مقدس یوحنا دی کانٹی(پولینڈ کے مربی)
مقدس یوحنا دی کانٹی 23 جون 1390 میں پولینڈ کے ایک چھوٹے سے گاؤں کانٹی میں پیدا ہوئے۔ آپ کے والدین انتہائی مذہبی اور ایماندار تھے۔ انہوں نے آپ کی تعلیم و تربیت کی۔ آپ پڑھائی میں خاصے ہوشیار تھے۔ آپ نے اپنی اعلیٰ تعلیم کراکاؤ کی یونیورسٹی سے حاصل کی اور بعد میں یہیں طویل عرصے تک پروفیسر رہے۔ یہاں پر آپ اپنے طالب علموں کو نہ صرف تعلیم دیتے بلکہ انہیں نیک اور پاکیزہ زندگی بسر کرنے کے لیے بھی راغب کرتے تھے۔ چند غلط فہمیوں کی بنا پر آپ کو یونیورسٹی سے خارج کر دیا گیا۔کاہن بننے کے بعد آپ نے اور بھی زیادہ گرم جوشی کے ساتھ منادی کرنا شروع کی اور دوسروں کو روحانی زندگی بسر کرنے کے لیے ہدایات دیتے رہے۔ آپ ایک اچھے رہبر کی مانند اپنے لوگوں کی روحانی اور جسمانی ضروریات کا خیال رکھتے تھے۔ آپ اْن کے لیے ایک شفیق باپ اور اچھے دوست تھے۔ آپ کے اسی رویے اور جذبے کو دیکھ کر وہ لوگ جو آپ کے مخالف تھے تبدیل ہو گئے۔ آپ کے دل میں مسیح خداوند کے لیے جان دینے کا جذبہ ہر وقت رہتا تھا۔
اسی نظریے کے تحت ارض مقدس جاتے رہے اور وہاں ترکوں کو مسیح یسوع کا پیغام دیتے رہے۔ زیارت کے لیے چار بار پیدل روم گئے۔ آپ کم سوتے تھے اور وہ بھی زمین پر اور کھانا بھی کم کھاتے تھے۔ گوشت کا استعمال بالکل نہیں کرتے تھے۔ آپ روزہ، ریاضت اور عبادت کو خاص مقام دیتے تھے۔ ایک بار جب آپ کو کہا گیا کہ اپنی صحت کا خیال رکھیں تو آپ نے کہا کہ ابتدا میں آبائے کلیسیا بھی ایسی ہی زندگی بسر کرتے تھے اور وہ خاصی عمر پاتے تھے۔ آپ نے علم الہٰیات کے مضامین پر مشتمل 18 ہزار صفات کا ترجمہ کیا۔اپنی زندگی کے ایام میں آپ نے کئی بار اپنی چیزوں کو غریبوں میں بانٹ دیا۔ آپ اپنے لوگوں میں بے حد مقبول تھے اور وہ سب آپ کو ایک عظیم مقدس شخصیت تسلیم کرتے تھے۔ آپ خداوند کے لیے کام کرتے ہوئے 24 دسمبر 1473 میں خداوند میں ابدی نیند سو گئے۔ آپ پولینڈ کے مربی کہلائے جاتے ہیں۔