یسوع مسیح ہمارا مددگار
دوستو! ہم میں سے ہر کوئی اپنی زندگی میں کچھ مقاصد رکھتا ہے۔اْس کے لئے بھر پور محنت بھی کرتے ہیں مگر اْس کے باوجود اگر ناکام ہو جائیں تو ایک بار سوچنا کہ کیا ہم نے یسوع سے مدد مانگی تھی؟بے شک ہم محنت بھی کرتے ہیں لیکن جب ہمارے منصوبوں میں یسوع نہیں ہوتا تب کامیابی مشکل ہو جاتی ہے اور جب یسوع ساتھ ہو تو ناکامی آ ہی نہیں سکتی۔ پطرس اور اندریاس دو نوں بھائی تھے۔اْن کا پیشہ ماہی گیری تھا۔اب وہ کشتی میں بیٹھے ساری رات محنت کرتے رہے مگر ایک مچھلی تک نہ پکڑ سکے۔دونوں بہت اْداس اور پریشان ہوئے۔پھر وہ جھیل کے کنارے آگئے اور اپنے جال صاف کرنے لگے۔اتنے میں یسوع قریب ہی لوگوں کے ہجوم کو تعلیم دے رہا تھا تو اْس نے پطرس سے کہا کہ کیا وہ اْس کی کشتی میں بیٹھ سکتا ہے؟ پطرس نے کہا ہاں۔جب یسوع بیٹھ گیا تو پطرس سے کہا کشتی گہرے پانی میں لے چلو اور جال ڈالو۔ پطرس نے جواب دیا لیکن میں اور میرا بھائی اندریا س ساری رات مچھلیاں پکڑتے رہے مگر ایک بھی ہاتھ نہیں آئی۔اے اْستاد تیرے کہنے پر جال ڈالتا ہوں۔جیسے ہی جال ڈالا،جال مچھلیوں سے بھر گیا یہاں تک کہ پھٹنے لگا۔دونوں بھائی اس قدر خوش ہوئے کہ یسوع کے قدموں پر گرِے اور کہا کہ یہاں سے چلا جا کیونکہ میں گنہگار ہوں۔ایسی مدد سوائے یسوع کے اور کوئی کر ہی نہیں سکتا۔
موجودہ دور میں ہمیں یہ سوچنے کی ضرورت ہے کہ آج ہماری زندگی میں ہم نے بھی بہت سے گولز (Goals) سیٹ کئے ہوں گے۔ جن کو ہم حاصل کرنا چاہتے ہیں۔لیکن یاد رکھیں!وہ مقاصد صرف ہماری کوشش سے پورے نہیں ہوں گے۔جب تک ہم یسوع کو اپنا دوست نہیں بناتے، اْس کے ساتھ نہیں چلتے۔اور جب ہم یسوع کو اپنے سارے منصوبے سونپ دیتے ہیں تو وہ ہماری زندگی کے ہر پہلو میں ہمارا مددگار ہوتاہے۔ وہ ہمیں بدلنے کی قدرت رکھتا ہے۔وہ ہمیں ترقی دیتا اور برکت بخشتا ہے۔ اس کا شکر یہ ادا کریں اور اسے اپنی زندگی میں اپنائیں۔کیونکہ یسوع سے بڑا ہمارا مددگار کوئی نہیں ہے۔