کیتھولک کنیکٹ: اختلافات کے باوجود بھارتی کیتھولک برادری کو جوڑنے کا ذریعہ ہے۔فادر سیرل

فادر سیرل
فادر سیرل

بھارت کی غیر معمولی لسانی، ثقافتی اور علاقائی تنوع کے باعث کیتھولک کلیسیا کے لیے ضروری ہے کہ وہ مقامی زبانوں میں مواد کے ذریعے برادریوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے نئے ڈیجیٹل ذرائع اختیار کرے، یہ بات فادر سیرل وکٹر جوزف نے کہی، جو ابلاغی ماہر اور قومی سطح پر کیتھولک میڈیا کے عہدیدار ہیں۔فادر سیرل نے کیتھولک کنیکٹ نامی ڈیجیٹل پلیٹ فارم کو اْجاگر کیا۔ یہ پلیٹ فارم بھارت بھر کے کیتھولک افراد کو لسانی اور ثقافتی حدود سے بالاتر ہو کر آپس میں جوڑنے کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے 11 ستمبر کو کوئزون سٹی میں منعقدہ پہلی ایشیائی کیتھولک ڈیجیٹل مشنری اسمبلی کے دوران ایک پینل مباحثے میں اس پلیٹ فارم کے بارے میں گفتگو کی۔
11 تا 13 ستمبر کو پوپ جان پال دوم آڈیٹوریم، کوئزون سٹی میں منعقد ہونے والی اس اسمبلی میں ایشیا بھر سے کیتھولک ڈیجیٹل مشنری، ابلاغی ماہرین اور مواد تخلیق کرنے والے افراد شریک ہیں، جہاں تیزی سے بدلتے ہوئے ڈیجیٹل ماحول میں کلیسیا کے مشن کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔بھارت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے فادر سیرل نے ملک کو ایک چھوٹا ایشیا قرار دیا، جہاں بے شمار زبانیں، ثقافتیں اور منفرد علاقائی پہچان پائی جاتی ہے۔انہوں نے بتایا کہ بھارت میں 22 بڑی زبانیں بولی جاتی ہیں، جبکہ 300 سے زائد قبائلی زبانیں بھی موجود ہیں۔ یہ تنوع کلیسیا کے لیے ایک خاص چیلنج ہے، جو پورے ملک میں انجیل کا پیغام پہنچانے کی کوشش کر رہی ہے۔فادر سیرل نے کہا کہ آج بھارت میں ڈیجیٹل دنیا کی حقیقت یہ ہے کہ ہمیں بڑی تعداد میں نوجوانوں، دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد اور مختلف زبانوں اور روایات سے وابستہ لوگوں تک پہنچنا ہے۔انہوں نے بھارت کے ڈیجیٹل منظرنامے کے ایک نمایاں تضاد کی طرف بھی توجہ دلائی۔ ان کے مطابق تقریباً 70 فیصد آبادی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز سے منسلک ہے، تاہم ملک کی مجموعی آبادی بہت زیادہ ہونے کے باعث بھارت دنیا کی ان بڑی آبادیوں میں بھی شامل ہے جو اب تک ڈیجیٹل دنیا سے منسلک نہیں ہیں۔فادر سیرل کے مطابق کیتھولک کلیسیا کے لیے ڈیجیٹل میڈیا ایسے لوگوں تک پہنچنے کا ایک اہم موقع فراہم کرتا ہے جنہیں مسیحیت کے بارے میں بہت کم یا بالکل بھی معلومات نہیں۔ایک کثیرالمذاہب معاشرے میں کیتھولک ڈیجیٹل بشارت کا کام ایسے افراد سے ملاقات کا تقاضا بھی کرتا ہے جو مسیحیت کے بارے میں غلط فہمیوں یا منفی تصورات رکھتے ہیں۔
فادر سیرل نے بین المذاہب ہم آہنگی اور قیامِ امن کو بھارت میں کلیسیا کے مشن کا ایک اہم پہلو قرار دیا۔ اسی قومی صورتحال میں کیتھولک کنیکٹ کے تصور نے جنم لیا۔فادر سیرل نے وضاحت کی کہ ٹیلی ویژن اور ریڈیو جیسے روایتی ذرائع ابلاغ کو بھارت بھر کے کیتھولک افراد تک ایک ہی زبان میں پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ٹی وی، ریڈیو یا کوئی اور پلیٹ فارم ہو تو ایک ہی زبان کے ذریعے لوگوں تک پہنچنا بہت مشکل ہے۔کیتھولک کنیکٹ ایک مشترکہ ڈیجیٹل پلیٹ فارم فراہم کرنے کی کوشش ہے، جس کے ذریعے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے کیتھولک افراد ایک دوسرے سے جڑے رہ سکتے ہیں، جبکہ وہ اپنی اپنی لسانی اور ثقافتی شناختوں کو بھی برقرار رکھ سکتے ہیں۔
یہ اقدام بھارت میں کیتھولک ابلاغ کے بدلتے ہوئے انداز کی بھی عکاسی کرتا ہے۔ فادر سیرل مرکزی سطح پر تیار کیے جانے والے مواد پر مکمل انحصار کرنے کی بجائے ملک کی متعدد مقامی زبانوں میں مواد تیار کرنے کے وسیع امکانات دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی زبانوں میں مواد، معلوماتی اور تعلیمی ویڈیوز اور روحانی مواد تیار کرنے کے بہت زیادہ امکانات موجود ہیں۔ایسا مواد کلیسیا کو نہ صرف کیتھولک افراد تک بلکہ ان لوگوں تک بھی پہنچنے میں مدد دے سکتا ہے جنہوں نے کبھی مسیحی پیغام نہیں سنا یا جو کلیسیا سے باہر کے ذرائع سے مسیحیت کے بارے میں معلومات حاصل کرتے ہیں۔فادر سیرل نے کیتھولک کنیکٹ کو مذاہب اور ثقافتوں کے درمیان مکالمہ کو فروغ دینے کی کلیسیا کی وسیع تر کوششوں سے بھی جوڑا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل ابلاغ علاقائی حدود سے بالاتر ہو کر کیتھولک افراد کو ایک دوسرے سے جڑے رہنے میں مدد دے سکتا ہے اور ساتھ ہی دیگر مذہبی اور ثقافتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں سے ملاقات اور مکالمہ کے نئے مواقع بھی پیدا کر سکتا ہے۔
چنانچہ چیلنج صرف تکنیکی نہیں بلکہ کلیسیائی اور پاسبانی نوعیت کا بھی ہے کہ وسیع اور متنوع آبادی تک پہنچنے کے لیے ڈیجیٹل ذرائع کو کس طرح استعمال کیا جائے، جبکہ زبان، جغرافیہ اور ثقافتی اختلافات کلیسیا کے ابلاغ کو تقسیم نہ کر دیں۔فادر سیرل کے نزدیک کیتھولک کنیکٹ اسی حقیقت کا جواب دینے کی ایک کوشش ہے۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے ڈیجیٹل دنیا کو محض کیتھولک معلومات کی ترسیل کے لیے استعمال کرنے کی بجائے بھارت بھر کے کیتھولک افراد کے درمیان روابط مضبوط کرنے اور بشارت، تعلیم، روحانیت اور بین المذاہب مکالمہ  کے نئے مواقع پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
 

Daily Program

Livesteam thumbnail
Urdu Survey Popup