فیصل آباد ڈایوسیس میں نئے دفاتر کی عمارت کا افتتاح
مورخہ 10 جون 2024 کوفیصل آباد ڈایوسیس نے چرچ ان نیڈ (جرمنی) کے تعاون سے بنائے گئے نئے دفاتر کی تکمیل کا اعلان کیا ہے۔ تعمیر شدہ عمارت کا افتتاح عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے اپنے دست ِ مبارک سے کیا۔
اس افتتاحی تقریب میں ریورنڈ فادر بشیر فرانسس،ریورنڈ فادر ظفر اقبال، ریورنڈ فادر خالد رشید عاصی، ریورنڈ فادر خالد مختار، ریورنڈ فادر شبیر بشیر، ریورنڈ فادر خلیل مسعود، ریورنڈ فادر یعقوب یوسف، ریورنڈ فادر طفیل یونس، جناب ندیم بشیر، جناب جیمز لال، جناب نصیر سہیل، جناب انیل، جناب اعجاز بھٹی، لالہ رابن ڈینیئل، جناب ابرار سہوترا، جناب رانا سجاد اکبر، جناب شکیل نائیک، آفتاب نوازاور خادم ٹھیکیدارنے شرکت کی۔
عزت مآب بشپ ڈاکٹر اندریاس رحمت نے نے عطیہ دہندگان، کاہنوں، ٹھیکیداروں اور مزدوروں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے عمارت کی تعمیر میں تعاون کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمارت مکمل ہونے کے باوجود دفاتر کو ضروری سامان اور فرنیچر سے آراستہ کرنے سمیت ابھی بہت کام کرنا باقی ہے۔
بشپ نے نئے دفاتر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نئے دفاتر کی تکمیل فیصل آباد ڈایوسیس کے لیے ایک اہم سنگ میل ہے اور یہ اس منصوبے میں شامل تمام افراد کی لگن اور محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ یہ دفاتر ڈایوسیس کے مشن اور مومنین تک رسائی میں اضافہ کریں گے۔ انہوں نے اس امید کا اظہاربھی کیا کہ نئی سہولیات ڈایوسیس کو زیادہ سے زیادہ لوگوں کی خدمت کرنے اور اپنی رسائی کو بڑھانے کے قابل بنائے گی۔
افتتاح کے بعد، بشپ جی نے سات دفاتر، باورچی خانے اور کانفرنس ہال کو برکت دی۔