موجودہ حالات میں مشنری خدمت نہ صرف الفاظ بلکہ عملی گواہی کا تقاضہ کرتی ہے۔عزت مآب بشپ خالد رحمت

مورخہ 28جنوری2026کو رینیول سنٹر لاہور میں پونٹیفیکل مشن سوسائٹیز (PMS) پاکستان کا سالانہ رپورٹنگ اجلاس منعقد ہوا۔ یہ اجلاس عزت مآب بشپ خالد رحمت کی سرپرستی اور رہنمائی میں ہوا، جس میں ملک بھر سے ڈایوسیز کے ڈائریکٹرز نے شرکت کی۔ اجلاس کی افتتاحی نشست میں لاہور ڈایوسیز کے پی ایم ایس ڈایوسیزن ڈائریکٹر، ریورنڈ فادر آصف سردار نے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہا۔اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے اس اجلاس کو کلیسیا کے مشنری مشن پر غور و فکر، کارکردگی کے جائزے اور مستقبل کے لیے نئے عزم کا ایک اہم موقع قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پونٹیفیکل مشن سوسائٹیز کا کردار پاکستان میں انجیل کے پیغام کو فروغ دینے اور مقامی کلیسیا کی معاونت میں نہایت اہم ہے۔
اجلاس کے دوران مختلف ڈایوسیز کے ڈائریکٹرز نے اپنی اپنی سالانہ رپورٹس پیش کیں، جن میں مشنری سرگرمیوں، جاری منصوبوں، درپیش چیلنجز اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ ان رپورٹس میں خاص طور پر تعلیم، سماجی خدمت، ایمان کی تربیت اور کمزور و محروم طبقات کی خدمت میں پی ایم ایس کے کردار کو اْجاگر کیا گیا۔
عزت مآب بشپ خالد رحمت نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کی خدمات کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں مشنری خدمت نہ صرف الفاظ بلکہ عملی گواہی کا تقاضہ کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کلیسیا کو چاہیے کہ وہ یکجہتی، خدمت اور قربانی کے ذریعے مسیح کی محبت کو معاشرے کے ہر طبقے تک پہنچائے۔ بشپ جی نے پی ایم ایس کے کارکنان اور رضاکاروں کی انتھک محنت پر شکریہ ادا کیا اور انہیں ثابت قدمی کے ساتھ اپنے مشن کو جاری رکھنے کی ترغیب دی۔
ریورنڈ فادر آصف جان، قومی ڈائریکٹر پی ایم ایس پاکستان، نے بتایا کہ کس طرح پی ایم ایس پاکستان ملک کے مختلف حصوں میں مشنری منصوبوں، نوجوانوں کی شمولیت اور مقامی کلیسیاؤں کی معاونت میں سرگرمِ عمل ہے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ باہمی تعاون اور شفاف رپورٹنگ مشنری خدمت کو مؤثر بنانے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔
اجلاس کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ پاکستان میں کلیسیا کے مشنری مقصد کو مزید مؤثر انداز میں آگے بڑھائیں گے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail