سسٹر سیلسٹین کی پچاس سالہ راہبانہ زندگی کی گولڈن جوبلی نہایت دھوم دھام سے منائی گئی۔

مورخہ 8اپریل 2024کو مریا خیل میں جیزز اینڈ میری جماعت کی راہبہ،سسٹر سیلسٹین کی پچاس سالہ راہبانہ زندگی کی گولڈن جوبلی نہایت دھوم دھام سے منائی گئی۔ 
پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت عزت مآب بشپ خالد رحمت نے کی جبکہ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد،بشپ آف راولپنڈی/اسلام آباد اور عزت مآب بشپ یوسف سوہن،بشپ آف ملتان نے معاونت فرمائی۔
 فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے وعظ میں کہا کہ آج ہم خوشی اورشکر گزاری کے جذبات کے ساتھ محترمہ سسٹر سیلسٹین کی پچاس سالہ گولڈن جوبلی منا رہے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ عیدِ بشارت اور پاشکا کے موسم کی کی خوشیاں بھی منا رہے ہیں۔ ہم سب بْلائے گئے ہیں کہ یسوع مسیح کے نقشِ قدم پر چلتے رہیں۔ ہمیں ہر بْرائی پر فتح پانی ہے کیونکہ یسوع المسیح ہمیں گناہوں کی دلدل نکالنے آئیں ہیں۔
محترمہ سیلسٹین نے پاکدامنی،غریبی اور تابعداری کے وعدوں کو وفاداری کے ساتھ نبھایا ہے۔پچاس سالہ خدمت بڑی جر ات کی بات ہے۔خدا نے سسٹر سیلسٹین کو وفادار خدمت کا فضل عطا کیا ہے۔ اس سفر میں بہت سے چیلنجزاور مشکلات بھی آئیں لیکن وہ اپنے اس سفر میں ہمیشہ ثابت قدم رہیں۔ساری بلاہٹیں خدا کی طرف سے ہیں۔شادی شدہ زندگی،کاہنانہ اور راہبانہ زندگی کی بلاہٹ خدا کا فضل ہے اور خدا کے فضل کے بغیر یہ خدمت نا ممکن ہے۔
عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے اپنے خیالات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ میں اس مبارک موقع پر سسٹر سیلسٹین کو اپنی خدمت اور راہبانہ زندگی کے وعدوں کوپوراکرنے پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے اپنی  خدمت کے ذریعے بہت اچھی گواہی پیش کی ہے۔خدا نے اْن کو اپنی بلاہٹ میں قائم رکھا۔
بشپ موصوف نے جیزز اینڈ میری جماعت کی تمام سسٹرز اور سپیرئر کو بھی دلی مبارکباد پیش کی۔ مسٹر جلال یوسف نے خاندان کی طرف اظہارِ تشکر ادا کرتے ہوئے تمام بشپ صاحبان،کاہنانہ برادری،سسٹر صاحبات اور پیرش پریسٹ ریورنڈ فادر یونس ریاض کا شکریہ ادا کیا۔
جیزز اینڈ میری سکول کی طالبات نے عبادت کے آخر پر خوبصورت ٹیبلو کے ذریعے سسٹر سیلسٹین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور آئے ہوئے تمام مہمانوں کو خوش آمدید بھی کہا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail