مقدسہ لُوسی(کنواری شہید)
آپ اِٹلی کے شہر سیراکُوزے میں 283میں ایک امیر معزز گھرانے میں پیدا ہو ئیں۔آپ کے والد رومی تھے جبکہ والدہ یونانی تھیں۔ آپ پانچ برس کی تھیں جب آپ کے والد اِنتقال کر گئے۔ آپ کی والدہ نے آپ کی تربیت نہایت مذہبی ماحول میں کی۔
آپ اِنتہائی خُوبصُورت تھیں اور آپ کی خُوبصورت آنکھوں کی تو شہرت پورے شہر میں تھی۔بچپن ہی سے آپ دُعاا وریاضت کی طرف را غب تھیں۔ دُنیاوی شان و شوکت، دولت اور شادی کو ٹھکرا کر اپنے آپ کو خُداوند کے لئے وقف کر دِیا تھا اور خُدا سے اپنے طور پر پاکیزگی کا عہد کرچُکی تھیں جِس سے آپ کی والدہ لا عِلم تھیں۔والدہ محترمہ بیمار رہنے کی وجہ سے آپ کے مستقبل کے بارے پریشان جلد شادی کی فِکر کرنے لگیں۔ اُنہوں نے آپ کی امیر گھر کے غیر قوم لڑکے سے شادی طے کر دی۔آپ تین سال تک اپنی والدہ کو ٹالنے کی کوشش کرتی رہیں اور باآخر بفضلِ خُدا پاکیزگی کا عہد وفاکرپائیں۔
آپ نے کتانیہ شہر مقدسہ آگاتھا کے مقبرہ پر جانے کے لیے اپنی والدہ کو قائل کیا۔ آپ کو یقین تھا کہ ضرور وہ وہاں بیماری سے شِفا پائیں گی۔جب آپ وہاں تھیں تو مقدسہ آگاتھا آپ سے خواب میں ملیں اور آپ کو بتایا کہ آپ کے ایمان کی بدولت آپ کی والدہ شِفا پائیں گی اوریہ بھی کہا کہ آپ سیراکُوزے کی شان ہوں گی جیسے مقدسہ آگاتھا کتانیہ کی ہیں۔آپ کی والدہ نے واقعتاً شِفا پائی۔
تب آپ نے اُنہیں اپنے پاکیزگی کے عہد کے بارے میں آگاہ کِیا۔والدہ نے حامی بھری کہ آپ اپنے عہد کے مُطابق زندگی جی سکتی ہیں۔ لہٰذا آپ نے والدہ سے درخواست کی کہ جہیزکو غریبوں میں بانٹ دِیا جائے۔
آپ کا منگیتر آپ کی مرضی جان کر طیش میں آ گیا اورآپ کے مسیحی ہونے کی خبر سیراکُوزے کے گورنرپاسکاسئیس(Paschasius) کو دے دی۔پاسکاسئیس نے حُکم دِیا کہ شہنشاہ کے آگے قُربانی چڑھائیں۔ قُربانی نہ چڑھانے پر آپ کو طوائف خانہ بھیجنے کی سزا سُنائی گئی۔ تاکہ آپ کی پاکیزگی کو داغ لگایا جا سکے۔آپ نے طوائفوں کے درمیان رہ کر بھی دُعا اور ریاضت کے ذریعے اپنی پاکیزگی کو محفوظ رکھا۔ شہنشاہ کی طرف سے حکم ہُوا کہ آپ کی آنکھیں نِکال کر آپ کی خُوبصُورتی کو مسمار کِیا جائے۔
آپ نے با ہِمّت انداز میں خُود اپنی آنکھیں نِکال کر پیش کر دیں۔ گورنر نے آپ کو جلا دینے کا حُکم دِیا۔جب آپ کو جلانے کے لئے لے جایا جا رہا تھا تو معجزانہ طور پر آپ کی آنکھیں بحال ہو گئیں اور آپ کی خُوبصورتی پہلے سے کہیں زیادہ پُر کشش ہوگئی۔ گورنر کے حُکم کے مطابق آپ کے گرد آگ لگا دی گئی مگر آگ نے بھی آپ کا کُچھ نہ بِگا ڑا۔ آخر کار تلوار سے آپ کی گردن کاٹ دی گئی۔ ےُوں آپ نے شہنشاہ ڈایوکلیشن(Dioclacion) کی ایذارسانیوں کے دوران13دسمبر304 کوشہادت پائی۔آپ کو سِسلی میں ہی دفنایا گیا۔400سال تک آپ کا جسدِ خاکی سِسلی میں ہی رہا۔بعدا زاں آپ کے جسدِ خاکی کو اِٹلی کے شہر ابروسّو(Abruzzo) میں مُنتقل کر دِیا گیا۔یوں اِٹلی کے شہروں اور پھر پوری دُنیا میں آپ کی عقیدت پھیلتی گئی۔
لاطینی میں (Lux)کا مطلب ہے روشنی۔اِسی لئے مقدسہ لُوسی کوسرد اندھیری راتوں میں روشنی کی علمبردار کہا جا تا ہے۔تصویروں میں اکثر آپ تھالی میں اپنی آنکھیں پکڑے ہوئے،یا زیتون کی شاخ(جو کہ شہادت کی علامت ہے) کے ساتھ دِکھایا جا تا ہے۔
مشہور رومی شاعر دانتے اپنی کِتاب (Divina Commedia)میں آپ کو مختلف جگہوں پر پُر معنی انداز میں پیش کرتا ہے۔ مقدسہ لوسی دانتے کو دو دفعہ اندھیرے سے نِکالتی ہے۔وہ اُسے دوزخ کے اندر سے گُزرنے کے لئے حوصلہ دِلاتی ہے۔ اِس کا مطلب اُسے نِجات کی طرف مائل کرتی ہے۔نظم”بہشت“ میں اُسے ”روشن کرنے والے فضل“، ”رحم“ اور ”اِنصاف“ کے طور پر پیش کِیا گیا ہے۔آپ کو نابینوں اور آنکھوں سے متعلق تمام بیماریوں کے لئے مربی مانا جا تا ہے۔