مقدسہ مریم مجدلی(پریم دیوانی)
مقدسہ مریم مجدلی پریم دیوانی ہے۔ یسوع کی تلاش میں وہ دیوانی ہو گئی۔اْسے کسی پل چین نہیں ملتا تھا۔ وہ ایک جنون میں مبتلا تھی۔ محبت کا جذبہ تخلیق کرنے والے نے جیسے گھٹی میں امر ت دھارا ملا کر مریم مجدلی کو پلایا اور زندگی کی دْعا دیتے ہوئے کہا:جاؤ پھلو، پھولو اور مسیح کی محبت میں بڑھتی رہو۔اْسے یہ دْعا یوں لگی کہ اْس کی محبت کے تسلسل کی ڈور کسی مقام پر ٹوٹتی ہے نہ کمزور ہوتی ہے۔ اِس ڈور کا ایک سرا سانس کے ساتھ تو دوسرا سرا یسو ع کے ساتھ بندھا ہے۔ مریم مجدلی کی اپنی ایک الگ شناخت ہے۔ لوگ عشق کی بات کرتے ہیں جبکہ محبت کے مرحلے ہی طے کر لیں تو بڑی بات ہے۔مقدسہ مریم مجدلی نے یسوع سے محبت بھی کی اور عشق بھی۔ وہ اپنی فطرت میں صوفی اور درویش ہے۔ مریم مجدلی محبت کے سمندر میں ڈوب کر نکلی۔ اْس نے یسو ع کو دیکھا چھوا،اْس سے باتیں کیں۔کلام مقدس کے مطالعے سے معلوم ہوتا ہے کہ مقدسہ مریم کے بعد اگر کوئی خاتون زیادہ عظمت اور مرتبہ رکھتی ہے تو وہ مریم مجدلی ہے۔
تاہم یہ حقیقت ہے کہ اس کی شخصیت کے بارے میں ناموں کے مطابقت کی وجہ سے دو رائے پائی جاتی ہیں۔ کلام ِمقدس کے کچھ ماہرین کہتے ہیں کہ انہیں ایسی کوئی شہادت نہیں ملتی جس سے یہ ثابت ہو کہ بے نام خاتون جس نے خداوند یسوع مسیح کے پاؤں پر قیمتی عطر ملا وہ مریم مجدلی ہے۔ مریم مجدلی کا تعلق مجدل شہر سے ہے۔یہی وجہ ہے کہ اْنھیں مجدلی پکارا جاتا ہے۔جس میں سے سات بد روحیں بھی نکلی تھیں۔
یہ اْن خواتین میں شامل تھیں جو مسیح خداوند اور اْس کے شاگردوں کی اپنے مال سے خدمت اور مدد کرتی تھیں۔ اْنھیں یہ شرف بھی حاصل ہوا کہ وہ مقدسہ مریم، چند دیگر خواتین اور یسوع کے پیارے شاگرد یوحنا کے ساتھ اپنے خداوند کی صلیب کے تلے کھڑی تھیں۔ اس سے بڑا اعزاز اور کوئی نہیں ہو سکتا کہ مردوں میں سے جی اْٹھنے کے بعد خداوند یسوع مسیح نے مریم مجدلی سے باتیں کیں۔ وہ پہلی مبشرہ ہے وہ یسوع کے جی اْٹھنے کی پہلی مستند اور مضبوط گواہ ہے۔
ایک محبوبہ نے ٹوٹ کر اپنے عاشق سے محبت کی ہے۔ جذبہ سچا ہو، اْس میں خلوص ہو، لگن اور جستجو ہو،تو پھر خدا مل ہی جاتا ہے اور محبوب بھی۔ مراقبہ،د ھیان وگیان،تپسیا، وجدان کی کیفیت جلوت، خلوت اور سلوک کی منازل طے کرنے سے عشقِ حقیقی سے ملاقات ہو جاتی ہے۔ ہیر رانجھے کی تلاش میں جنگل ویلے چھان دیتی ہے۔ اْسے اپنے رانجھے سے ملنے کی تڑپ ہے۔ اسے اور کچھ دیکھائی ہی نہیں دیتا کیونکہ اْس کے اندر اور باہر رانجھا ہے۔ یہ عشق کی معراج ہے کہ بالآخر دو بچھڑی ہوئی روحیں آپس میں ملتی ہیں۔ مریم مجدلی نے گناہ کئے تو جی بھر کر۔ اب تائب ہوئی ہے تو بھی کمال درجے کی۔ اْس نے لمبی زلفوں والے عبرانی ربی کو بسنتی چولے میں دیکھا تو پھر دیکھتی ہی رہ گئی۔ مجدلی ٹکٹکی باندھے یسوع کے نورانی چہرے کو دیکھتی ہے تو آنکھیں جھپکنا بھول گئی۔ یسوع کی شخصیت چنار کی طرح خوبصورت ہے جسے دیکھ کر مجدلی تبدیل ہو گئی۔ یسوع کو تلاش کرتے کرتے وہ شمعون فریسی کے گھر جا پہنچی۔یسو ع کے قدموں میں گرِی ہے تو گنہگار ہے،فاحشہ ہے۔وہ اپنے آنسو یسوع کے پیروں پر گرِاتی ہے۔ اْس نے اپنے لمبے سیاہ بالوں کا گچھا یسوع کے قدموں پر ڈھیر کر دیا۔ سارا آنگن بالوں کی خوشبو سے مہک اْٹھا۔
سر قدموں میں گرِا تو وہ گنہگار تھی سر ْاٹھایا تو مقدسہ تھی۔مہربانی اور خیر کی پیکر تھی۔ محبت، عشق اور عقیدت کی انتہا دیکھیے۔ محبت معجزے کرتی ہے۔ وہ گنگا میں اشنان کرتی ہے۔ محبت کے آنسو انسانوں کو پگھلا دیتے ہیں۔ انہیں بدل دیتے ہیں۔ اس کے آنسوؤں میں ندامت ہے، توبہ تبدیلی ہے۔یسوع اس خاتون کی تبدیلی سے بہت متاثر ہوا۔آنسوؤں کا نذرانہ مجدلی کو امر کر گیا۔کہا جاتا ہے کہ محبت اور عقیدت اپنی جگہ بنا لیتی ہے۔ یسوع نے کہا چونکہ اس نے بہت محبت دکھائی اس کے سارے گناہ معاف کر دیے۔اس کے سارے پاپ آنسوؤں میں بہہ گئے۔ وہ پاک ہو گئی۔
الفاظ انسانوں کو مار بھی دیتے ہیں اور نئی زندگی بھی دے دیتے ہیں۔ یسوع مردوں میں سے جی اْٹھنے کے بعد مریم مجدلی سے ملے۔ یسو ع نے صرف مریم کا نام ہی لیا تو مریم بے ساختہ پکار اْٹھی ربونی! مریم کے وجود میں ہلچل مچ گئی۔ یسو ع سے یہ ملاقات مریم کو زندگی بھر نہیں بھولی۔ پورے گروہ میں اگر کوئی آپ کا نام بھی پکارے تو ہماری اندر بھی خوشی کی ایک لہر دوڑ جاتی ہے۔ وہ جی اْٹھے مسیحا سے باتیں کرنے والی پہلی شخصیت ہے۔ کوہِ کلوری پر بھی صلیب کے نیچے وہ یسوع کی ماں مریم کے ساتھ کھڑی رہی اور آخری دم تک یسوع کے ساتھ رہی۔ وہ قبر پر دیوانوں کی طرح یسو ع کو تلاش کرتی ہے یہ محبت اور عشق کی معراج ہے۔ کہ یسوع نے اْس سے کہا مجھ سے نہ چمٹنا کیونکہ ہنوز میں اپنے باپ کے پاس اوپر نہیں گیا۔ میرے بھائیوں کے پاس جا۔ اْن سے کہہ کہ میں اپنے باپ اور تمہارے باپ کے پاس یعنی اپنے خدا اور تمہارے خدا کے پاس اْوپر جاتا ہوں۔ مریم مجدلی نے آ کر شاگردوں کو خبر دی کہ میں نے خداوند کو دیکھا ہے اور اْس نے مجھ سے یہ باتیں کہی ہیں یقینا مقدسہ مریم مجدلی پہلی مبشرہ ہیں وہ خوشخبری پھیلانے والی پہلی مقدسہ ہیں جو کہتی ہے کہ میں نے خداوند کو دیکھا ہے۔ مقدسہ مریم مجدلی دو منیکن جماعت کی بھی مربیہ مبشرہ ہے۔ اب مریم مجدلی یسوع کا نعرہ بلند کرتی نظر آتی ہے۔یسوع کی موت کے بعد وہ دیوانی ہو گئی تھی۔ اْس کی روح بے چین ہو گئی تھی۔ جب یسو ع اْسے مل گیا تو اْس کی خوشی کی تو کوئی انتہا نہ رہی۔
جی اْٹھے مسیحا کو دیکھ لینے اور اْس سے مل لینے کے بعد مریم مجدلی خداوند کے حکم کے مطابق بڑی دلیر اور بے باکی، جوش و جذبے اور انتہائی خوشی وشادمانی کے جذبات کے ساتھ خداوند کے شاگردوں کے پاس اْس کے مردوں میں سے جی اْٹھنے کا پیغام لے کر گئی۔ مریم مجدلی نے یسوع سے بے حد محبت کی۔ مقدسہ مریم مجدلی کی عید تمام مومنین اور خصوصاًخواتین کو اِس بات کی بھر پور دعوت دیتی ہے کہ وہ خداوند کے ساتھ وقت گزاریں۔ اْس کی باتیں سنیں۔ اْس سے سیکھیں۔ اپنی زندگی کے واقعات اور تجربات کے ذریعے اْس کے نام کا پرچار کریں۔مریم مجدلی آج بھی تمام مومنین کو مسیح سے پیار کرنے نیزد لیری اور بے باکی کے ساتھ انجیل کی بشارت کی دعوت دیتی ہیں۔ مقدسہ مریم مجدلی کی عید ہر سال 22 جولائی کو منائی جاتی ہے۔
آپ سبھی کو مقدسہ مریم مجدلی پریم دیوانی کی عید بہت بہت مبارک ہو!