اسکندریہ کا مقد س سرِل(بشپ،معلمِ کلیسیا)

آپ 370س میں مصر کے شہر اسکندریہ میں پیدا ہوئے۔آپ کے گھرانے میں نامی گرامی شخصیات تھیں۔آپ اپنی تعلیم،مضبوط ایمان اور پختہ عقیدہ کے محافظ کے طور پر جانے جاتے ہیں۔آپ ایک مشہور معلم اور بعد ازاں اسکندریہ کے آرچ بشپ مقرر ہوئے۔علم الہٰیات کے میدان میں آپ کو بلند مقام حاصل ہے۔آپ نے اْس وقت کی بے شمار غلط فہمیوں کی وضاحت کی اور سچے ایمان کا پرچارکیا۔آپ نے اْس وقت کی منعقدہ اہم کلیسیائی مجالس میں اہم کردار ادا کیا۔جب نسطورین نے خداوند یسوع کی دو ذاتوں پر متضادتعلیم دی تو آپ نے اْس تعلیم کو درست کیامقدسہ مریم کے حوالے سے بھی جب نسطورین نے یہ چاہاکہ اْس کو خدا کی ماں کے بجائے یسوع کی ماں کہا جائے تو آپ نے اِس کی سخت مخالفت کی اور اِس بات کو سمجھایاکہ مقدسہ مریم بیک وقت نہ صرف یسوع انسان کی بلکہ یسوع خدا کی ماں بھی ہے۔ 431خ س میں پاپائے اعظم کی نمائندگی کرتے ہوئے آپ نے افسس کی مجلس میں نسطورین کی تعلیم کو سختی سے رد کر دیا۔لیکن اس کے سبب آپ کو تین ماہ کیلئے نظر بند کر دیا گیا اور اس کے بعدآپ واپس اسکندریہ لوٹ گئے۔
آپ اپنی مذہبی تعلیم کی تحریروں،مختلف تفاسیراور ایمان کے دفاع کی تحریروں کے حوالے سے خوب مشہور ہیں۔آپ 444خ س میں ابدی نیند سو گئے۔
اے مہربان خداوندخدا!سارا علم اور حکمت تجھ سے آتی ہے۔ابتدائی کلیسیا میں تْو نے اپنے بندوں کو بخوبی استعمال کیا تاکہ وہ ایمان کی صحیح تشریح کر سکیں۔ہمیں یہ فضل بخش کہ ہم اپنے ایمان پر فخر کریں اور اْس پر پختگی سے قائم رہیں۔آمین
 اے اسکندریہ کے مقد س سرِل
ہمارے واسطے دْعا کر!