کیتھولک چرچ اور سکھ برادری کے رہنماؤں کی گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں امن کے لیے ملاقات

مورخہ 02 اکتوبر 2025کو  فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی سرپرستی میں پاکستان میں امن، رواداری اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے کیتھولک چرچ اور سکھ برادری کے رہنماؤں کے درمیان گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں ایک ملاقات کا انعقاد کیا گیا۔اس دورے کا بنیادی مقصد موجودہ پْرآشوب حالات میں امن، رواداری اور باہمی احترام کے پیغام کو اْجاگر کرنا تھا۔ 
کیتھولک وفد کی قیادت ریورنڈ فادر اعظم صادق  او۔ ایف۔ ایم کیپ، ڈائریکٹر کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ و اتحاد (CCIDE) نے کی، جن کے ساتھ ریورنڈ فادر سلویسٹر، ریورنڈ فادر  صابر، ریورنڈفادر تسنیم، ریورنڈفادر میاسم اور کمیشن کے دیگر اراکین شامل تھے۔وفد کو گوردوارہ پنجہ صاحب کی تاریخ اور اس کی اہمیت کے بارے میں تفصیلی آگاہی بھی دی گئی۔
گوردوارے کے گرنتھی جناب کل بیر سنگھ اور ان کی ٹیم نے وفد کا پُرجوش استقبال کیا۔اس موقع پر دونوں مذاہب کے رہنماؤں نے باہمی احترام اور اتحاد کے پیغامات پیش کیے۔فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے گرو نانک کی زندگی اور تعلیمات کو سراہتے ہوئے ان کے امن، روحانیت اور انسانی وقار کے پیغام کو خراج تحسین پیش کیا۔جناب کل بیر سنگھ نے بدلے میں مسیحی ایمان کو سراہا، اس کی روحانی میراث کو تسلیم کیا اور دنیا بھر میں امن کے لیے مسیحیوں کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان میں مسیحیوں کی خدمات، خاص طور پر تعلیم اور صحت کے شعبوں میں، پر بھی اظہارِ تشکر کیا۔
  بعد ازاں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد  نے اپنے دستِ مبارک سے کیتھولک کمیشن برائے بین المذاہب مکالمہ و اتحاد کی جانب سے نیک خواہشات کے طور پر، سکھ میزبانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کیں 
دورے کا اختتام پر دونوں مذاہب کے رہنما وں نے ملکر ملک کی ترقی، خوشحالی اور پائیدار امن کے لیے دعا ئیں مانگیں۔۔

Daily Program

Livesteam thumbnail