معروف کیتھولک صحافی، ادیب، مصنف اور کلیسیائی رکن جناب وکٹر ڈینئل کی نمازِ جنازہ سینٹ میری کیتھولک چرچ، گلبرگ، لاہور میں ادا کر دی گئی۔
مورخہ 14 جولائی 2026 کو معروف کیتھولک صحافی، ادیب، مصنف اور کلیسیائی رکن جناب وکٹر ڈینئل کی نمازِ جنازہ سینٹ میری کیتھولک چرچ، گلبرگ، لاہور میں عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ پاک ماس کی قیادت فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے جبکہ ریورنڈفادر مورس جلال، ریورنڈ فادر قیصر فیروز اور ریورنڈ فادر الماس جان نے معاونت فرمائی۔
اپنے وعظ میں فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے کہا کہ وکٹر ڈینئل نے اپنی بھرپور زندگی گزاری۔ آج کا دن انکی زندگی اور خدمت کے لیے شکرگزار ی کا دن ہے۔ ان کی زندگی کلیسا ء خدمت کے لئے وقف تھی۔ انھیں ادب سے گہرا لگاو تھا۔ وکٹر ڈینئیل اپنی اعلی سوچ اور تحریری خدمت کے ذریعے زندہ رہے گے۔انہوں نے مزید کہا کہ کاتھولک نقیب کو فروغ دینے اور مضبوط بنانے میں ان کا بہت حصہ ہے۔ وہ ایک نفیس انسان تھے، ان کے ساتھ بیٹھنا اور بات چیت کرنا اچھا لگتا تھا۔ وہ موجودہ حالات و واقعات سے بخوبی آگاہ رہتے تھے۔انہوں نے مزید کہا کہ مرحوم نہایت نفیس، شائستہ اور باوقار شخصیت کے مالک تھے۔ ان کے ساتھ بیٹھنا اور گفتگو کرنا خوشگوار تجربہ ہوتا تھا کیونکہ وہ قومی اور عالمی حالات و واقعات پر گہری نظر رکھتے تھے۔ بشپ جی نے حکمت کی کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکمت ہی انسان کے سفید بال ہیں، اور اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ انسان نے اپنی زندگی کیسے گزاری۔
فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے کہا کہ تحریری خدمت کے میدان میں وکٹر ڈینئل ایک سینئر اور قابلِ احترام شخصیت تھے۔ دوسروں کی رہنمائی اور مدد کرنا ان کی فطرت تھی۔ وہ خوش دلی سے نوجوانوں کو صحافت اور میڈیا کے شعبے میں تربیت دیتے اور انہیں کلیسیا کی خدمت کے لیے تیار کرتے تھے۔انہوں نے فادر ندیم کے ساتھ مل کر انہوں نے گراں قدر خدمت کی۔فضیلت مآب آرچ بشپ نے کہا کہ راستبازوں کی روحیں خدا کے ہاتھ میں ہیں اور وکٹر ڈینئل نے ایک خوبصورت، بامقصد اور وفادار زندگی گزاری، جو آج بھی ہم سب کے لیے ایک روشن مثال ہے۔
اپنے وعظ کے اختتام پر فضیلت مآب آرچ بشپ خالد رحمت نے دْعا کی کہ خداوند مرحوم کو اپنی ابدی حضوری میں جگہ عطا فرمائے اور ان کے اہلِ خانہ کو صبر و تسلی بخشے۔ انہوں نے کہا کہ وکٹر ڈینئل کی وفادار خدمت آنے والی نسلوں، خصوصاً نوجوانوں، کے لیے مشعلِ راہ ہے، اور خدا ہم سب کو بھی کلیسیا سے اسی محبت اور وفاداری کے ساتھ خدمت کرنے کا فضل عطا فرمائے۔