سینٹ انتھنی ہال،لاہور میں کیتھولک ایجوکیشن کمیشن، آرچ ڈایوسیس آف لاہور کی جانب سے کیریئر کاؤنسلنگ پینل ڈسکشن اینڈ ہائر ایجوکیشن ایکسپو 2026 کا انعقاد
مورخہ 19جون 2026کو سینٹ انتھنی ہال،لاہور میں کیتھولک ایجوکیشن کمیشن، آرچ ڈایوسیس آف لاہور کی جانب سے کیریئر کاؤنسلنگ پینل ڈسکشن اینڈ ہائر ایجوکیشن ایکسپو 2026 کا انعقاد کیا گیا۔ جس کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اور پیشہ ورانہ مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کْن رہنمائی فراہم کرنا تھا۔
تقریب میں مختلف تعلیمی اداروں اور پیشہ وارانہ شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔ پینل ڈسکشن میں شامل مقررین میں مسز شاہین ملک (لیڈز یونیورسٹی)، مسٹر ناصر گل (فارمین کوسچین کالج اور چارٹرڈ یونیورسٹی)، مسٹر خرم خورشید (منہاج یونیورسٹی لاہور)، مسٹر عمر فاروق (یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب)، مسٹر افضل آفتاب (MCB اسلامک بینک)، لیفٹیننٹ طلحہ (پاکستان نیوی)، لیفٹیننٹ عبدالباسط (پاکستان نیوی)، مسٹر ابرام مارکس (ڈان باسکو ٹیکنیکل انسیٹیٹوٹ) اور ایڈووکیٹ اسلم شہزاد (Lincoln College for Legal Studies) شامل تھے۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ”آج یہاں ایک ہی چھت کے نیچے بہت سارے اعلیٰ تعلیمی اداروں کے نمائندگان موجود ہیں تا کہ نوجوانوں کو روشن مستقبل کے لئے مفید معلومات فراہم کر سکیں۔تعلیم ہی وہ بنیادی ذریعہ ہے جو فرد اور قوم کی ترقی کی ضمانت بنتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں مسیحیوں نے ہمیشہ ایک نمایاں اور مثبت کردار ادا کیا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اپنی نوجوان نسل کو نئے مواقع، جدید علوم اور ہنر مندی کے شعبوں سے متعارف کروائیں تاکہ وہ اعلیٰ تعلیم اور پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرکے ملک کی ترقی میں مزید مؤثر کردار ادا کر سکیں۔آج منعقد ہونے والے ہائر ایجوکیشن ایکسپو کا مقصد بھی یہی ہے کہ نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم، فنی تربیت، کیریئر گائیڈنس اور مختلف اسکالرشپ مواقعوں کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔ میں تمام نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں کہ وہ اپنی صلاحیتوں پر اعتماد رکھتے ہوئے ان مواقعوں سے بھرپور فائدہ اٹھائیں اور اپنے روشن مستقبل کی بنیاد مضبوط کریں۔“
مسٹر عاشر جاوید(ایگزیکٹو ڈائریکٹر،کیتھولک یجوکیشن کمیشن) نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیم ایکسپو 2026کا مقصد مسیحی نوجوانوں کو کیریئر اور مستقبل کے لیے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔تاکہ آپ اعلیٰ تعلیم حاصل کر کے ایک ذمہ دار شہری بن سکیں۔
مقررین نے طلبہ کو مختلف تعلیمی شعبوں، پیشہ ورانہ مواقع، فنی تعلیم، بینکاری، قانون، نیوی اور پاک فوج میں کیریئر کے امکانات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں، دلچسپیوں اور مستقبل کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے تعلیمی اور پیشہ ورانہ انتخاب کی ترغیب دی۔
ایکسپو کے دوران مختلف یونیورسٹیوں اور اداروں نے اپنے تعلیمی پروگراموں، داخلہ پالیسیوں اور اسکالرشپ کے مواقع کے بارے میں معلوماتی سٹالز بھی لگائے، جہاں نوجوانوں نے براہِ راست نمائندوں سے ملاقات کر کے رہنمائی حاصل کی۔
شرکاء نے اس تقریب کو نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے بارے میں بہتر اور باخبر فیصلے کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔شرکا ء میں سے ایک طالب علم، طاہر نے پوچھا کہ کیا پاک نیوی سکالرشپ دیتی ہے؟ مسٹر تلحہ نیوی آفسر نے جواب دیا کہ جب آپ انٹر کے بعد نیوی میں بھرتی حاصل کرتے ہیں تو آپکی باقاعد ہ تنخوا ہ اور تعلیم شروع ہو جاتی ہے۔
اعلیٰ تعلیم ایکسپو 2026میں شرکت کرنے والی ایک طالبہ حنا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ”آج اس ایکسپو سے ہمیں بہت مفید معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ یونیورسٹیوں کے ماہرین سے رابطہ اور فراہم کردہ معلومات نے ہمیں ایک نیا جذبہ دیا ہے کہ ہم یونیورسٹی کی سطح پر تعلیم حاصل کر کے اپنا مستقبل روشن بنا سکتے ہیں۔ شرکا ء نے سکالرشپ کے حوالے سے مزید سوالات کیے جن کا یونیورسٹیوں اور دیگر شعبہ جات کے نمائندگان نے تسلی بخش جوابات دئیے۔
آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اپنے دستِ مبارک سے تمام مہمانانِ گرامی میں شیلڈز پیش کیں۔آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے اپنے دستِ مبارک سے تمام مہمانانِ گرامی میں شیلڈز پیش کیں۔