یسوع کی محبت کو ڈیجیٹل دنیا تک پہنچائیں۔ کارڈینل فلیپ نَیری فیراؤ
مورخہ 11 ستمبر 2026کو فیڈریشن آف ایشین بشپس کانفرنسز کے صدر کارڈینل فلیپ نَیری فیراؤ نے پہلی ایشیائی کیتھولک ڈیجیٹل مشنری اسمبلی کے شرکا کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ وہ یسوع مسیح کی محبت کو ڈیجیٹل دنیا تک پہنچائیں اور آن لائن پلیٹ فارمز کو مقبولیت حاصل کرنے کے بجائے کلیسیائی رفاقت اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے استعمال کریں۔انہوں نے کہا کہ دستیاب ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو صرف فالوورز، لائکس یا اپنی تشہیر کے لیے استعمال نہ کریں بلکہ مسیح کی منادی، دوسروں کی خدمت اور رفاقت کے پْل تعمیر کرنے کے لیے استعمال کریں۔
کارڈینل فیراؤ نے کہا کہ مختلف ممالک، ثقافتوں، زبانوں اور کلیسیائی و پاسبانی حالات سے تعلق رکھنے والے شرکا ایک مشترکہ مشن کے ذریعے متحد ہیں۔یسوع مسیح کی محبت کو ڈیجیٹل دنیا تک پہنچانا اور وہاں کلیسیا کی موجودگی کو یقینی بنانا جہاں لوگ زندگی گزارتے، رابطہ کرتے، معنی تلاش کرتے اور اپنے سوالات اٹھاتے ہیں۔انہوں نے ڈیجیٹل دنیا کو ایک نئے مشن کے میدان کے طور پر بیان کیا، جہاں لوگ تعلقات قائم کرتے ہیں، زندگی کے معنی تلاش کرتے ہیں اور زندگی کے بعض گہرے ترین سوالات کا سامنا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسی لیے ڈیجیٹل مشنری شاگردوں کے طور پر آپ کی بلاہٹ نہایت اہم ہے۔ انہوں نے شرکا کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ اپنی ڈیجیٹل خدمت میں تخلیقی صلاحیت، حوصلہ اور مؤثر موجودگی کو بروئے کار لائیں۔
کارڈینل فیراؤ نے اسمبلی کے مرکزی پیغام کو اْجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل مشنریوں کو صرف اثرانداز شخصیات بننے کے بجائے مسیح کے گواہ بننے کی طرف بڑھنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ایک انفلوئنسرلوگوں کی توجہ حاصل کر سکتا ہے، لیکن ایک گواہ اس سے کہیں زیادہ گہرا کام کرتا ہے۔ ایک گواہ اپنی ذات سے آگے بڑھ کر لوگوں کی توجہ مسیح کی طرف مبذول کراتا ہے۔کارڈینل فلیپ نَیری فیراؤ کے مطابق ڈیجیٹل گواہی صرف الفاظ یا مذہبی مواد تک محدود نہیں۔ اس کے لیے ایک حقیقی مسیحی زندگی ضروری ہے، جو انجیل کو اس بات پر اثرانداز ہونے دے کہ ڈیجیٹل مشنری دوسروں سے کس طرح بات کرتے، سنتے، جواب دیتے اور ان کے ساتھ سفر کرتے ہیں۔انہوں نے اس مشن کو ایشیا میں کلیسیا کے سنڈی سفر سے بھی جوڑا۔انہوں نے کہا کہ سنڈی طریقہ ہمیں ایک ساتھ چلنے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے ڈیجیٹل مشنریوں پر زور دیا کہ بولنے سے پہلے سنیں، فیصلہ کرنے سے پہلے سمجھیں، مشورہ دینے سے پہلے ساتھ چلیں اور مقابلہ کرنے کے بجائے تعاون کریں۔
کارڈینل فیراؤ نے شرکا ء کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کو ایسے مقامات میں تبدیل کریں جہاں لوگ خود کو سنا گیا، خوش آمدید کہا گیا اور قدر و اہمیت دی گئی محسوس کریں، خصوصاً نوجوان، زندگی کے معنی تلاش کرنے والے افراد، تنہائی کا شکار لوگ اور وہ افراد جو مسیحی برادری سے دور محسوس کرتے ہیں۔
انہوں نے مشنریوں پر زور دیا کہ وہ ڈیجیٹل دنیا میں داخل ہونے سے خوفزدہ نہ ہوں بلکہ مسیح کے دل کے ساتھ اس دنیا میں موجود رہیں۔انہوں نے کہا کہ انجیل میں جڑیں مضبوط رکھتے ہوئے تخلیقی بنیں۔ فروتنی کے ساتھ دلیر بنیں۔ موجود رہیں، لیکن ہمیشہ اپنی ذات سے آگے لوگوں کی توجہ یسوع کی طرف مبذول کرائیں۔کارڈینل نے اس اْمید کا بھی اظہار کیا کہ یہ اسمبلی ڈیجیٹل مشنریوں کے درمیان رفاقت کو مضبوط کرے گی اور ایشیا بھر میں تعاون کی نئی صورتوں کو فروغ دے گی۔انہوں نے کہا کہ میری دْعا ہے کہ یہ اسمبلی آپس کی رفاقت کو مضبوط کرے، آپ کے مشنری بلاہٹ کو مزید گہرا کرے اور ہماری ایشیائی کلیسیا میں تعاون کی نئی صورتوں کے لیے تحریک کا باعث بنے۔انہوں نے اپنے اختتامی کلمات میں اس اجتماع کو خدا کے سپرد کرتے ہوئے دعا کی کہ یہ اسمبلی ایشیا میں کلیسیا کے مشن کے لیے بھرپور اور زندہ ثمرات لائے۔
