عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے اپنے دستِ مبارک سے فیصل آباد ڈایوسیس کے پہلے کیتھولک نرسنگ کالج کا سنگِ بنیاد رکھا۔
مورخہ 29اپریل 2026کو عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے اوکاڑہ میں سینٹ میریز نرسنگ کالج کا سنگِ بنیاد رکھا۔جو فیصل آباد ڈایوسیس کا پہلا کیتھولک نرسنگ کالج ہے۔
مومنین سے خطاب کرتے ہوئے عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے اس منصوبے کو ایک تاریخی مشن قرار دیا جو علاقائی صحت کے نظام میں مثبت تبدیلی لائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نرسنگ کالج نہ صرف اس شہر بلکہ فیصل آباد کیتھولک ڈایوسیس کے پورے علاقے میں تربیت یافتہ طبی عملے کی کمی کو پورا کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
بشپ جی نے کہا کہ طبی تعلیم وقت کی اہم ضرورت ہے، اور کلیسیا کے صحت کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ہمیں مزید طبی کارکنوں کی ضرورت ہے۔ سینٹ میریز بی ایس این کالج ایک ایسا تعلیمی مینار ثابت ہوگا، جو اُن نوجوانوں کو بہتر مواقع فراہم کرے گا جو صحت کے شعبے میں خدمت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اُمید کا مشن ہے، جو مقامی نوجوانوں، خصوصاً مسیحی نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور اُنہیں ایک روشن مستقبل کی طرف بڑھنے میں مدد دے گا تاکہ وہ بیماروں اور دُکھ اْٹھانے والوں کی خدمت کر سکیں۔سنگِ بنیاد رکھنے سے قبل بشپ جی نے کاہنوں، سسٹرز صاحبات اور مومنین کے ساتھ پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی۔ انہوں نے اس منصوبے کو ڈایوسیز کے اُس عزم کا حصہ قرار دیا جس کا مقصد صحت کے شعبے کے کارکنوں کے لیے معیاری تعلیم کو فروغ دینااور ڈایوسیز و ملک میں طبی سہولیات کو مضبوط بنانا ہے۔
بشپ جی نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ سینٹ میریز بی ایس این کالج میں ہر سال 100 سے زائد طلبہ کو داخلہ دیا جائے، جبکہ مستقبل میں بڑھتی ہوئی ضرورت کے مطابق اس ادارے کو مزید وسیع بھی کیا جا سکے گا۔فیصل آباد کیتھولک ڈایوسیس دو لاکھ سے زائد کیتھولک مومنین کی خدمت کر رہی ہے۔ یہ ڈایوسیس صحت کے شعبے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے اس وقت دو ہسپتال، چھ ڈسپنسریاں اور ایک مڈوائفری ٹریننگ اسکول چلا رہی ہے۔
ریورنڈ فادر ندیم جان شاکر نے عزت مآب بشپ اندریاس رحمت کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہمیشہ ہماری ڈایوسیس کی اولین ترجیح رہی ہے۔ مجھے اْمید ہے کہ یہ کالج نوجوانوں کو پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرے گا اور پنجاب میں صحت کی خدمات کے لیے اُمید کی کرن ثابت ہوگا۔