ریڈیو ویریتا س ایشیاء اْردو سروس کے بورڈ ممبران کا سالانہ اجلاس

مورخہ06 نومبر 2023 کورابطہ منزل  لاہور میں آر۔وی۔اے اْردو سروس کے بورڈ ممبرز کا سالانہ اجلاس منعقد ہوا۔ جس کی صدارت ریڈیو ویریتاس ایشیاء اْردو سروس کے چئیرمین فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے فرمائی۔ اس اجلاس میں بورڈممبران،پروگرام پروڈیوسرز اورویو سٹاف نے شرکت کی۔ اجلا س کے آغاز میں سسٹر فوزیہ نے دعائیہ کلمات ادا کیے۔ اس کے بعدفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے تمام شرکا کو خوش آمدید کہا اور بتایاکہ اس دنیا میں میڈیا منسٹری عرصہ دراز سے ہی اہم ہے۔پاکستان میں اسے مزید بہتر بنانے اور پھیلانے کے ساتھ ساتھ عام مومنین کو بھی میڈیا کی تربیت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شخصی موجودگی کا کوئی نعم البدل نہیں ہے لیکن یہ بھی حقیقت ہے جہاں شخصی موجودگی ممکن نہیں  وہاں ذرائع ابلاغ کام کر تا ہے۔انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ افغانستان، کشمیر،شمالی اور جنوبی وزیرستان میں بھی مسیحی آباد ہیں۔یہاں پر بھی خدا کے کلام کی بشارت کے لیے میڈیا،اور اس سے منسلک افراد کی ضرورت ہے جو سچ کو بیان کریں۔     ثناء جارج (آن لائن پروڈیوسر)نے گزشتہ  میٹنگ کی کاروائی پیش کی،جسے متفقہ طور قبول کیا گیا۔جبکہ ریڈیو ویریتاس ایشیاء اْردو سروس کے ڈائریکٹر ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے آر۔ وی۔ اے اْردو سروس کی سالانہ  رپورٹ پیش کرتے ہوئے ویب سائٹ،فیس بْک،یوٹیوب اور موبائل ایپلیکشن پر آروی اے اْردو سروس کی سرگرمیوں کو تفصیل سے بیان کیا اور بتایا کہ ویب سائٹ پر مختلف اْردو آرٹیکلز،فیس بْک پر انفوگرافک پوسٹ،قومی اور عالمی دنوں پر خصوصی پوسٹ اور پیغامات تیار کیے جا رہے ہیں نیز سب سے زیادہ کارکردگی  والی ریلز،پوسٹ،ویڈیوز اورویوورز کی جانب سے موصول ہونے والے حوصلہ افزا کمینٹس کا بھی ذکر کیا۔انہوں نے بتایا کہ ہماری بنائی گئی ریلز بہت سے ٹک ٹاکرز اور یو ٹیوبرز بھی
 استعمال کر رہے ہیں جس سے ہماری پوسٹ وائرل ہو رہی ہیں۔ فادر موصوف نے بتایا کہ پروگرام پہلے ویب سائٹ پر اَپ لوڈ کیے جاتے ہیں اور بعد میں دیگر شوشل میڈیا اکاونٹس پر اورپھر ای۔میل کے ذریعے سے ان  پروگراموں کے لنکس بشپ صاحبان، کاہن برداری، سسٹر صاحبات،مناد صاحبان اور عام مومنین کو شئیر کیے جاتے ہیں اور حال ہی میں جاری سنڈ  اسمبلی کی تمام رپورٹس اور پاپائی پیغامات اْردو ترجمہ کیساتھ اِپ لوڈ کیے جا رہے ہیں۔ علاوہ ازیں فادر قیصر فیروز نے ویب سائٹ،فیس بْک،یوٹیوب اور دیگر سوشل میڈیا اکاونٹس پر اپ لوڈ کیے جا چکے پروگرامز کی تعداد،سبسکرئبرز،واچ ٹائم او پروگرام ویوز کے عداد و شمار کی تفصیل بھی پیش کی۔

جناب کامران چوہدری نے آر۔وی۔اے اْردو سروس کی تمام سرگرمیوں کو سراہا اورپاکستانی جرنلسٹس کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔نیز انہوں نے تحریری مواد کی فراہمی میں مدد کا اعلان بھی کیا۔

سسٹر فوزیہ نے آر۔وی۔اے کی تمام سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے مستقبل میں مزید کامیابیاں سمیٹنے کے لیے نیک تمنائیں پیش کیں۔

آخر میں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے کیتھولک بشپ کانفرنس کی جانب سے آر۔وی اے اْردو سروس کی بہترین کارکردگی پر ڈائریکٹر اور سٹاف کی خدمات کو سراہا  اور مبارکباد پیش کی۔اظہارِ خیال کرتے ہوئے بشپ جی نے کہا کہ موجودہ دور میں ہر ایک شخص میڈیا سے کھیل رہا ہے۔اس لیے ایسے افراد کی راہنمائی کرنے اور چرچ کی سوچ دینے کی ضرورت ہے جو پہلے ہی سے میڈیا سے منسلک ہیں۔کوشش کریں کہ ہم مسیحی ہوتے ہوئے مثبت نقطہء نظر کو بیان کریں اورمیڈیا کے ذریعے قومی اور بین الاقوامی سطح پر خدا کے کلام کو دوسروں تک پہنچائیں۔ فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے مزید کہا کہ ٭ بطور قومی ادارہ  رابطہ منزل کو ترقی کی منازل تیزی سے طے کرنے کی ضرورت ہے۔

٭ عام مومنین کو میڈیاکی ٹرینینگ دی جائے اور ان کی صلاحیتوں کو زیادہ سے زیادہ میڈیا کے ذریعے چرچ کی خدمت کے لیے استعمال کیا جائے۔  

٭  پاپائے اعظم کے فرمان ”لودھاتوسعی“  اور اسی طرح کے وقت  کے اہم ایشوز پرڈاکومنٹریز تیار کی جائیں۔

٭ کاہن اورسسٹرز صاحبات زندگی اور چرچ کی اہم شخصیات کی سوانح عمری نیز چرچز اوراہم مسیحی مقامات کی ڈاکومنٹری فلمز تیار کی جائیں۔اس سے نہ صرف چرچ کا ورثہ محفوظ رہے گابلکہ چرچ کی زندگی منظرِعام پر آئے گی۔

٭ پاکستان کے تمام ڈایوسیس سے تعاون کے لیے رابطہ کیا جائے اور وہاں کے عام مومنین کو میڈیا کی ٹرینینگ دی جائے تاکہ وہ اپنے محدود وسائل سے بہت کچھ کرنے کے قابل بنیں۔

ریورنڈفادر قیصر فیروز نے کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے تمام بورڈ ممبران کی تشریف آوری کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا او ر کہا کہ آپ کے مشورہ جات نہ صرف ہماری رہنمائی کرتے ہیں بلکہ حوصلہ افزائی عطا کرتے ہوئے ہمیں مضبوط بناتے ہیں تاکہ ہم تمام مشکلات کے باوجود ایک  نئی قوت کے ساتھ اپنے مشن کو جاری و ساری رکھ سکیں۔آخر میں ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے ”آوے ماریا یو ٹیوب چینل“  کی کامیابی پر  فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کو مبارکباد پیش کی۔

 

Daily Program

Livesteam thumbnail