ریڈیو ویریتاس ایشیا کے مرکزی دفتر میں الٰہی رحم کے اتوار کے موقع پر”تھری سینٹس چیپل“کا افتتاح

مورخہ 12اپریل 2026کوریڈیو ویریتاس ایشیا نے الہٰی رحم کے اتوار، اپنے نئے تزئین و آرائش شدہ”تھری سینٹس چیپل“کی برکت اور افتتاح کے ساتھ ایک اہم سنگِ میل عبور کیا۔ اس موقع پر فلپائن کے شہر کیزون سٹی میں واقع مرکزی دفتر میں شکرگزاری کی پاک ماس میں 200 سے زائد افراد نے شرکت کی۔
اس یوخرستی عبادت کی صدارت عزت مآب بشپ الیاس ایل ایوبان جونیئر (ڈایوسیس آف کیوباؤ) نے فرمائی، جو فلپائن ریڈیو ایجوکیشنل اینڈ انفارمیشن سینٹر (PREIC) کے وائس چیئرمین بھی ہیں۔
اْن کے ساتھ شریک کاہنوں میں ریورنڈ فادر فلمار فیل، ایس وی ڈی (جنرل منیجر)،ریورنڈ فادر جان می شین (پروگرام ڈائریکٹر) اور مرکزی دفتر میں خدمات انجام دینے والے دیگر کاہن بھی شامل تھے۔اپنے استقبالیہ کلمات میں ریورنڈ فادر فلمار فیل نے چیپل کی تزئین و آرائش کی تکمیل پر خوشی اور شکرگزاری کا اظہار کیا، جو ریڈیو ویریتاس ایشیا کی 57ویں سالگرہ کے موقع پر مکمل ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ 15 سال سے زائد عرصے کے بعد اس چیپل میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔ جو کام معمولی مرمت سے شروع ہوا تھا، وہ ایک بامعنی تبدیلی میں بدل گیاجس میں نئی پینٹنگ، قالین،  چودہ مقامات کی تنصیب اوردیگر سہولیات میں بہتری شامل ہے۔انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ یہ کام روزانہ ماس کے معاونین (سپانسرز) کی سخاوت سے ممکن ہوا، جو ایشیا بھر میں RVA کے تبلیغی مشن کو جاری رکھنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
بشپ ایوبان نے پاک پانی چھڑک کر چیپل کو برکت دی اور خدا سے دْعا کی کہ یہ جگہ ایسی ہو جہاں اجنبیوں کا استقبال ہو، کھوئے ہوئے لوگ مل جائیں اور تھکے ہوئے سکون پائیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے الٰہی رحم کے موضوع پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الہٰی رحم صرف خدا کا عطیہ نہیں بلکہ خدا کی پہچان ہے۔ انہوں نے پوپ فرانسس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا:
”خدا ہمیں معاف کرنے سے کبھی نہیں تھکتا، بلکہ ہم معافی مانگنے سے تھک جاتے ہیں۔“
انہوں نے توما رسول کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جی اْٹھنے کے بعد بھی یسوع مسیح کے زخم موجود تھے، جو مٹائے نہیں گئے بلکہ جلال کی علامت بن گئے۔
انہوں نے مومنین سے کہا کہ اپنے زخموں سے شرمندہ نہ ہوں، یہی وہ راستے ہیں جن کے ذریعے خدا اپنا فضل عطا کرتا ہے۔
 خطاب کے بعد چیپل کو باضابطہ طور پر”RVA تھری سینٹس چیپل“کے نام سے منسوب کیا گیا، جو جدید دور کی تین عظیم مقدس شخصیات مقدس پوپ پال ششم،مقدس پوپ جان پال دوم اور مقدسہ  مدر ٹریضہ کے اعزاز میں رکھا گیا ہے۔
ریورنڈ فادر جان می شین نے اس کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ ان تینوں مقدس شخصیات نے RVA کا دورہ کیا تھا اور ایک گہرا روحانی اثر چھوڑا۔
انہوں نے کہا کہ اس چیپل کو ان تین مقدسین کے نام کرنے سے ہم اپنے ادارے کو ان کی شفاعت کے سپرد کرتے ہیں اور ان کے مشنری جذبے، مسیح سے محبت اور انجیل کی مسلسل منادی کو اپنانا چاہتے ہیں۔

اس کے بعد ان مقدسین کے تبرکات، جن میں مقدس پوپ جان پال دوم کی ٹوپی (اسکل کیپ) بھی شامل تھی، باوقار جلوس کے ساتھ لائی گئیں۔
بشپ ایوبان نے ان تبرکات کو وصول کیا اور چیپل کی دیوار میں مخصوص مقام پر نصب کر کے چیپل کو باضابطہ طور پر ان کے نام سے منسوب کیا۔پاک ماس کے بعد شرکاء کے لیے اس موقع پر RVA کی تاریخ اور ایشیا میں اس کے مشن پر ایک مختصر ویڈیو بھی دکھائی گئی، جبکہ روزانہ ماس میں شرکت کرنے والوں اور عملے نے اپنے تاثرات بھی بیان کیے۔ریورنڈفادر جان می شین نے اعلان کیا کہ RVA اپنی 60ویں سالگرہ (2029) کی تیاری کر رہا ہے۔ اس سلسلے میں اگلے تین سالوں میں ہر سال ایک مقدس شخصیت کے نام کیا جائے گا اور آخر میں RVA کے احاطے میں ”تھری سینٹس گارڈن“قائم کیا جائے گا، جس میں ان کے مجسمے اور ان کی زندگیوں پر غور و فکر شامل ہوگا۔
RVA تھری سینٹس چیپل اب ریڈیو ویریتاس ایشیا کا روحانی مرکز بن چکا ہے، جو ایمان، مشن اور عالمگیر کلیسیا کے ساتھ اتحاد کی ایک مضبوط علامت ہے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail