آوے ماریہ اورویو سٹوڈیو کی مشترکہ نئی پیشکش ڈی۔وی۔ڈی البم ”جھلمل تارے“کی تقریبِ رونمائی


 مورخہ 29اپریل2024کو سسٹرز آف چیرٹی جیزز اینڈ میری کانوینٹ تار گھرلاہور میں ویو سٹوڈیو  اور آوے ماریا کیتھولک ٹی۔وی کی مشترکہ نئی پیشکش ڈی۔وی۔ڈی ”جھلمل تارے“کی رونمائی کی تقریب منعقد ہوئی۔جس کے مہمانِ خصوصی جناب خرم شہزاد (جنرل سیکرٹری آف چیف منسٹر پنجاب) فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد،ریورنڈ فادر عمانوئیل عاصی اورریورنڈ فادریوسف مانی تھے۔اس تقریب میں 400 سے زائد افراد جن میں کاہنوں،سسٹرز صاحبات،برادران،مبشرانِ انجیل،کیتھولک مسیحی سکولوں کے اْساتذہ،سنڈے سکولوں کے اْساتذہ اور مومنین نے شرکت کی۔
تقریب کا آغاز دْعا سے ہوا۔ دْعامیں رہنمائی ریورنڈ فادر جوزف شہزاد نے کی۔ ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے تمام شرکا ء کو خوش آمدید کہا نیز تمام مہمانوں کا پھولوں کے گلدستے پیش کرکے اورمالائیں پہنا کر پْرتپاک استقبال کیا گیا۔ سینٹ جوزف گرلز ہوسٹل کی طالبات نے دْعائیہ گیت پر خوبصورت پرفارنس پیش کی۔  
بعد ازاں فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد کی موسیقی کے میدان میں خدمات پر مبنی دستاویزی فلم دیکھائی گئی جس میں بتایا گیا کہ بشپ موصوف اب تک تین ڈی۔وی۔ڈی البمز کا تحفہ کلیسیا کو پیش کر چکے ہیں جن میں ایک نوجوانوں کے لیے(یسوع بلاتا ہے)، ملی نغمے (ہم ہیں پاکستانی) اور اب بچوں کے لیے (جھلمل تارے)لکھے ہیں۔ تاریخ گواہ ہے کہ ویو سٹوڈیو کے چیئرمین فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کی جانب سے پہلی مرتبہ ایسی خدمت کا آغازکیا گیا جس میں ڈی۔ وی۔ ڈی کے تمام گیت نہ صرف اْن کے قلم کا شاہکار ہیں بلکہ موسیقی اور خوبصورت دھنیں بھی انہی کی تخلیق ہیں اس کے علاوہ بشپ صاحب نے چند گیتوں میں اپنی آواز کا جادو بھی جگایا ہے۔
 تقریب کے مہمانِ خصوصی جناب خرم شہزاد نے (جنرل سیکرٹری آف چیف منسٹر پنجاب) فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد،ریورنڈ فادر عمانوئیل عاصی اورریورنڈ فادیوسف مانی کے ہمراہ ڈی۔ وی۔ ڈی البم”جھلمل تارے“کی رونمائی کی رسم ادا کی گئی۔ 
بعد ازاں اس البم کے ٹائیٹل گیت”جھلمل تارے“ پر سینٹ تھامس ہائی سکول کے بچوں نے خوبصورت ٹیبلو پیش کیا۔اسی البم کا ایک اور خوبصورت گیت”ہم سب کو بنایا “جسے مسیحی دنیا کے مایہ ناز گلوکار مسٹر جرویز ڈینیل نے اپنی مسحور کن آواز میں گایا۔اسی ڈی۔ وی۔ ڈی البم کا ایک اور منفرد گیت”یسوع کہتا ہے چھوٹے بچوں کو میرے پاس آنے دو“ جسے بشپ جوزف نے اپنی مدھر آواز میں گایا،پردہ ِ سکرین پر دکھایا گیا۔سیکرڈہارٹ سکول کے بچوں نے”صبح سویرے اْٹھ کے میں کلام پڑھوں“ پر ٹیبلو پیش کر کے تمام حاصرین کے دل موہ لئے۔
اظہارِ خیال کرتے ہوئے ریورنڈ فادر عمانیوئیل عاصی نے کہا مسیحی موضوعات بچوں سے بشارت اور نوجوانوں کی روحانی بیداری بشپ جی کی ترجیحات ہیں۔ انہوں نے موسیقی کے ذریعے مسیحی ایمان کے فروغ کیلئے سوشل میڈیا کی جدت کو بروکار لانے کی اہمیت پر زور دیا۔اس ضمن میں فادر جی نے ویوسٹوڈیو کی کئی دہائیوں کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
ریورنڈ فادر سیمسن دلاور نے اپنے خیالات کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد کو ڈی۔وی۔ڈی کی کامیابی پر مبارکباد اور نیک تمنائیں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ موسیقی کی روایت بہت وسیع اور پْرانی ہے نیز یہ ڈی۔وی۔ڈی ناصرف ایک البم ہے بلکہ بچوں کے لئے ایمانی تعلیم بھی ہے اور یہ آنے والی نسلوں کیلئے اثاثہ ہوگا۔انہوں نے مزید کہا کہ سب سے پہلا موسیقار خدا ہے۔موسیقی خدا کی زبان ہے اور اس سے پیار کرنا خدا سے پیار کرنا ہے۔
 پروفیسر جیکب پال نے اس ڈی۔ وی۔ ڈی البم کے بارے میں اپنی نیک تمنائیں تحریری صورت میں بھیجیں جسے مِس ثناء جارج نے پڑھ کر سنایا جس میں تحریر تھا کہ دھنک کی ساری خوبصورتی اِس البم میں ملتی ہے۔فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشدکی البم اْردو زْبان و ادب کی گراں خدمت جسے کْھل کردادِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔اِس البم میں تمام فنون ِ لطیفہ کے گہرے اثرات ملتے ہیں۔بچوں کے حوالے سے بشپ صاحب نے یسوع مسیح کی تقلید کرتے ہوئے اْن کیلئے جذبات بھرے گیت لکھے ہیں۔میں تمام گلوکاروں اور تمام فنکاروں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں جنہوں نے اتنی خوبصورت البم تخلیق کر کے فنون ِ لطیفہ کو ترقی دی ہے۔میں قومی ادارہ برائے ابلاغیات کو مبارک باد دیتا ہوں۔رابطہ منزل کو شاباش دیتا ہوں۔ریورنڈ فادر قیصر فیروز اور اْن کی پوری ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتا ہوں۔میری دْعائیں اپنے شاگردفضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹر جوزف ارشدکے ساتھ رہیں گی۔انہوں نے اپنی تحریر کا اختتام ان الفاظ کے ساتھ کیا کہ سلیم رضا،آئرین پروین،اے نئیراور روبن گھوش نے جوعظیم کام کئے تھے بشپ ڈاکٹر جوزف ارشد اْنھیں آگے بڑھا رہے ہیں۔ 
جناب عمران اظہر نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا  یہ ڈی۔ وی۔ڈی ہمارا ورثہ ہے جو بچوں کیلئے خدا کے کلام کے پرچار اور بشارت کا موثر وسیلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ خد اکرے کہ یہ ڈی۔وی۔ڈی کلیسیا کے ایمان میں مضبوطی اور ترقی کا باعث بنے۔ نیز انہوں  نے اس کاوش کے لیے تمام ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی۔
جناب ثناور گلِ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بشپ جی کی یہ کاوش ہم سب کو اور خصوصاً بچوں کو ایمانی مضبوطی بخشے گی اور ہم روحانیت میں آگے بڑھیں گے۔اس موقع کو  یاد گار بنانے کے لئے  جناب ثناور گلِ نے بشپ جی کو ایک خوبصورت فریم جس میں بشپ جی کیلئے ایک خوبصورت نظم جو انہی کی تخلیق تھی بطور تحفہ پیش کیا۔فضیلت مآب آرچ بشپ ڈاکٹرجوزف ارشد نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے بہترین کارکردگی پر ریورنڈ فادر قیصر فیروز ڈائریکٹر رابطہ منزل اور تمام سٹاف کو سراہا اور مبارکباد پیش کی۔بشپ صاحب نے کہا کہ موئژمسیحی موسیقی کی تخلیق بڑی اہم ذمہ داری ہے۔ بشپ جی نے اس پروڈکشن کے تکنیکی عملے جس میں آیوے ماریہ کیتھولک ٹی وی کے آڈیو ریکوڈسٹ جبار منشا ء اور ویو سٹوڈیو کے ویڈیو انجینئر حسن زیدی کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔بعد ازاں بشپ صاحب نے اور تمام گلوکاروں کی محنت کا شکریہ ادا کیا اورمبارکباد بھی دی نیز مزید محنت سے خداوند کے کلام کو عام کرنے کی تحریک بھی دی۔ 
آخر میں پردہ سکرین پر اسی ڈی۔وی۔ڈی البم کا گیت ”آؤ مِل کر گائیں“دکھایا گیا۔جس نے محفل میں خوشی کا سماں پیدا کر دیا۔ریورنڈ فادر قیصر فیروز نے کلماتِ تشکر ادا کرتے ہوئے کہا تمام شرکا ء کی تشریف آوری کا شکریہ ادا کیا۔خوشی کے اس پْر مسرت موقع پر کیک بھی کاٹا گیا۔اس تقریب میں نظامت کے فرائض مِس ارمِ عمران نے ادا کئے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail