مقدس جان با سکو(نوجوانوں کا باپ اور محبت کا معلم)
مقدس جان باسکونوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور روحانی رہنمائی کے لیے خاص طور پر مشہور ہیں۔ وہ ایک نہایت مہربان کاہن، بصیرت افروز اْستاد اور سماجی مصلح تھے، جنہوں نے اپنی پوری زندگی غریب، یتیم اور نظر انداز کیے گئے بچوں کے نام وقف کر دی۔ انہیں دنیا بھر میں ڈان بوسکوکے نام سے جانا جاتا ہے
مقدس جان باسکو16 اگست 1815ء کو بیکی (Becchi) نامی گاؤں میں پیدا ہوئے، جو اٹلی کے علاقے پیڈمونٹ میں واقع ہے۔ اْن کے والد کا انتقال اْس وقت ہو گیا جب وہ صرف دو برس کے تھے۔ اْن کی والدہ، مامہ مارگریٹا، ایک نہایت دیندار اور مضبوط ایمان والی خاتون تھیں جنہوں نے جان بوسکو کی تربیت ایمان، محنت اور قربانی کے جذبے کے ساتھ کی۔
بچپن ہی سے جان بوسکو کو خوابوں اور رْوحانی الہام کا تجربہ ہوا، جن میں انہیں یہ پیغام ملا کہ اْن کا مستقبل نوجوانوں کی خدمت سے وابستہ ہوگا۔ یہی خواب بعد میں اْن کی پوری زندگی کے نصب العین بنے۔
جان باسکو نے شدید مالی مشکلات کے باوجود تعلیم جاری رکھی۔ انہوں نے اپنی تعلیم کا خرچ پورا کرنے کے لیے مختلف کام کیے اور اپنی غیر معمولی ذہانت اور عزم سے آگے بڑھتے گئے۔ 5 جون 1841ء کو انہیں کاہن مقرر کیا گیا۔کہانت کا ساکرامنٹ حاصل کرنے کے بعد انہوں نے خاص طور پر صنعتی شہروں میں کام کرنے والے غریب نوجوانوں پر توجہ دی، جو تعلیم، اخلاقی تربیت اور خاندانی سہولتوں سے محروم تھے۔ مقدس جان باسکو نے نوجوانوں کے لیے اوریتوریو (Oratory) قائم کیا، جہاں بچوں اور نوجوانوں کو نہ صرف تعلیم دی جاتی تھی بلکہ انہیں محبت، احترام اور اخلاقی اقدار بھی سکھائی جاتی تھیں۔ اْن کا تعلیمی فلسفہPreventive Systemکہلاتا ہے، جس کی بنیاد تین اصولوں پر ہے:
*عقل
* مذہب
* محبت
وہ سزا کی بجائے محبت، مکالمہ اور رہنمائی پر یقین رکھتے تھے۔ اْن کا ماننا تھا کہ نوجوانوں کے دل محبت سے جیتے جا سکتے ہیں۔1859ء میں مقدس جان باسکونے اپنی جماعت (Salesians of Don Bosco)کی بنیاد رکھی، جو مقدس فرانسس ڈی سیلز کے نام سے منسوب ہے۔ بعد ازاں انہوں نے خواتین کے لیے بھی”ڈاٹرز آف میری ہیلپ آف کرسچنز“کی جماعت قائم کی۔ آج یہ جماعتیں دنیا بھر میں نوجوانوں کی تعلیم اور تربیت کے لیے خدمات انجام دے رہی ہیں۔
مقدس جان باسکونہایت سادہ، خوش مزاج اور محبت کرنے والی شخصیت تھے۔ وہ نوجوانوں کے ساتھ کھیلتے، ہنستے اور اْن کی بات سنتے تھے۔ اْن کی زندگی دْعا، قربانی اور خدا پر مکمل بھروسہ سے بھرپور تھی۔ اْن سے کئی روحانی واقعات اور معجزات بھی منسوب کیے جاتے ہیں۔
مقدس جان باسکو 31 جنوری 1888ء کو اٹلی میں وفات پا گئے۔ اْن کی وفات پر ہزاروں نوجوانوں نے اپنے محسن کو اشکبار آنکھوں سے رخصت کیا۔
انہیں 1929ء میں مبارک (Beatified) اور 1934ء میں پوپ پائس گیارہویں نے مقدس (Canonized) قرار دیا۔ کلیسیا میں انہیں ”نوجوانوں کا سرپرست“ مانا جاتا ہے۔اْن کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ نوجوانوں کی محبت، رہنمائی اور درست تربیت ایک بہتر معاشرے کی بنیاد رکھتی ہے۔ انہوں نے دکھایا کہ ایک اْستاد اور راہنما صرف سیکھاتا نہیں بلکہ محبت کرتا، سمجھتا اور راستہ دکھاتا ہے۔ آج بھی دنیا بھر کے تعلیمی اور روحانی ادارے اْن کی تعلیمات سے روشنی حاصل کر رہے ہیں۔