فرحت افزا پاشکائی موسم
موسم بہار اور پاشکائی موسم کا ایک خوبصورت سنگم ہے۔ سردی کے موسم کے بعد کائناتی ماحول کا کروٹ بدلنا ایک خوش آئند فضا اور ماحول کو جنم دیتا ہے۔ جاڑے کے سخت موسم میں درخت سْوکھے اور بے رونق دکھائی دیتے ہیں لیکن بہار کی نوید اپنے ہمراہ پرندوں کی چہچاہٹ،تتلیوں کے رقص،سْوکھی ٹہنیوں میں نئی کونپلوں کی مانند دوڑتی زندگی اور ہر جانب پھولوں کی برسات لے کر آتی ہے۔ مسیحیوں کے لیے 40 روزوں کا موسم سردی کے ایام سے مماثلت رکھتا ہے۔ ہم اپنی بے ڈھنگ اور بے ترتیب زندگیوں میں اصلاحی کاموں کے ذریعے رنگ بھرتے ہیں۔ اپنے دلوں کو چاک کرتے،نفس کْشی، دْعا اور نیکی کے کام کرتے ہیں جبکہ پاشکائی ایام جشن بہاراں کی مانند یسو ع مسیح کے تیسرے روز مردوں میں سے جی اْٹھنے کے جشن کو منانے کے ایام ہیں۔
یسوع مسیح کا مردوں میں سے جی اْٹھنا ہمارے ایمان کی سنہری سچائی ہے۔ یسوع نوشتوں کے مطابق قبر کی تاریکیوں کو نیست و نابود کر کے اپنی الہٰی قدرت سے موت پر غالب آیا اور تاریکی کو روشنی اور موت کو زندگی میں بدل ڈالا۔ ہمارا مسیحی عقیدہ ہمیں دو اہم پاشکائی پہلوؤں سے روشناس کرواتا ہے۔ پہلا یہ کہ یسوع نے اپنی موت کے ذریعے ہمیں گناہوں سے مخلصی دلائی۔ دوسرا اپنے جی اْٹھنے سے وہ ہمارے لیے بہشت کے دروازوں کو کھولتا ہے جو آدم اور حوا کی نافرمانی کے سبب سے بند تھے۔جب فرحت افزا موسم میں ہم پاشکا مناتے ہیں تو موت کی شکست اور ہمیشہ کی زندگی کا جشن مناتے ہیں جس کا حقدار زندہ جلالی یسوع ہمیں بناتا ہے۔یسوع مسیح ایسا بے داغ برہ ہے جس نے ہماری نجات کے لیے اپنے آپ کو قربان کر دیا اور اْس کا بیش قیمت خون ہمارے لیے وسیلہ نجات بنا۔
آئیں شادمانی کے ساتھ اپنے جی اْٹھے مسیحا کے ہمراہ پاشکائی ایام کو مناتے ہوئے اپنی بند قبروں سے باہر نکلیں اور زندگی کے نشیب و فراز میں جلالی یسوع کی موجودگی کو پہچانیں۔
دْعا ہے جی اْٹھا یسوع ہمارے دلوں اور خاندانوں کو اپنی سلامتی سے لبریز کرے تاکہ ہم سلامتی کے پیامبر اْس کے جی اْٹھنے کے سچے گواہ بنیں۔
آپ سبھی کو فرحت افزا پاشکا ئی موسم بہت بہت مبارک ہو!
Daily Program
