مقدس لوقا (انجیل نویس،طبیب اور مصور)
مقدس لوقاانطاکیہ میں پیدا ہوئے۔ یسوع مسیح کو قبول کرنے سے پہلے آپ غیر قوم میں تھے۔ پیشے کے لحاظ سے طبیب تھے اور کہا جاتا ہے کہ آپ ایک اچھے مصور بھی تھے۔ آپ نے خداوند یسو ع مسیح اور مقدسہ مریم کی تصاویر بھی بنائیں۔ جن میں سے مقدسہ مریم کی ایک تصویر کو خاصی شہرت حاصل ہوئی۔ آپ کو یونانی زبان پر خاصہ عبور حاصل تھا۔یسو ع مسیح کو قبول کرنے کے بعد آپ مقدس پولوس کے ساتھ اْس کے ہم خدمت بن گئے اور اْسی کے ساتھ بشارتی خدمت کے لیے ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے لگے۔ آپ کی دو تحریریں بے حد مقبول ہیں ایک انجیلِ مقدس اور دوسری رسولوں کے اعمال۔ بے شک آپ خود خداوند یسو ع مسیح سے نہ ملے تھے۔لیکن اس سے پہلے کہ آپ کچھ تحریر کرتے آپ نے نہ صرف اْن لوگوں سے جو مسیح خداوند کو جانتے تھے ملاقات کی بلکہ اْن سے مختلف امور کی آگاہی بھی حاصل کی۔ کہا جاتا ہے کہ آپ نے یسوع کی پیدائش کے واقعات خود مقدسہ مریم سے براہ راست حاصل کیے تھے۔ اسی وجہ سے ہمیں فرشتے کے پیغام،مقدسہ مریم کی الیصابات کے ساتھ ملاقات، مقدسہ مریم کے ترانے، یوحنا اصطباغی کی پیدائش اور خداوند یسوع کی پیدائش کی خاصی تفصیل ملتی ہے۔ بلکہ مصر کی ہجرت اور خداوند یسو ع مسیح کی زندگی کے دیگر واقعات بھی مقدسہ مریم کی زبانی آپ تک پہنچے۔ آپ کی انجیلِ مقدس میں کچھ منفرد اور دلکش تمثیلیں بھی پائی جاتی ہیں جن میں کھوئی ہوئی بھیڑ،کھویا ہوا درہم، مصرف بیٹا اور 10 کوڑھی قابل ذکر ہیں۔آپ نے خداوند یسو ع کے ان کاموں واقعات اور تعلیم کا بھی ذکر کیا ہے جس سے غریبوں اور گنہگاروں سے اس کی محبت اور ہمدردی ظاہر ہوتی ہے۔ رسولوں کے اعمال میں آپ بالخصوص کلیسیا کے فروغ کا بیان کرتے ہیں۔ اس کو اکثر انجیل روح القدس کے نام سے پکارا جاتا ہے۔ آپ کے ان دونوں تحریروں کا مرکز یہ ہے کہ ہر کوئی جان لے کہ مسیح خداوند ہر ایک شخص کا انفرادی طور پر اور ساری دنیا کا اجتماعی طور پر نجات دہندہ ہے۔ مقدس پولوس رسول کی شہادت کے بعد بھی آپ نے اپنی منادی کا سلسلہ جاری رکھا اور 84 برس کی عمر پائی اور یونان میں راہ ِخداوندی کے لیے شہید ہوئے۔ کلیسیا ہر سال آپ کی عید 18 اکتوبر کو مناتی ہے۔