مقدس پادرے پیؤ کیتھولک چرچ لا ہور کینٹ میں امن کے لیے خصوصی دعائیہ تقریب کا انعقاد

مورخہ27فروری 2026 کومقدس پادرے پیؤ کیتھولک چرچ لا ہور کینٹ میں ریورنڈفادر قیصر فیروز، ایگزیکٹو سیکریٹری قومی کمیشن برائے سماجی ابلاغیات، نے امن کے لیے خصوصی دعائیہ اجتماع کی قیادت فرمائی۔
اس موقع پر اپاسٹولک کارملائٹ سسٹرز کی سپیریئر سسٹر عظمت، مناد صاحبان اور چرچ کے مختلف گروپس نے بھی شرکت کی۔ شرکاء نے پہلے راہِ صلیب(Way of the Cross) پر غور و فکر کیا اور اس کے بعد ہاتھوں میں امن کی شمعیں تھام کر پاک۔افغان سرحدوں پر امن کے لیے اجتماعی دْعا کی۔
تقریب کے دوران مقررین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی اور ہر قسم کی جنگ و تصادم کی وجوہات کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے زور دیا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں اور مستقل امن صرف مکالمہ اور بات چیت کے ذریعے ہی ممکن ہے۔
انہوں نے اْمید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان جلد جنگ بندی کا اعلان کیا جائے گا تاکہ خطے میں استحکام اور سکون قائم ہو سکے۔
مقررین نے یہ بھی کہا کہ طالبان کی جنگی سوچ ایک نظریاتی مسئلہ ہے جس کی تبدیلی میں وقت لگ سکتا ہے، تاہم عالمی برادری کا کردار انتہائی اہم ہے۔ بین الاقوامی برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان اور افغانستان کی مدد کرے تاکہ اس تنازع کو حل کر کے خطے میں امن بحال کیا جا سکے۔
آخر میں شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ امن کو انسانیت کا مشترکہ مقصد اور مفاد بنایا جائےتاکہ دنیا ایک زیادہ محفوظ اور پرامن جگہ بن سکے۔

Daily Program

Livesteam thumbnail