مسّیو آشن نے FABC کے ساتھ شراکت داری کے عزم کا اعادہ کیا اورمقامی کلیسیائی قیادت کی اہمیت پر زور دیا۔

مسّیو آشن
مسّیو آشن

جرمنی میں قائم کیتھولک مشنری ادارہ  مسّیو آشن (Missio Aachen) نے فیڈریشن آف ایشین بشپ کانفرنسز (FABC) کی 12ویں جنرل اسمبلی کے دوران ایشیا میں کلیسیا کی معاونت کے لیے اپنے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ باہمی اعتماد، ذیلی اختیارات اور سنڈیلٹی پر مبنی شراکت داری ہی کلیسیا کے مشن کو مضبوط بناتی ہے۔23 جولائی کو جکارتہ کے ہوٹل مولیا میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مسّیو آشن کے بین الاقوامی مشن کے شعبہ کی عہدیدار ”کرینا اشٹروک“نے بشپ صاحبان، کاہنوں،کلیسیائی رہنماؤں اور مومنین سے کہا کہ کلیسیا کا مشن اْس وقت زیادہ موثر بنتا ہے جب بین الاقوامی شراکت دار مقامی کلیسیاؤں پر بالادستی قائم کرنے کی بجائے اْن کے شانہ بشانہ کام کریں۔انہوں نے کہا کہ ہم FABC کے ساتھ اپنی طویل، قریبی اور پھلدار شراکت داری کے سفر پر شکر گزار ہیں۔ برسوں سے ہماری شراکت داری اعتماد، عزم اور باہمی تعاون پر استوار رہی ہے، جس کے لیے ہم آپ کے دل سے شکر گزار ہیں۔
ان کا خطاب 12ویں جنرل اسمبلی کے دوران ہوا، جس میں ایشیا بھر سے کیتھولک رہنما ”سنڈی تبدیلی کی دعوت اور ایشیا میں پْل اور پْل تعمیر کرنے والے بننے کے مشن“ کے موضوع پر غور و خوض کر رہے ہیں۔کرینا اشٹروک نے زور دیا کہ مسّیو آشن کی خدمت کا انحصار مقامی کلیسیاؤں کی گواہی اور وابستگی پر ہے، کیونکہ بشپ صاحبان، کاہن، مذہبی افراد اور پادری کارکن انہی لوگوں کے درمیان رہتے اور خدمت انجام دیتے ہیں جن کی وہ رہنمائی کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقامی برادریوں میں آپ کی موجودگی اور ضرورت مند افراد کے لیے آپ کی خدمت آپ کو اْمید اور انسانی عظمت کو فروغ دینے میں ایک ناقابلِ تبدیل شراکت دار بناتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مقامی کلیسیاؤں اور ان کی برادریوں کے درمیان مضبوط تعلق کے باعث روحانی اور انسانی ہمدردی کے منصوبہ لوگوں کی حقیقی ضروریات کے مطابق زیادہ موثر انداز میں تشکیل پاتے ہیں۔کرینا اشٹروک کے مطابق اس عزم کی ایک نمایاں مثال تھائی لینڈ کے شہر بنکاک میں FABC کے اشتراک سے مسّیو آشن کے علاقائی دفتر کا قیام ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دفتر ذیلی اختیارات اور سنڈیلٹی  کے اصولوں کی عملی عکاسی کرتا ہے، کیونکہ اس کے ذریعے مقامی کلیسیاؤں کو مشن کی ترجیحات طے کرنے اور اہم فیصلے کرنے میں زیادہ ذمہ داری دی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو برسوں کے دوران مسّیو آشن نے ایشیا کی کلیسیاؤں کو پالیسی سازی اور مالی معاونت کی تقسیم کے عمل میں زیادہ شریک کر کے مقامی ڈھانچوں کو مضبوط بنایا ہے۔ان کے مطابق اس طریقہ کار سے یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ منصوبے بیرونی ترجیحات کے بجائے مقامی حالات اور لوگوں کی حقیقی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کیے جائیں۔

مسّیو آشن
مسّیو آشن


کرینا اشٹروک نے کہا کہ 12ویں جنرل اسمبلی مسّیو آشن کے لیے بھی ایک اہم موقع ہے تاکہ وہ ایشیا بھر کے کلیسیائی رہنماؤں سے براہِ راست ان کے تجربات، چیلنجز اور اْمیدوں کو سن سکے۔انہوں نے کہا کہ یہ جنرل اسمبلی ہمیں آپ کے خدشات، خیالات اور اْمیدوں کو سننے کا قیمتی موقع فراہم کرتی ہے۔ ہمیں اْمید ہے کہ یہ تبادلہ ء خیال ہمارے مشترکہ وژن کو مزید مضبوط کرے گا اور ڈایوسیس اور کلیسیائی اداروں کے درمیان تعاون کو گہرا بنائے گا۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے یقین دلایا کہ مسّیو آشن اور اس کے معاونین کا عالمی نیٹ ورک دْعا، مالی تعاون اور مسلسل شراکت داری کے ذریعے ایشیا میں FABC کے مشن کی حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ کلیسیا کا سنڈی مشن اس وقت زیادہ مضبوط ہوتا ہے جب بین الاقوامی شراکت دار مقامی کلیسیاؤں کو ان کے اپنے روحانی اور سماجی حالات کے مطابق قیادت کرنے کے لیے بااختیار بناتے ہیں۔جرمنی کے شہر آشن میں قائم مسّیو آشن ویٹی کن سے منظور شدہ  پاپائی مشن سوسائٹیز کے اہم شراکت دار اداروں میں شمار ہوتا ہے۔ یہ ادارہ بالخصوص افریقہ، ایشیا اور اوشینا میں ایمانی تربیت، بشارت، انسانی ہمدردی کے منصوبوں اور کلیسیائی ترقی کے پروگراموں کی معاونت کرتا ہے، جبکہ انحصار کی بجائے یکجہتی، باہمی ذمہ داری اور شراکت داری کے اصولوں کو فروغ دیتا ہے۔