اپنے مسیحی ایمان میں ثابت قدم رہیں اور دلیری سے یسوع کی گواہی دیں۔فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت
مورخہ 14 اگست 2026 کو سینٹ میزیزپیرش گلبرگ لاہور میں دیپ سے دیپ جلاؤ اسکالر شپ اور استحکام کے ساکرامنٹ کی پْر وقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت کو بگھی پر بٹھاکر، مالا اور کُلہ پہنا، پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے نیز پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے پْرتپاک استقبال کیا۔ امن اور خوشی کے اظہار میں غبارے ہوا میں چھوڑے گئے۔ پاک ماس کی اقدس قربانی فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے پاک ماس کی قیادت فرمائی جبکہ ریورنڈ فادر مورس جلال نے معاونت کی۔دورانِ وعظ بشپ جی نے کلیسیا کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے بڑی خوشی اور برکت کی بات ہے کہ ہمارے بچے اور نوجوان استحکام کا ساکرامنٹ حاصل کریں گے۔انہوں نے کہا بپتسمہ کے ساکرامنٹ میں ہم سب پاک روح کی نعمت پا چکے ہیں۔جب بپتسمہ کا ساکرامنٹ ہمیں دیا گیاتو پانی سے ہمیں مسح کیا گیا اس کے بعد پاک کرزمہ کے تیل سے ہماری مخصوصیت ہوئی۔بپتسمہ کے ساکرامنٹ کے ذریعے ہر بپتسمہ یافتہ خدمت کیلئے بلایا گیا ہے۔لیکن جب کلیسیا استحکام کا ساکرامنٹ دیتی ہے تو خاص طور پر زور دیا جاتا ہے کہ اب بچے بڑے ہو گئے ہیں،خاندانی، معاشرتی اور کلیسیائی ذمہ داریوں کو سمجھتے ہیں تو اب یہ بھرپوری کے ساتھ اپنے ایمان کا دفاع اور پرچار کر سکتے ہیں نیز اْس کے مطابق زندگی بھی گزار تے ہیں۔بپتسمہ کے ساکرامنٹ میں سارے ہی خداوند کیلئے مخصوص ہوئے لیکن آج خاص طور پر پاک کرزمہ کے تیل کے ساتھ مسح کیا جائے گااور کلیسیا توقع کرتی ہے کہ ان کے وسیلے سے کلیسیا مضبوط ہوگی اور خدا کا نام جلال پائے گا۔بشپ جی نے پوپ پال ششم کی استحکام کے حوالے سے 1979میں شائع ہونے والی دستاویز کا حوالہ دیا اور بتایاکہ یسوع مسیح کے وسیلہ سے انسانوں کی الٰہی ذات میں شراکت ایسے ہی ہے جیسے فطری زندگی کا آغاز۔ بپتسمہ کے ساکرامنٹ میں ہم ازسر نو پیدا ہوتے ہیں جبکہ استحکام کے ساکرامنٹ کے ذریعے ہم مضبوطی پاتے ہیں اور بلآخر پاک یوخرست کی خوراک سے ہمیشہ کی زندگی کیلئے سیِر کئے جاتے ہیں۔
ؓبشپ جی نے بتایا کہ آج استحکام کے اْمیدواروں کو کرسمہ کے پاک تیل سے مسح کیا جائے گا تاکہ وہ دلیری اور جرات کے ساتھ یسوع نام کی گواہی دیتے رہیں۔ اپنے پیغام کے آخر میں بشپ جی نے نوجوانوں سے مخاطب ہو تے ہوئے بتایا کہ ابتدائی کلیسیا میں مسیحیوں کو بڑی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اذیتیں سہیں لیکن اپنے ایمان سے کبھی سمجھوتہ نہیں کیا بلکہ دلیری سے یسوع کی گواہی دی۔ اور اب کلیسیا آپ سے بھی توقع کرتی ہے کہ آپ دلیر اور مضبوط ایمان والے بنیں،کلیسیا کے تابع رہیں اور کسی کیلئے بھی ٹھوکر کا باعث نہ بنیں۔
پاک ماس کے دوران فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے استحکام کے اْمید واروں کو اپنے دستِ مبارک سے استحکام کا سا کرامنٹ دیا۔
بعدازاں ”دیپ سے دیپ جلاؤ“ اسکالرشپ پروگرام کے تحت سٹوڈنٹس میں اسکالر شپ بشپ جی کے دستِ مبارک سے تقسیم کی گئیں، جس کا مقصد مستحق طلبہ کی تعلیمی معاونت اور اْن کے روشن مستقبل کی راہ ہموار کرنا تھا۔اسکالر شپ پروگرام اس بات کا خوبصورت اظہار تھا کہ کلیسیا نوجوان نسل کو تعلیم کے ذریعے بااختیار بنانے اور انہیں بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
