مقدس یوسف کی طرح دوسروں کو اپنی زندگی کی خوشبو سے معطر کریں۔ریورنڈ فادر آصف سردار
مورخہ 19مارچ 2025کو سینٹ انتھنی کیتھولک چرچ لاہور میں مقدس یوسف کی عید نہایت شادمانی سے منائی گئی۔خوشی اور شکر گزاری کے اس بابرکت دن پاک ماس کی اقدس قربانی ریورنڈ فادر آصف سردار (وکرِ جنرل آرچ ڈایوسیس آف لاہور)نے خدا کی نذر گزرانی جبکہ اْن کی معاونت ریورنڈ فادر بنجمن جوزف نے فرمائی۔دوران وعظ ریورنڈ فادر آصف سردار نے بتایا کہ اگرچہ مقدس یوسف کا نسب نامہ ایک شاہی گھرانے سے تھا۔اس کے باوجود انہوں نے ساری زندگی غربت اور حلیمی میں بسر کی۔ جب بھی خدا نے مقدس یوسف سے کوئی کام لینا چاہا تو آپ نہ صرف ہاں کرتے بلکہ اْسی وقت کرتے،چاہے وہ کام کتنا ہی مشکل ہوتا اسی لئے کلامِ مقدس اْنھیں ”راستباز“ کا لقب دیتا ہے۔ فادر موصوف نے بتایا کہ بیسویں صدی میں جب کلیسیا بڑے نشیب و فراز سے گزر رہی تھی تو پاپائے اعظم پائس نہم نے مقدس یوسف کی مدد اور سفارش چاہی۔ پاپائے اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مقدس یوسف پاک خاندان کا محافظ تھا تو وہ ہماری بھی محافظت کر سکتا ہے پس پاپائے اعظم نے مقدس یوسف کو ”عالمگیر کلیسا کا محافظ“ بھی قرار دیا۔اپنے پیغام کے اختتام میں کہا کہ آئیں آج ہم بھی مقدس یوسف کی شفاعت مانگیں تاکہ ہم بھی ہر حالات میں خدا کے وفادار بنیں اور راستبازی کی زندگی گزاریں۔پاک ماس کے بعد مقدس یوسف کی عید کا کیک بھی کاٹا گیا۔
Daily Program
