سسٹرفلومینہ مْراد (او۔پی) نے ابدی زندگی کیلئے اپنا زمینی سفر مکمل کر لیا۔

یہ خبر نہایت افسوس کے ساتھ بیان کی جاتی ہے کہ 19ستمبر2024کوملتان  ڈایوسیس کی سسٹرفلومینہ مْراد (او۔پی) نے ابدی زندگی کیلئے اپنا زمینی سفر مکمل کر لیا۔  پاک ماس کی اقدس قربانی کی قیادت عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے فرمائی۔دوران وعظ بشپ جی نے سسٹرفلومینہ مْراد (او۔پی) کی زندگی کو خراج ِ تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ راہبانہ زندگی میں تین چیزیں یعنی سادگی،حلیمی اور تابعداری بے حد ضروری ہوتی ہیں اور سسٹر فلومینہ نے اپنی 39 سالہ راہبانہ زندگی خدا کے ساتھ وفاداری،اپنی جماعت کے ساتھ تابعداری اور مومنین کی بے لوث خدمت کرنے میں گزاری ہے۔ اور اب وہ ابدی زندگی کیلئے خدا کے حضور ہیں اور یقینا صداقت کا تاج پائیں گی۔بشپ جی نے کہا دْعا ہے خدا تمام سوگواران کو صبر ایوب عطا فرمائے۔
سسٹر نسرین گیاں (او۔پی)دومنیکن جماعت کی سپیرئیر نے سسٹر فلومینہ کی حالات زندگی کو بیان کرتے ہوئے بتایا کہ سسٹر فلومینہ مراد 16مارچ 1960کو بابو مراد ہرمن کے گھر پیدا ہوئیں۔ گھر میں مذہبی ماحول ہونے کے سبب سسٹرفلومینہ شروع سے ہی روحانی تھیں۔ اپنے اسی مشنری جذبے کی تکمیل کے لئے انہوں نے25مارچ 1985کو بطور سسٹر اپنی راہبانہ زندگی کا آغاز کیا۔14نومبر 1991کو روم میں اپنے دائمی وعدوں کے بعد وطن واپس آکریونین آف سینٹ کیتھرین آف سیانا مشنریز سے وابستہ ہو گئیں اْن میں حقیقی مشنری کی روح تھی۔وہ پاکستان کے مختلف شہروں میں بطور معلمہ اور منظم اعلیٰ خدمات سر انجام دیتی رہیں۔ انھوں نے ساری زندگی کسی بڑے عہدے اور اختیار کی تمنا نہیں کی بلکہ جماعت کی طرف سے دی گئی ذمہ داری کومکمل دیانتداری سے پورا کرتی رہیں۔سسٹر نسرین نے بتایا کہ سسٹر فلومینہ مْراد نے انجیلی پرچارکا فریضہ حلیمی،فروتنی اور سادگی کے ساتھ زندگی کے آخری دم تک بخوبی نبھایابلا شبہ وہ خداوند کے اْس وعدے کی سچی تصویر ثابت ہوئیں کہ ”جان دینے تک بھی وفادار رہ تو میں تجھے زندگی کا تاج دونگا“۔سسٹرفلومینہ مْراد (او۔پی) کے جنازے کی رسوما ت عزت مآب بشپ یوسف سوہن نے اداکی۔ سسٹرفلومینہ مْراد (او۔پی)کی آخری رسومات میں کاہن صاحبان،سسٹرز صاحبات،مناد صاحبان اور مومنین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

Daily Program

Livesteam thumbnail