ریڈیو ویریتاس ایشیاء اْردو سروس کی سالانہ کانفرس کا انعقاد

مورخہ 07نومبر  2023 کو لوئلہ ہال۔لاہور میں ریڈیو ویریتاس ایشیاء اْردو سروس کی سالانہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔جس کی صدارت فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد (چئیرمین۔ ریڈیو ویریتاس ایشیاء اْردو سروس)نے کی۔فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے باقاعدہ طور پر کانفرنس کے آغاز کا اعلان کیااور ریڈیو ویری تاس  ایشیا اْردو سروس کے  ڈائریکٹر ریورنڈفادر قیصر فیروز اورلسنرز کے ہمراہ امن کی شمع روشن کی نیز سال 2024 کے موضوع: ”عالمی امن میں مذاہب کا کردار“کی رونمائی کی۔ ملک بھر سے اس کانفرنس میں تقریباً 100 افراد نے شرکت کی۔

 فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج کی دنیا پر ذرائع ابلاغ کے اثروروسوخ کی گہری چھاپ ہے۔ابلاغ کی دنیا میں ہلچل دیکھائی دیتی ہے، جو انسانی، خاندانی اور معاشرتی زندگی کو متاثر کر رہی ہے۔ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ لوگ منفی پروپوگنڈہ کرنے کے لیے بھی ابلاغ کا بھرپورا ستعمال کرتے ہیں۔ ریڈیو ویریتاس کے رواں سال کے موضوع کے حوالے سے بات کرتے ہوئے بشپ جی نے کہا کہ آج اس کانفرنس میں دور دراز سے ہم اس لیے اکٹھے ہوئے ہیں کیونکہ ہم میڈیا میں دلچسپی رکھتے ہیں،اس لیے میڈیا سے منسلک ہر ایک فرد کو مقدس فرانسس آف اسیسی کی اس دْعا کی ضرورت ہے کہ ”اے خدا مجھے امن کا وسیلہ بنا دے“۔ انہوں نے پوپ فرانسس کے پیغام کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دنیا عالمی خاندان کی حثییت رکھتی ہے کیونکہ ہمارا خالق ایک ہے۔لیکن خدا کی پیدا کردہ مخلوق ہی اس کائنات کو تباہ وبرباد کر رہی ہے۔عالمی دنیا کے طاقتور لوگ کائنات کی خوبصورتی اور انسان کا رہن سہن متاثر کر رہے ہیں اور ہماری ایمانی اور روحانی زندگی نے مقصد ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امن ایک اہم قدر ہے ہم سب کو ملکر امن کے لیے کام
 کرنے کی ضرورت ہے۔ تاکہ اقدار کی کڑواہٹ کے شکار معاشرے میں انسانی عظمت اْجاگر ہو۔آئیے ملکر امن و بھائی چارے کو فروغ دیں۔آخر میں انہو ں نے کہا کہ دْعا ہے کہ آر۔وی۔اے بڑھ چڑھ کر محبت اور دوستی کا پیغام بانٹتا رہے اور خداوند خدا ہم سب کو امن کا وسیلہ بنائے۔  

    ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے پروگرام کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج کا پروگرام دو حصوں پر مشتمل ہے۔پہلا حصہ شکرگزاری کا تھا جس میں پاک ماس کی اقدس قربانی خدا کی نذر گزرانی گئی جبکہ دوسرا حصہ آج کی کانفرنس ہے۔ فادر موصوف نے کہا آج کا دن تاریخی اور یادگارہوگا جب  12خوش قسمت  افراد امن کے سفیر کے طور پر منتخب ہوں گے اور آر۔وی۔اے  کے ساتھ ملکر دوستی اور امن کا پیغام پھیلانے والے بنیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب ایک ہی راستے پر سفر کرر ہیں ہیں۔ اور ایک ہی راستے کا سفر ہمیں متحد ہونے کا پیغام دیتا ہے۔آئیے ہم سب ملکر اسی سفر پر ایک دوسرے کی غم اور خوشیاں بانٹیں۔امن کے لیے کوشش کریں تاکہ جنگ و جدل کی فضا ختم ہو اور نفرت کونفرت سے نہیں بلکہ محبت کے ساتھ ختم کریں۔انٹرنیٹ خدا کا تحفہ ہے ان ذرائع کو امن کا پرچار کرنے کے لیے استعمال کریں۔

  بعد ازاں ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے آر۔ وی۔ اے اْردو سروس کی سرگرمیوں کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ اْردو سروس کا ہر پروگرام مقصد اور رویا کے تحت موجودہ صورتحال میں شدت سے احساس دلاتا ہے کہ امن کی کس قدر ضرورت ہے انہوں نے مزید کہا کہ  ویب سائٹ آر۔ وی۔ اے اْردو سروس کا چہرہ ہے۔منیلا سنٹر کی ہدایات کے مطابق  ویب سائٹ پر مختلف آرٹیکلز،مضامین،پوپ فرانسس کے پیغامات، دھیان وگیان اورروحانی تعلیم کے علاوہ انفوگرافک پوسٹ،قومی اور بین الاقوامی دنوں پر خصوصی پوسٹ اور پیغامات اْپلوڈ کیے جا رہے ہیں۔ نیز ان پروڈیوسرز اور ان کی ذمہ داریوں کو بھی متعارف کروایا۔

 آر۔ وی۔ اے اْردو سروس  کی جانب سے منتخب کردہ چھ مسلم اور چھ مسیحی بہن بھائیوں کو امن کے سفیر چْنا گیا اورفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے انہیں ”امن کے سفیر“ میڈلز پہناتے ہوئے اہم ذمہ داری سونپی۔

فیصل آباد سے جناب رشید ناز صاحب (لسنر)نے  اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا  آر۔وی۔ اے  اْردو سروس سے گہرا اور پْرانا رشتہ ہے۔یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جو دوسروں کو ملاتا ہے اور امن کا پیغام پھیلاتا ہے۔

جناب لیاقت علی اعوان(لسنر) نے کہا کہ آر۔ وی۔ اے اْردو سروس کا منتخب کردہ موضوع وقت کی اہم ضرورت ہے۔ جو ہمیں یاد دلاتا ہے کہ بحثیت انسان چاہے وہ کسی بھی جگہ،فرقے،نسل یا پھر مذہب سے تعلق رکھتا ہو اْس کا اولین فرض امن کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

 بعدازاں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد نے ریورنڈفادر قیصر فیروز کے ہمراہ تشہیری مواد (نیوزلیٹر،پین۔ماحول دوست بیگز اور مگ)کی اپنے دستِ مبارک سے رونمائی کی اور تمام شرکا میں تحائف اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کئے۔

 سینٹ فرانسس ہائی سکول۔گلبرگ کے بچوں نے ویلکم گیت اور ثقافتی گیت پرخوبصورت پرفارمنس پیش کی۔ کانفرنس کے موقع پر فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد، ریورنڈفادر قیصر فیروز،تمام لسنرز اور رابطہ منز ل سٹاف نے مل کر کیک کاٹا۔ کانفرنس کا اختتام فادر قیصر فیروز کے کلماتِ تشکر سے ہوا۔

اس کانفرنس میں نظامت کے فرائض مِس ثنا ء جارج نے ادا کیے۔

 

Daily Program

Livesteam thumbnail