مقدس نکولاس(بابائے بڑا دن)
مقدس نکولاس تْرکی کے صوبے لیچیا میں اپنے والدین کی بے شمار منتوں اور دعاؤں کی بدولت پیدا ہوئے۔ شروع ہی سے آپ کے والدین آپ کی دنیاوی تعلیم کے ساتھ ساتھ مذہبی تعلیم و تربیت کی فکر میں رہتے تھے۔ چھوٹی ہی عمر میں آپ کو ایک راہب خانہ میں بھیج دیا گیا۔پھرجلد ہی ایک وبا کے باعث آپ کے والدین انتقال کر گئے۔ اب ساری جائیداد اور مال و دولت آپ ہی کے نام تھی۔ تعلیم مکمل کرنے کے بعد آپ نے راہب بننے کا فیصلہ کر لیا۔ آپ راہبانہ زندگی کے تقاضے پورے کرتے رہے اور بعد ازاں وہیں کے صدر راہب مقرر ہوئے۔ ایک مقامی بشپ کے انتقال کے بعد آپ کو وہاں کا بشپ مقرر کر دیا گیا۔ آپ نے خدا سے ہدایت پا کر اپنی زندگی میں نیک کاموں کی بدولت خدا کی بادشاہت کے لیے بہت کام کیا۔ خدا نے آپ کو معجزات کی قوت بھی عطا کی تھی۔ ایک بار جب آپ کے علاقے میں سخت قحط اور کال پڑا تو آپ اپنی ڈایوسیس کے کونے کونے میں حالات سے واقفیت کے لیے گئے اور اکثر معجزانہ طور پر بھوک و افلاس کے شکار لوگوں کو کھانے کے لیے روٹی مہیا کرتے رہے۔ روایت بیان کی جاتی ہے کہ ایک دفعہ جب آپ ملاقات کے لیے ایک گھر سے دوسرے گھر جا رہے تھے تو آپ کی ملاقات ایک شیطان صفت شخص سے ہوئی اس نے آپ کو کھانے کی دعوت دی جسے آپ نے قبول کر لیا۔جب آپ کھانا کھانے بیٹھے تو آپ کے سامنے بھونے ہوئے گوشت کی پلیٹ رکھی۔ جس کو دیکھتے ہی خداوند کی طرف سے آپ کو آگاہی ہوئی کہ یہ تو انسانی بچوں کا گوشت ہے۔ اس پر آپ نے اپنے میزبان کو خوب ملامت کیا اور اسے ساری باتوں سے آگاہ کیا۔ اس پر ڈرتے اور کانپتے ہوئے اس شخص نے اپنے سنگین جرم کا اعتراف کر لیا۔ آپ نے اسے جرم کی جگہ لے جانے کو کہا جب آپ وہاں گئے تو آپ نے تین بچوں کی دیگر باقیات وہاں پر دیکھی اور جیسے ہی آپ نے دْعا کی اور اْن پر صلیب کا
نشان بنایا اور وہ جیتی جان ہو گئے اور آپ نے ان تینوں بچوں کو ان کے والدین کو لوٹا دیا۔ اسی وجہ سے آپ کو”بچوں کا مربی“بھی کہا جاتا ہے۔
ایک اور واقعہ یوں ہے کہ جب آپ کو علم ہوا کہ ایک خاندان جو نہایت غریب ہے۔ اپنی روزمرہ کی ضروریات کو پورا کرنے اور اپنی تین جوان بیٹیوں کا جہیز بنانے کی غرض سے انہیں بْری راہ پر چلنے کے لیے بیچ دینا چاہتے ہیں۔ تو آپ اسی رات گئے اور خاموشی سے کھڑکی کے ذریعے سونے سے بھرے ہوئے تین تھیلے رکھ کر چلے گئے اور اس طرح وہ خاندان برائی کے راستے پر جانے سے بچ گیا۔
جرمنی کے لوک داستانوں نے آپ کو کرسمس کی ”شب کا شخص“ (Weihnachtsmann)بنا دیا ہے۔جبکہ انگریزی زبان بولنے والوں نے آپ کے جرمن نام کلاؤز سے آپ کو”سانتاکلاؤز“ کہا۔ گیارویں صدی سے آپ کو ”کرسمس فادر“یا ”بابائے بڑا دن“کا نام دیا گیا۔ جس کا کام خوشیاں دوبالا کرنا، نیک زندگی بسر کرنے کی ترغیب دینا اور بچوں بڑوں میں تحائف تقسیم کرنا ہے۔
اب آپ پوری دنیا میں اسی نام اور انہی کاموں کی وجہ سے جانے جاتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ آپ کو آخری وقت میں قید و بند کی صعوبتیں سہنی پڑیں اور اسی دوران 350 میں آپ اس جہان فانی سے رحلت کر گئے۔ اے مقدس نکولاس ہمارے واسطے دْعا کر!