خُدا دُنیا کے ہر کونے سے لوگوں کو اپنے تاکستان میں خدمت کرنے کے لیے چُنتا ہے۔ عزت مآب بشپ جان میری

مورخہ گزشتہ دنوں جنوبی فرانس کے شہر بورڈو میں تین دومینکن برادرز، برادر عدیل مارٹن، برادر امبروز اور برادر میری ایڈوڈ کی شماسانہ مخصوصیت ہوئی۔ تقدس مآب بشپ جان میری نے تینوں برادران کو ڈیکن مقرر کیا۔برادر عدیل کا تعلق ملتان ڈایوسس کے گاؤں رنگ پُور سے ہے۔ آپ فادر آماتو الدینو(او۔پی)کی شخصیت سے متاثر ہو کر  2017 میں پاکستان میں موجود دومنیکن جماعت میں شامل ہوئے اور 2018 میں پہلی عہد بندی کی۔ سینٹ فرانسس زیویر سیمنری لاہور سے تین سال کے لیے فلسفہ کی تعلیم حاصل کی۔ 2021 میں دائمی عہدبندی کرنے کے بعد تھیالوجیکل سٹڈیز کے لیے جنوبی فرانس کے شہر طالوس میں چلے گئے۔ اور اب اِن کو دومینکن جماعت میں کاہنانہ تربیت کے آخری مراحل میں ڈیکن مخصوص کیا گیا۔ مخصوصیت کی اِس یُوخرستی عبادت (جو کہ فرانسیسی زُبان میں تھی)، میں فادر پرکاش نے اُردو میں اَنجیلِ مُقدس سُنائی جو کہ پاکستانی کلیسیا ء سے یکجہتی کی علامت تھی۔ عزت مآب  بشپ جان میری نے وعظ کے دوران شماسانہ خدمت کی افادیت کو اُجاگر کیا اور کہا کہ ایک ڈیکن یا شماس کا سب سے پہلا کام خُدا کے کلام کو لوگوں تک پہنچانااور خود انکاری کرنا ہے۔ دُوسرا الطار کی خِدمت ہے جس میں ڈیکن خُداوند یسوع مسیح کے بدن کو خُدا کے لوگوں تک پہنچانے کے لیے اپنے بشپ یا کاہن کا معاون ہوتا ہے۔ اور تیسرا پہلو خُدا کے لوگوں کی خدمت کرناہے۔ کیونکہ کلیسیا میں ڈیکن کی موجودگی ہمیں خُداوند یسوع مسیح بطور خادم کی یاد دِلاتی ہے۔ عزت مآب بشپ جان میری نے پاکستانی کلیسیا کو خصوصی طور پر یاد رکھااور فرانسیسی کلیسیا سے پاکستانی مسیحیوں کے لیے دُعا کرنے کی درخواست کی۔ اُنہوں نے کہا کہ یہ خُداوند یسوع مسیح کی کلیسیا کی عالمگیریت کا ثبوت ہے کہ آج ہمارے درمیان پاکستانی ڈیکن موجود ہے، خُدا دُنیا کے ہر کونے سے لوگوں کو اپنے تاکستان میں خدمت کرنے کے لیے چُنتا ہے۔ اِس مُبارک موقع پر ریورنڈ فادر جمشیدالبرٹ (او۔پی) (جن کا تعلق بھی رنگ پُور سے ہے) نے ڈیکن عدیل مارٹن کو شماسانہ لبادہ پہنایا۔ اس یوخرستی عبادت کو آن لائن کاسٹ کیا گیاجس کی بدولت پاکستان سے بشمول خاندان، دوست و احباب اور دیگر ممالک سے مومنین نے دوُریوں کو مِٹاتے ہوئے  اِس روحانی موقع پر شرکت کی۔
  یہ دِن نہ صرف نئے شماس کے لیے ایک ذاتی سنگِ میل تھا بلکہ پوری دومنیکن جماعت، فرانسیسی کلیسیا اور پاکستانی کلیسیا کے لیے روحانی لمحہ تھا۔

Daily Program

Livesteam thumbnail