عیدِ قیامت المسیح: خوشی، اْمید اور نئی زندگی کا پیغام
عیدِ قیامت مسیحی ایمان کا مرکزی اور سب سے زیادہ خوشی بھرا تہوار ہے۔ یہ وہ دن ہے جب مسیحی دنیا بھر میں یسوع مسیح کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی خوشی مناتی ہے۔ یہ صرف ایک مذہبی تقریب نہیں، بلکہ امید، نئی شروعات اور روحانی فتح کا اعلان ہے۔
عیدِ قیامت ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ْدکھ کے بعد خوشی، اندھیرے کے بعد روشنی اور مایوسی کے بعد اْمید ضرور آتی ہے۔ پاک جمعہ کو دْکھ کا دن تھا، مگر اتوار کی صبح فتح لے کر آئی۔ یہی پیغام ہماری روزمرہ زندگی کے لیے بھی ہے کہ مشکلات عارضی ہوتی ہیں، لیکن خدا کی قدرت اور محبت دائمی ہے۔
عیدِ قیامت المسیح ہمیں یہ یقین دلاتی ہے کہ کوئی بھی صورتحال آخری نہیں ہوتی۔ اگر موت پر فتح ممکن ہے، تو ہماری زندگی کی مشکلات پر بھی فتح ممکن ہے۔ یہ تہوار ہمارے اندر ایک نئی اْمید پیدا کرتا ہے کہ کل آج سے بہتر ہو سکتا ہے۔اس عید کا پیغام دل کو گہرا سکون دیتا ہے۔ یہ ہمیں بتاتا ہے کہ ہم اکیلے نہیں ہیں۔ خدا کی محبت زندہ اور فعال ہے۔ یہ احساس انسان کے اندرونی خوف کو کم کر کے خوشی اور اطمینان پیدا کرتا ہے۔
ایسٹر ہمیں دوسروں کو معاف کرنے اور معافی قبول کرنے کا موقع ہے۔ جیسے مسیح نے محبت اور قربانی کا راستہ دکھایا، ویسے ہی ہم بھی رنجشوں کو چھوڑ کر نئی شروعات کر سکتے ہیں۔ عید پاشکا کا موسم ٹوٹے رشتوں کو جوڑنے اور دلوں کو صاف کرنے کا پیغام دیتا ہے۔ایسٹر کا پیغام ہمیں سکھاتا ہے کہ ناکامی انجام نہیں۔ جب ہم یہ یقین رکھتے ہیں کہ خدا زندگی کے حالات بدل سکتا ہے، تو ہمارے اندر حوصلہ اور مثبت سوچ پیدا ہوتی ہے۔ یہی سوچ ہمیں آگے بڑھنے کی طاقت دیتی ہے۔
یسوع مسیح کا مْردوں میں سے جی اْٹھنا دراصل خوشی بانٹنے کا تہوار ہے۔ لوگ عبادت گاہوں میں جمع ہوتے، خاندان ایک ساتھ وقت گزارتے اور خوشی کو دوسروں تک پہنچاتے ہیں۔ یہ میل جول معاشرتی ہم آہنگی اور محبت کو مضبوط کرتا ہے۔
عید ِقیامت المسیح ہمیں یاد دلاتی ہے کہ زندگی کا مقصد صرف دنیاوی کامیابی نہیں بلکہ روحانی تعلق بھی ہے۔ یہ ہمیں سکھاتی ہے کہ قربانی، محبت اور ایمان کبھی ضائع نہیں جاتے۔ خدا کی قدرت ہر اندھیرے کو روشنی میں بدل سکتی ہے۔
آج جب دنیا بے چینی، خوف اور غیر یقینی حالات سے گزر رہی ہے، عیدِ قیامت المسیح کا پیغام پہلے سے زیادہ معنی رکھتا ہے۔ یہ ہمیں یقین دلاتا ہے کہ مایوسی حتمی سچ نہیں۔ روشنی ہمیشہ اندھیرے پر غالب آتی ہے۔
یہ صرف ایک دن کی خوشی نہیں، بلکہ ایک طرزِ زندگی ہے۔یہ ہمیں سکھاتی ہے کہ اْمید رکھیں، محبت کریں، معاف کریں اور ہر نئے دن کو نئی زندگی سمجھ کر قبول کریں۔کیونکہ قیامت المسیح کا پیغام یہی ہے:زندگی موت پر غالب ہے، اور خوشی غم پر۔