ہندوستانی استاد اور سماجی کارکن،راؤبل ناگی نے، $1 ملین کا گلوبل ٹیچر پرائز جیت لیا۔
مورخہ5فروری2025کو ایک ہندوستانی استاد اور سماجی کارکن،راؤبل ناگی نے گلوبل ٹیچر پرائزجیت لیا۔ محترمہ راؤبل ناگی سینکڑوں تعلیمی مراکز قائم کرنے اور غریب علاقوں کی دیواروں پر تعلیمی وال آرٹ بنانے کے لیے مشہور ہیں،انہوں نے یہ انعام دبئی میں ہونے والے ”ورلڈ گورنمنٹس سمٹ“ میں وصول کیا، جو ایک سالانہ تقریب ہے اور دنیا بھر کے رہنماؤں کو یکجا کرتی ہے۔
ان کی تنظیم راؤبل ناگی آرٹ فاونڈیشن نے بھارت بھر میں 800 سے زائد تعلیمی مراکزقائم کیے ہیں۔ ان مراکز کا مقصد بچوں کو بنیادی تعلیم فراہم کرنا ہے، خاص طور پر ان بچوں کو جو کبھی اسکول نہیں گئے۔ یہ مراکز پہلے سے اسکول جانے والے بچوں کو بھی تعلیم فراہم کرتے ہیں۔ ناگی دیواروں پر ایسے والز اور میورلز بھی بناتی ہیں جو لٹریسی، سائنس، ریاضی اور تاریخ سمیت دیگر مضامین کی تعلیم دیتے ہیں۔
انعام وصول کرتے ہوئے راؤبل ناگی نے کہا کہ یہ ان کے لیے اور بھارت کے لیے ایک اعزاز ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 24 سال قبل 30 بچوں کے ساتھ اس مہم کا شروع کیا اور اب ان کی پہنچ ایک ملین سے زائد بچوں تک ہو گئی ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ ہر قدم نے مجھے مزید متحرک کیا، مجھے یہ حوصلہ دیا کہ بھارت کے ہر بچے کو اسکول تک پہنچاؤں۔ جب میں خود بچپن میں تھی تو میرا خواب یہ تھا کہ ہر بچہ اسکول جائے۔
راؤبل ناگی کویہ انعام ”وارکی فاؤنڈیشن“ کی جانب سے دیا گیا، جس کے بانی ”سنی وارکی“ ہیں، جنہوں نے GEMS Education کمپنی قائم کی، جو مصر، قطر اور یو اے ای میں متعدد اسکول چلاتی ہے۔ناگی کہتی ہیں کہ وہ $1 ملین کا انعام ایک ادارے کے قیام کے لیے استعمال کریں گی۔جو مفت پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرے گا۔
یاد رہے ناگی دسویں استاد ہیں جنہیں یہ انعام دیا گیا، اس کا آغاز 2015 میں ہوا تھا۔