سینٹ جوزف کانوینٹ کوئٹہ میں سسٹرز آف سینٹ جوزف آف شیمبری کے روحانی سفر کا375سالہ جشن
مورخہ 17اکتوبر2025کو سینٹ جوزف کانوینٹ کوئٹہ میں سسٹرز آف سینٹ جوزف آف شیمبری (Chambéry) کی کوئٹہ کمیونٹی نے نہایت عقیدت اور شکرگزاری کے ساتھ اپنی 375 سالہ روحانی اور تعلیمی خدمات کے سفر کا جشن منایا۔ اس موقع پرپاک ماس کی اقدس قربانی عزت مآب بشپ خالد رحمت (او۔ایف۔ایم کیپ) نے خدا کی نذر گزرانی۔انہوں نے اپنے وعظ میں سسٹرز آف سینٹ جوزف کی قربانی، خدمت اور محبت کے جذبے کو سراہا۔ بشپ صاحب نے بتایا کہ سسٹرز آف سینٹ جوزف نے ہمیشہ عاجزی، ایمان اور خدمتِ خلق کی تعلیمات کو عملی شکل دی ہے اور اْن کی محنت نے کوئٹہ سمیت پورے پاکستان میں روحانی اور سماجی ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
اس موقع پر سسٹر نسرین ناز کی 40 سالہ خدمات کو بھی سراہا گیا۔ سسٹر نسرین ناز نے سینٹ جوزف کا نوینٹ نرسری اسکول، کوئٹہ میں سینکڑوں بچوں کی ابتدائی تعلیم و تربیت میں نمایاں کردار ادا کیا۔نیز اسکول کے محنتی اور وفادار عملے کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔اپنے پیغام کے اختتام پر بشپ جی نے کہا خدا کرے سسٹرز آف سینٹ جوزف آئندہ بھی خدا کی محبت اور انسانیت کی خدمت کے سفر کو اسی جوش و جذبے سے جاری رکھیں۔
اس تقریب میں سسٹرز کے مشن پر مبنی ایک مختصر دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی جس میں اْن کے عالمی مشن، خدمتِ تعلیم، صحت اور سماجی ترقی کے مختلف پہلوؤں کو اُجاگر کیا گیا۔