔ آپ پہلے پاپائے اعظم ہیں جنہوں نے اپنے لیے”خدا کے خادموں کا خادم“ کا لقب استعمال کیا۔آپ نے کینٹبری کے مقدس اگسٹین اور اْس کے ساتھیوں کو کلام مقدس کے پرچار کے لیے برطانیہ روانہ کیا۔ کچھ اوروں کو جو کہ تعلیم و تبلیغ کے جذبے سے سرشار تھے انھیں  فرانس،ا سپین اور افریقہ بھیجا۔آپ نے عبادتی موسیقی کی بہتری اور تقدس کے لیے بھی جان فشانی سے خدمت سر انجام دی۔آپ نے سادہ طرزوں کو انتہائی لگن و محنت سے مرتب کیا۔آپ کی موسیقی اور دیگر تحریریں آج بھی لاثانی ہونے کا درجہ رکھتی ہیں۔ آپ نے بحیثیت پاپائے اعظم 13 سال تک کلیسیا کی خدمت کی۔ جن میں سے آخری دو سال آپ کو شدید جسمانی دْکھ اْٹھانے پڑے۔ آپ کی شاندار خدمات اور یادگار کاموں کی بدولت پاپا ئے اعظم بونیفس آٹھویں نے آپ کو”اعظم“ کا خطاب دیا۔ آپ 604 میں خداوند میں ابدی نیند سو گئے۔آپ کی عید 3ستمبر کو منائی جاتی ہے۔ 
اے قدوس اور مہربان خداوند خدا! ہم تیرا شکر کرتے ہیں کہ تو اپنے نظام کے مطابق کلیسیا میں اصلاح کرنے کے لیے اپنے لوگوں کو بھیجتا ہے۔ اپنی مہربانی سے مقدس گریگوری کی دْعاؤں کی بدولت ہماری کلیسیا کو خدمت کرنے کا جذبہ اور پْر معنی عبادت کرنے کا فضل عطا فرما۔آمین
  اے مقدس گریگوری اعظم ہمارے واسطے دعا کر!

Daily Program

Livesteam thumbnail