مقدس پیٹرک (بشپ آف آئر لینڈ)
مقدس پیٹرک کی جائے پیدائش اور تاریخ حتمی نہیں ہے۔تاہم یہ کہا جاتا ہے کہ آپ ایک رومی نژاد برطانوی شماس کے فرزند تھے۔ جب آپ 16 برس کے ہوئے تو مخصوص حالات کی بنا پر آپ کو قیدی بنا کر آئر لینڈ لے جایا گیا۔ جہاں آپ کو غیر قوم آقا کے ہاں چرواہے کا کام کرنا پڑا۔سارے عرصے کے دوران تمام مشکلات اور پریشانیوں کے باوجود آپ نہ صرف اپنے ایمان میں مضبوط رہیں بلکہ دْعا اور دھیان وگیان میں اور بھی زیادہ مضبوط ہو گئے۔ چھ سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد آپ معجزانہ طور پر رہائی پا کر وطن واپس پہنچ گئے۔ یہاں ایک خواب میں آپ کو آگاہی ہوئی کہ آئرلینڈ واپس لوٹ کر وہاں مسیحیت کا پرچار کریں۔ اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے آپ نے ایک راہب خانے میں 412 سے 415 تک تعلیم حاصل کی اور پھر کاہن بنے۔ 431 میں آپ کو آئر لینڈ بھیجا گیا تاکہ آپ وہاں کے بشپ کی معاونت کر سکیں۔بشپ کی وفات کے بعد آپ کو بشپ مقرر کر دیا گیا۔ آپ نے آئرلینڈ کے قرب و جوار میں منادی کی نیز شاہی خاندان سمیت بہت سارے لوگوں کو مسیح خداوند کے قریب لانے میں کامیاب ہوئے۔ آپ نے خواتین اورمردوں کے لیے بہت سے راہب خانے کھولے جو روحانیت اور علم الہیات کے
لیے مشہور ہوئے۔ یہیں سے راہبوں نے برطانیہ، فرانس اور سویزلینڈ میں ایمان کا پھلدار بیج بویا۔آپ 17 مارچ 461 کو ایک بھرپور دْعائیہ اور مبشر کی زندگی بسر کرتے ہوئے خداوند میں سو گئے۔
اے خداوند خدا!تو نے مقدس پیٹرک کو مقرر کیا کہ وہ بڑی جرات اور دلیری کے ساتھ تیرا کلام سنائے۔ عطا کر کہ اْس کی سفارشوں کی بدولت ہم بھی تیرے نام کو جلال دیں اور اْسے عام کرنے میں کامیاب ہو جائیں۔ آمین
Daily Program
