سیگنس پاکستان اور قومی کمیشن برائے سماجی ابلاغیات کے زیر اہتمام ایوبیہ میں پانچ روزہ میڈیا ٹر یننگ کا انعقاد

مورخہ 22 تا26ستمبر 2025کو کیتھولک یوتھ سنٹر ایوبیہ میں سیگنس پاکستان اور قومی کمیشن برائے سماجی ابلاغیات کی جانب سے پانچ روزہ میڈیا ٹر یننگ کا انعقاد کیا گیا۔جس کا موضوع میڈیا ٹریننگ برائے ”ڈائریکٹرز اور پروڈیوسرز“ تھا۔اس ورکشاپ میں پاکستان کی تمام ڈایوسیس سے نوجوانوں نے بھر پور شرکت کی۔اس تربیتی ورکشاپ کا مقصد نوجوانوں کو جدید میڈیا سے ہم آہنگ کرنا اور پروڈکشن کے معیار کوبہتر بنانا تھا تاکہ میڈیا کے ذریعے مسیحی ایمان کے فروغ کو مزید موئثر بنایا جا سکے۔ 
فضیلت مآب آرچ بشپ جوزف ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ذرائع ابلاغ کے ذریعہ اْمید بانٹیں۔ انہوں نے  پوپ فرانسس کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کوئی بھی انفرمیشن ٹیکنالوجی  شخصی موجودگی کا نعم البدل  نہیں ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کو اْمید اور اچھائی کے فروغ کے لیے ذمہ داری سے استعمال کریں۔آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے ریورنڈ فادر قیصر فیروز اور ساری ٹیم کو ورکشاپ کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا اور میڈیا ٹریننگ کے اغراض و مقاصد کو بیان کیا۔ مسٹر سفیان اور مسٹر فیضان نے”فوٹوگرافی اور ویڈیو گرافی“ میں تکنیکی رہنمائی کی۔
ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے دوسرے روزمصنوعی ذہانیت کی اخلاقیات کے موضوع پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مصنوعی ذہانت ایک ایسی ٹیکنالوجی ہے جو مشینوں کو انسانوں کی طرح سیکھنے، سمجھنے اور فیصلے کرنے کی صلاحیت دیتی ہے۔ میڈیا اور اے آئی کی اخلاقیات اس بات پر زور دیتی ہیں کہ معلومات درست، غیر جانبدار اور انسانی اقدار کے مطابق پیش کی جائیں۔ ان کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ ٹیکنالوجی انسانیت کی خدمت کرے، نہ کہ اسے نقصان پہنچائے۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ڈیجیٹل مشنری ہوتے ہوئے آپ کی یہ اہم ذمہ داری ہے کہ آپ اْمید کی کہانیاں تلاش کریں۔  
ٹریننگ کے تیسرے روز مس جیسیکا نے آڈینس سٹڈی اور پرسونا کے حوالے سے بات کرتے ہوئے  بتایا کہ یہ دونوں کسی بھی کامیاب مواصلاتی یا تخلیقی منصوبے کا بنیادی حصہ ہیں۔ اس عمل میں سب سے پہلے یہ جاننا ضروری ہوتا ہے کہ ہمارا ہدفی سامع کون ہے، اس کی عمر، دلچسپیاں، ضروریات، مسائل اور ترجیحات کیا ہیں  نیز انہوں نے کہا کہ سمارٹ ہدف  ایک ایسا طریقہ ہے جو مقاصد کو واضح، قابلِ پیمائش اور وقت کے تعین کے ساتھ حقیقت پسندانہ بناتا ہے۔
 مسٹر آئزک عامر نے فلم سازی  کے موضوع کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ فلم سازی ایک تخلیقی عمل ہے۔ جس میں کیمرے کا زاویہ کہانی کے تاثر کو گہرا کرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے،  ویڈیو کا ہُک ابتدائی چند سیکنڈز میں ناظرین کی توجہ حاصل کرنے کا ذریعہ ہوتا ہے تاکہ وہ ویڈیو آخر تک دیکھنے میں دلچسپی لیں۔ کلر گریڈنگ کے ذریعے ویڈیو یا فلم کے رنگوں کو ہم آہنگ اور پرکشش بنایا جاتا ہے
چوتھے روز فضیلت مآب آرچ بشپ جوزف ارشد کا کیتھولک یوتھ سنٹر ایوبیہ میں پْرتپاک استقبال کیا گیا۔جس کے بعد میڈیا منسٹری کی ڈایوسزن رپورٹس پیش کیں گئیں۔
اس میڈیا ٹرینگ کے آخری روز ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے اپنے سیشن میں تجزیہ اور حکمتِ عملی کی منصوبہ بندی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ اس لیے ضروری ہے کہ ہم اپنے ڈایوسیزن میڈیا کی خدمت کو زیادہ فعال اور مؤثر بنا سکیں۔ اس کے لیے ہمیں موجودہ کارکردگی کا جائزہ لے کر کمزوریوں اور بہتری کے مواقع کی نشاندہی کرنی ہوگی۔ باقاعدہ رپورٹنگ، درست اور بامقصد خبر نویسی کے ذریعے میڈیا کی ساکھ مضبوط کی جا سکتا ہے۔ سوشل میڈیا کے لیے معیاری پروڈکشن یعنی دلچسپ ویڈیوز، تصاویر اور مختصر پیغامات تیار کرنا، ناظرین سے بہتر تعلق قائم کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔ منظم منصوبہ بندی، تخلیقی سوچ اور ٹیم ورک کے ذریعے کلیسیائی پیغام کو زیادہ مؤثر اور وسیع پیمانے پر پھیلایا جا سکتا ہے۔اسی روز شرکا ایوبیہ کی خوبصورت”جنت آبشار“  پر خوب لطف اندوز ہوئے۔
تربیتی ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز نوجوانوں کے لیے سیکھنے اور آگے بڑھنے کے شاندار مواقع فراہم کرتے ہیں، جو انہیں ایک روشن اور بہتر مستقبل کی جانب گامزن کرتے ہیں۔ انہوں نے اس کامیاب تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر ریورنڈ فادر قیصر فیروز اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی اور خواہش ظاہر کی کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے۔
اس موقع پر فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے شکرگزاری کی پاک ماس خدا کے حضور گزارنی اور تمام شرکاء میں اپنے دستِ مبارک سے اسناد تقسیم کیں۔ ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے کہا کہ مجھے بے حد مسرت ہے کہ ہمارے نوجوان میڈیا کے شعبے میں تعلیم اور ہنر کے ساتھ دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ میڈیا کے ذریعے امن، محبت اور خدا کے کلام کو دنیا تک پہنچانا ایک عظیم خدمت ہے، اس لیے سیکھتے رہیں اور اپنے علم کو دوسروں کے فائدے کے لیے استعمال کریں۔

آخر میں فادر قیصر فیروز نے فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد، تمام بشپ صاحبان، ہر ڈایوسیس کے فیس بُک و یوٹیوب چینلز کے ڈائریکٹرز، ٹرینرز اور تمام شرکاء کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے یہ تربیتی ورکشاپ کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔