خدمت، وفاداری اور بلاہٹ کے 25 سال:ریورنڈ فادر طاہر عزیز کی کاہنانہ سلور جوبلی
مورخہ 3اکتوبر 2026کو سینٹ فرانسس زیویئر میجر سیمنری لاہور میں سیمنری کے ریکٹر، ریورنڈ فادر طاہر عزیز کی کاہنانہ خدمت کی سلور جوبلی، عقیدت، خوشی اور شکرگزاری کے ساتھ منائی گئی۔ تقریب کا آغاز شکرگزاری کی اقدس قربانی سے ہوا جس کی قیادت عزت مآب بشپ اندریاس رحمت نے فرمائی۔ ریورنڈ فادر طاہر رؤف نے اپنے وعظ میں ریورنڈ فادر طاہر عزیز کی 25 سالہ کاہنانہ خدمت، خدا اور کلیسیا کے ساتھ وفاداری، مختلف پیرشز اور کلیسیائی اداروں میں ان کی مسلسل اور مخلصانہ خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے فادر طاہر عزیز کی قیادت، خدمت کے جذبے اور کلیسیا کی نئی نسل کی تشکیل کے لیے ان کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کے لیے دعا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
یوخرستی عبادت کے بعد سیمنری میں خوشی کا ماحول مزید نمایاں ہوگیا۔ روایتی ڈھول اور آتش بازی اور پٹاخوں کے ساتھ عزت مآب بشپ اندریاس رحمت اور فادر طاہر عزیز کا استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر ریورنڈ فادر پاسکل پولوس OP، سسٹر صاحبات، دومینیکن اور او۔ایم۔آئی کاہن، سیمنری کے طلبہ اور دیگر مہمان بھی موجود تھے۔بعد ازاں سیمنری کے مین ہال میں ایک ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر فادر طاہر عزیز نے اپنی 25 سالہ کاہنانہ اور کلیسیائی خدمت کے سفر پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے مختلف پیرشز اور اداروں میں اپنی خدمت کے تجربات بیان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ خدمت کا بنیادی مقصد انسانوں اور معاشرے کی تعمیر، حوصلہ افزائی اور انہیں بااختیار بنانا ہے۔فادر طاہر عزیز نے سیمنری کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیمنری میں تربیت کا عرصہ ان کی زندگی کا ایک مقدس اور اہم دور ہے، جہاں دعا، مطالعہ، روحانی تربیت اور ذاتی نشوونما کے ذریعے انہیں مستقبل کی کاہنانہ خدمت کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ اس سفر کو سنجیدگی سے عبور کریں اور دعا و مطالعہ کے ذریعے اپنی بلاہٹ کو مزید مضبوط بنائیں۔
اس موقع پرعزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے فادر طاہر عزیز کو ان کی 25 سالہ کاہنانہ خدمت پر مبارک باد پیش کی اور کلیسیا کے لیے ان کی وفادارانہ خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ فادر طاہر عزیز کی 25 سالہ کاہنانہ خدمت نہ صرف ان کی ذاتی وفاداری اور خدا کی بلاہٹ کے جواب کی گواہی ہے بلکہ کلیسیا کی خدمت اور مستقبل کے چرواہوں کی تشکیل کے لیے ان کے مسلسل عزم کی بھی عکاسی کرتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ فادر طاہر عزیز نے نہ صرف مختلف پیرشز اور اداروں میں ذمہ داریاں نبھائیں بلکہ نئی نسل کے کاہنوں کی تشکیل میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ بشپ جی نے فادر ریکٹر کی خدمت، قیادت اور سیمینارینز کی روحانی و انسانی تربیت کے لیے ان کی کاوشوں کو قابلِ قدر قرار دیتے ہوئے ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
ا
