مقدس دماسس اوّل(پاپائے اعظم)
مقدس دماسس 305خ م کو روم میں پیدا ہوئے۔آپ کے والد ایک مذہبی راہنما تھے۔اْنہی کے ہاتھوں آپ کی تعلیم و تربیت ہوئی۔بڑے ہونے پر آپ شماس بنے اور کچھ عرصہ تک آپ اپنے والد کے ساتھ خدمت کرتے رہے۔کاہن بننے کے بعد آپ نے اْس وقت کے پاپائے اعظم کے ساتھ مل کر خدمت کی،جنہوں نے آپ کو کلیسیا کی بڑی ذمہ داریاں سونپی۔جب پاپائے اعظم کو جلا وطن کر دیا گیا تو آپ اْن کے ساتھ ہی چلے گئے۔پاپائے اعظم کی وفات کے بعد آپ کو پاپائے اعظم منتخب کر لیا گیا۔لیکن اْسی وقت ایک اور گروہ نے اپنے کسی شخص کو بھی پاپائے اعظم ہونے کیلئے چْن لیا۔اس طرح کلیسیا میں کافی ناچاقی اور انتشار پھیلتا رہانیز اْس کے بہت سے سنگین نتائج بھی بر آمد ہوئے۔آپ پر سنگین الزامات بھی لگائے گئے۔جس کا دفاع آپ کو سماجی اور کلیسیائی عدالت کے سامنے کرنا پڑا۔ان سب پریشانیوں اور مشکلات کے باوجود آپ نے چوپانی خدمت جاری رکھی۔آپ نہایت سادہ زندگی بسر کرتے تھے۔مقدس دماسس اپنے علم کو استعمال کر کے اْس وقت کی غیر مستندتعلیم کے بارے میں لوگوں کو آگاہ کرتے اور صحیح تعلیم دیتے تھے۔آپ ہی کے دور میں مسیحت کو روم کا سرکاری مذہب قرار دیا گیا۔لاطینی زبان کو بھی اِسی دور میں لطوریائی زبان کا درجہ ملا۔آپ ہی نے مقدس جیروم کو کلام ِمقدس کا لاطینی ترجمہ کرنے کو کہا۔آپ ہی نے عبادت کے دوران گانے کیلئے مزامیر کو ترجیح دی لیکن جب وہ پڑھے جائیں تواْن کے اختتام کیلئے جلال باپ اور بیٹے کہنے کا فرمان جاری کیا۔اس طرح تقریباً18برس اور 2ماہ بھرپور خدمت کرنے بعدآپ 384میں ابدی نیند سو گئے۔ آپ کی عید 11دسمبر کو منائی جاتی ہے۔