سینٹ فرانسیس زیوئیر کیتھولک چرچ قیوم آباد کی تقدیس، روحانی خوشی کا تاریخی دن

مورخہ 21 جنوری 2026 کو سینٹ جیمس پیرش کے علاقہ قیوم آباد میں واقع سینٹ فرانسیس زیوئیر کیتھولک چرچ کی باقاعدہ تقدیس نہایت عقیدت اور روحانی جوش و خروش کے ساتھ انجام پائی۔ چرچ کی تقدیس فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس کے دستِ مبارک سے ہوئی، جو سینٹ جیمس پیرش اور بالخصوص قیوم آباد کے مومنین کے لیے ایک تاریخی، مسرت اور شادمانی کا دن تھا۔
اس موقع پرفضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ڈھول کی تھاپ پر انہیں پگھڑی، ہار اور گلدستہ پیش کیے گئے۔ چرچ کے باہرآرچ بشپ بینی نے چرچ کی چابی اور فائل پیرش پریسٹ ریورنڈ فادر افضل گلفام کے سپرد کی۔ بعد ازاں تختی کی نقاب کشائی کی گئی اور ربن کاٹ کر چرچ کا دروازہ کھولا گیا، جس کے بعد تمام مومنین چرچ کے اندر داخل ہوئے۔
پاک ماس کا باضابطہ آغاز جلوس کی صورت میں داخلہ کے گیت کے ساتھ ہوا۔ اس روحانی تقریب میں آرچ ڈایوسیس آف کراچی کے کاہن صاحبان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے پاک پانی چھڑک کر چرچ اور تمام مومنین کو برکت دی۔
بشپ صاحب نے وعظ کے دوران تین بنیادی نکات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ چرچ یا ہیکل خدا سے ملاقات کی جگہ ہے جہاں کلام اور یوخرست کے ذریعے مومن خدا سے ہم کلام ہوتا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ چرچ ایمان کی مضبوطی ہے، کیونکہ یہ جگہ یسوع مسیح میں ایمان کو مضبوط بنانے اور ساکرامنٹس کے تسلسل کی علامت ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ چرچ روشنی کی گواہی ہے، جہاں سے حاصل ہونے والی روشنی اندھیروں کو اجالے میں بدلنے کا سبب بنتی ہے۔علاوہ ازیں آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس نے تمام فادر صاحبان، عامتہ المومنین اور اُن تمام خیر خواہوں کا شکریہ ادا کیا جن کی روحانی اور مالی معاونت سے اس چرچ کی تعمیر ممکن ہوئی۔
 وعظ کے بعد کوائر کی جانب سے لطانیہ گائی گئی، جس کے بعد آرچ بشپ بینی نے تقدیس کی دعا ادا کی اور کرسمہ کے تیل سے الطار، دیواروں اور ستونوں کو مسح کیا۔ اس موقع پر لوبان جلایا گیا اور الطار کی مخصوصیت کے بعد اس پر کپڑابچھایاگیا، صلیب نصب کی گئی اور شمعیں روشن کی گئیں۔ یوخرستی عبادت کے بعد آرچ بشپ بینی نے پاک صندوق کو بھی برکت دی۔
عبادت کے اختتام پر پیرش پریسٹ ریورنڈ فادر افضل گلفام نے فضیلت مآب آرچ بشپ بینی ماریو ٹراوس، تمام فادر صاحبان، پاسٹرل ٹیم، مختلف کلیسیاؤں اور بالخصوص مخیر حضرات کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔


 

Daily Program

Livesteam thumbnail